نیوزی لینڈ کی کینیڈا کے خلاف آسان فتح، کوارٹر فائنل میں جگہ پکی

0 1,146

نیوزی لینڈ نے کینیڈا کو 97 رنز سے ایک آسان فتح حاصل کر کے کوارٹر فائنل مرحلے میں اپنی نشست پکی کر لی ہے۔ ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کینیڈا نے 359 رنز کے بڑے ہدف کا تعاقب میں اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور پورے 50 اوورز کھیلے اور اشیش باگائی اور جمی ہنسرا کی اچھی بلے بازی کی بدولت اسکور بورڈ پر 261 رنز کا مجموعہ اکٹھا کرے میں کامیاب ہوئے۔ جو عالمی کپ میں ان کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ کینیڈا کا گزشتہ اسکور 249 بھی نیوزی لینڈ کے خلاف تھا جو انہوں نے 2007ء میں ویسٹ انڈیز میں ہونے والے عالمی کپ میں بنایا تھا۔

برینڈن میک کولم شاندار سنچری کے بعد داد وصول کرتے ہوئے (اے ایف پی)

عالمی کپ میں کینیا کے خلاف اپنے گزشتہ میچ میں پہلی فتح حاصل کرنے کے بعد کینیڈا کی ٹیم کم از کم بلے بازی کے شعبے میں آج زیادہ پراعتماد نظر آئی۔ 4 رنز کے مجموعی اسکور پر ابتدائی دو وکٹیں اور 50 رنز تک 3 کھلاڑیوں کے پویلین لوٹ جانے کے بعد وکٹ کیپر کپتان اشیش باگائی اور ان فارم جمی ہنسرا نے اننگ کو سنبھالا دیا اور بہت ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے 25 اوورز تک کینیڈا کی کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور تیسری وکٹ پر 125 رنز کی زبردست شراکت قائم کی۔ یہ شراکت 27 ویں اوور کی آخری گیند پر ناتھن میک کولم نے توڑی جنہوں نے اشیش باگائی کو 84 کے انفرادی اسکور پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ اشیش نے 87 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے 84 رنز بنائے۔

ان کے بعد آنے والے بلے باز بھی اسکور بنانے کے اس سلسلے کو جاری رکھنے میں کامیاب رہے البتہ وکٹیں گرنے میں بہت زیادہ تیزی آ گئی اور جب 50 اوورز مکمل ہوئے تو کینیڈا کا اسکور 261 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ تھا اور جمی ہنسرا 105 گیندوں پر ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 70 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے جیکب اورم نے 47 رنز دے کر 3 جبکہ کائل ملز نے 2 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ملز میچ میں اپنے تیسرے اوور کے دوران گھٹنے کی تکلیف کے باعث میدان سے باہر چلے گئے اور دوبارہ باؤلنگ کےلیے نہیں آئے۔ ان کے علاوہ ٹم ساؤتھی، جیسی رائیڈر اور ناتھن میک کولم کو ایک، ایک وکٹ ملی۔

قبل ازیں کینیڈا نے صبح کے وقت باؤلنگ کے ملنے والے فائدے کے پیش نظر ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا لیکن ان کے باؤلرز نیوزی لینڈ کے کسی بلے باز کو نہ روک سکے اور نیوزی لینڈ نے برینڈن میک کولم کی شاندار سنچری (101 رنز) اور روز ٹیلر کے (74 رنز) کی بدولت اسکور بورڈ پر 358 رنز کا بڑا مجموعہ اکٹھا کیا جو کینیڈا کی پہنچ سے کہیں باہر تھا۔ برینڈن میک کولم نے 109 گیندوں پر 2 بلند و بالا چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 101 رنز بنائے جبکہ روز ٹیلر نے محض 44 گیندوں 5 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے ایک مرتبہ پھر ایک جارحانہ اننگ کھیلی جس میں انہوں نے 74 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ جیسی رائیڈر نے 38، اسکاٹ اسٹائرس نے 35 اور کین ولیم سن نے 34 رنز بنائے۔

کینیڈا کی جانب سے ہرویر بیدوان نے 84 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بالاجی راؤ کے ہاتھ دو وکٹیں لگیں۔ ایک وکٹ جان ڈیویسن نے بھی حاصل کی جو کینیڈا کے سب سے سستے باؤلر ثابت ہوئے جنہوں نے اپنے مقررہ 10 اوورز میں محض 30 رنز دیے۔ نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے سب سے زيادہ رضوان چیمہ کے اوورز کو لوٹا جن کے محض 4.5 اوورز میں انہوں نے 64 رنز لوٹے جبکہ جمی ہنسرا کے 2 اوورز میں 21 رنز حاصل کیے گئے۔

برینڈن میک کولم کو شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

نیوزی لینڈ نے اس شاندار فتح کے بعد گروپ 'اے' میں اپنی پہلی پوزیشن کو مضبوط کر لیا ہے جس کے پوائنٹس کی تعداد 8 ہو گئی ہے اور رن ریٹ بھی آسٹریلیا سے بہتر ہو گیا ہے۔ اب بلیک کیپس کا محض ایک میچ باقی ہے جس میں وہ 18 مارچ کو وانکھیڈے اسٹیڈیم ممبئی ہی میں میزبان سری لنکا کے مدمقابل ہوگا جو اس وقت 5 میچز میں 7 پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں دوسرے نمبر پر ہے۔

کینیڈا اپنا آخری میچ دفاعی چیمپین آسٹریلیا کے خلاف 16 مارچ کو بنگلور میں کھیلے گا۔

میچ کی جھلکیاں
بشکریہ ای ایس پی این اسٹار