زمبابوے کی کینیڈا کے خلاف 175 رنز کی شاندار فتح

2 1,115

زمبابوے نے اک شاندار فائٹ بیک کے بعد نوآموز کینیڈا کو 175 رنز کی زبردست شکست سے دوچارکر دیا۔ اس فتح میں اہم کردار وکٹ کیپر بیٹسمین ٹٹنڈا ٹائبو کا رہا جو بدقسمتی سے اپنی سنچری مکمل نہ کر سکے اور 98 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔

ٹٹنڈا ٹائبو کا 98 رنز کی شاندار اننگ کے دوران ایک جارحانہ اسٹروک (گیٹی امیجز)

زمبابوے، جس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، اس وقت اس فیصلے پر تذبذب کا شکار ہو گیا جب پہلے اوور ہی پہلی گیند پر برینڈن ٹیلر اور 7 کے مجموعی اسکور پر چارلس کوونٹری جیسے منجھے ہوئے بلے باز پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر وکٹ کیپر بیٹسمین ٹٹنڈا ٹائبو اور طویل عرصے بعد ٹیم میں واپس آنے والے کرس اروائن نے 181 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔ دونوں کھلاڑیوں نے کوٹ کے چاروں طرف کھل کر اسٹروکس کھیلے اور کینیڈین اٹیک کی کمزوری اور ان کے باؤلرز کی ناتجربہ کاری کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ گو کہ 31 اوور میں 188 رنز بننے کے بعد امید تھی کہ زمبابوے 300 سے کافی آگے کا ہدف دے گا لیکن اس بات کا کریڈٹ کینیڈین باؤلرز کو دینا پڑے گا کہ انہوں نے مسلسل دو اوورز میں دونوں سیٹ بلے بازوں کو آؤٹ کرنے کے بعد زمبابوین بلے بازوں کو جم کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ ایک موقع پر جہاں زمبابوے 330 سے 340 کے درمیان ہدف دینے کے لیے بہترین پوزیشن میں دکھائی دیتا تھا، کو محض 298 رنز پر محدود رہنا پڑا۔

ٹائبو 98 رنز کے ساتھ اننگ کے ہیرو رہے جبکہ اروائن نے 85 رنز بنائے۔ اروائن کی اننگ میں دو چھکے اور 6 چوکے بھی شامل تھے۔ زمبابوین ٹیل اینڈرز میں سین ولیمز نے 30، پراسپر اتسیا نے 22 اور گریم کریمر نے 26 رنز بنائے۔

کینیڈا کی جانب سے بالاجی راؤ نے 57 رنز دے کر 4، خرم چوہان اور ہرویر بیدوان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک وکٹ رضوان چیمہ کے ہاتھ لگی۔

جواب میں زمبابوے کے اسپنرز نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور اپنے بلے بازوں کی محنت کو ضایع ہونے سے بچا یا۔ رے پرائس اور گریم کریمر کی تین، تین اورپراسپر اتسیا اور گریگ لیمب کی دو، دو وکٹوں کی بدولت پوری کینیڈین ٹیم محض 123 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ کینیڈا کی جانب سے زوبین سرکاری 26 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ گوناسیکرا نے 24 اور جمی ہنسرا نے 20 رنز بنائے۔ کینیڈا کے چھ بلے بازوں کی اننگ دہرے ہندسے میں بھی داخل نہیں ہوئی۔

ٹٹنڈا ٹائبو کو شاندار اننگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

زمبابوے اب 4 مارچ کو احمد آباد کے سردار پٹیل اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے مقابل ہوگا اور بلاشبہ اس میچ میں حاصل کردہ شاندار فتح نے اس کے حوصلوں کو بلند کیا ہوگا۔ بنگلہ دیش، بھارت اور پاکستان کے خلاف مسلسل تین ایک روزہ میچز کی سیریز میں شکست کھانے کے بعد عالمی کپ میں اپنے پہلے میچ میں آسٹریلیا سے ہارنے والے نیوزی لینڈ کو اب ایک اور امتحان سے گزرنا ہوگا جب اس کا مقابلہ بلند حوصلہ زمبابوے سے ہوگا۔

دوسری جانب مسلسل دو شکستیں کھانے کے بعد کینیڈا کی ٹیم اب 3 مارچ کو کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں پاکستان کا سامنا کرے گا جو کینیا اور ہاٹ فیورٹ سری لنکا کو شکست دینے کے بعد اب کوارٹر فائنل میں پہنچنے کے لیے پر تول رہا ہے۔