عالمی کپ 2011ء: آسٹریلیا کے 15 رکنی دستے کا اعلان

0 1,169

آسٹریلیا نے اگلے ماہ شروع ہونے والے عالمی کپ 2011ء کے لیے اپنے حتمی دستے کاا اعلان کر دیا ہے۔ 15 رکنی دستہ ایک مرتبہ پھر دنیائے کرکٹ کے سب سے اعزاز کے دفاع کی کوشش کرے گا اور ملک کے لیے ریکارڈ پانچویں مرتبہ عالمی کپ حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔ مسلسل تین مرتبہ عالمی کپ کی ٹرافی حاصل کرنے والی ٹیم کے اہم رکن رکی پونٹنگ بطور قائد ایک مرتبہ پھر میدان میں اتریں گے اور آسٹریلیا کو ایک روزہ مقابلوں کی حقیقی نمبر ایک ٹیم ثابت کرنے کی کوشش کریں گے۔

رکی پونٹنگ عالمی کپ 2011ء میں آسٹریلیا کی قیادت کریں گے۔ (فائل فوٹو: © اے ایف پی)

اعلان کردہ ناموں میں تیز گیند باز بریٹ لی اور شان ٹیٹ دونوں شامل ہیں جبکہ زخمی کھلاڑیوں رکی پونٹنگ اور مائیکل ہسی کو بھی اچھی امیدوں کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔ ہسی گزشتہ اتوار کو انگلستان کے خلاف ہونے والے میچ میں ہمسٹرنگ انجری کا شکار ہو گئے تھے جبکہ رکی پونٹنگ اپنی چھنگلی کی جراحی سے صحت یاب ہو رہےہیں۔ دونوں کھلاڑی انجریز کے باعث انگلستان کے خلاف 7 ایک روزہ مقابلوں کی سیریز سے باہر ہو چکے ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں کے پاس انجری سے صحت یاب ہونے کے لیے کافی وقت ہے کیونکہ آسان گروپ میچز کے بعد آسٹریلیا کا اصل امتحان 23 مارچ کو ناک آؤٹ مرحلے کی صورت میں ہوگا۔ آسٹریلیا عالمی کپ میں اپنا پہلا میچ 21 فروری کو احمد آباد میں زمبابوے کے خلاف کھیلے گا۔

آسٹریلین سلیکٹرز کے چيئرمین اینڈریو ہلڈچ نے مائیکل ہسی کی انجری کے حوالے سے چند شبہات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ "ہسی شدید انجری کا شکار ہیں اور ہم ان کا حتمی فیصلہ روانگی کی تاریخ سے قبل کریں گے۔" واضح رہے کہ عالمی کپ سے قبل کسی بھی کھلاڑی کا متبادل لے جانے کی اجازت ہوگی۔

گو کہ ٹیسٹ درجہ بندی میں آسٹریلیا کافی نیچے آ چکا ہے لیکن ایک روزہ مقابلوں کی عالمی درجہ بندی میں وہ بدستور پہلے نمبر پر ہے۔ 2007ء میں ویسٹ انڈیز میں ہونے والے عالمی کپ میں آسٹریلیا نے سری لنکا کو شکست دے کر مسلسل تیسری مرتبہ عالمی کپ کی ٹرافی اٹھائی تھی اور اس فاتح دستے کے 7 کھلاڑی اب بھی عالمی کپ 2011ء کے دستے کا حصہ ہیں۔

بریٹ لی اور شان ٹیٹ انجریز کے باعث طویل عرصہ غائب ہونے کے بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں۔ 34 سالہ بریٹ لی نے اکتوبر 2009ء کے بعد گزشتہ اتوار کو پہلے ایک روزہ مقابلے میں حصہ لیا اور 150 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی رفتار سے گیندیں پھینکی اور دو وکٹیں بھی حاصل کیں۔ دستے میں شامل دیگر تیز گیند بازوں میں مچل جانسن اور ڈوگ بولنجر شامل ہیں جبکہ شین واٹسن کے ساتھ حیران کن طور پر ٹیم میں شامل کیے گئے وکٹوریا کے آل راؤنڈر جان ہیسٹنگز پیس اٹیک کو سہارا دیں گے۔ ہیسٹنگز کے حوالے سے ہلڈچ کا کہنا تھا کہ "ان کی شمولیت سے ہمارے باؤلنگ آپشنز میں ورائٹی آئی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ان کی بالنگ برصغیر کی کنڈیشنز کے لیے موزوں ہے اور بلے اور گیند دونوں کے ساتھ ان کی مہارت ٹیم میں اہم اضافہ ہوگی۔"

ناتھن ہارٹز واحد فل ٹائم اسپنر کی حیثیت سے دستے کا حصہ بنائے گئے ہیں جبکہ اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ ہسی بھی گاہے بگاہے اسپن باؤلنگ کراتے رہتے ہیں اور ان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ ہلڈچ نے کہا کہ "ناتھن اسپن باؤلرز میں ہماری ترجیح ہیں اور بھارت میں ان کا ریکارڈ بھی بہت شاندار ہے۔" گو کہ ہارٹز کو ایشیز کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا لیکن اب سلیکٹرز کوان سے امید ہے کہ وہ "چوتھا عالمی کپ حاصل کرنے کی کوششوں کا اہم حصہ ہوں گے۔"

جارحانہ بلے بازی اور اسپن باؤلنگ کی صلاحیتوں کے باعث ڈیوڈ ہسی کو دستے میں جگہ ملی ہے اور سلیکٹرز کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ ڈیوڈ برصغیر کی کنڈیشنز میں اہم کردار ادا کریں گے۔ تسمانیہ کے وکٹ کیپر بیٹسمین ٹم پین بیک اپ وکٹ کیپر اور بلے باز کی حیثیت سے ٹیم کے ساتھ ہوں گے۔ ایشیز سیریز میں گیند اور بلے دونوں کے ساتھ شاندار کارکردگی دکھانے والے پیٹر سڈل کو عالمی کپ کے دستے میں شامل نہیں کیا گیا۔

اعلان کردہ آسٹریلین ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:
شین واٹسن، بریڈ ہیڈن (وکٹ کیپر)، رکی پونٹنگ (کپتان)، مائیکل کلارک، مائیکل ہسی، ڈیوڈ ہسی، کیمرون وائٹ، ٹم پین (وکٹ کیپر)، اسٹیون اسمتھ، جان ہیسٹنگز، مچل جانسن، ناتھن ہارٹز، بریٹ لی، شان ٹیٹ اور ڈوگ بولنجر۔