سیمی اور گیل کو آرام، براوو کپتانی کریں گے

0 1,029

ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کے خلاف "کم اہمیت" کی حامل سیریز کے لیے اپنے دو مرکزی کھلاڑیوں کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے، ایک کپتان ڈیرن سیمی اور دوسرے شعلہ فشاں بلے باز کرس گیل۔ البتہ ابتدائی طور پر یہ فیصلہ صرف ابتدائی دو ایک روزہ مقابلے کے لیے کیا گیا ہے جو 22 اور 24 فروری کو سینٹ جارجز میں کھیلے جائیں گے۔ ڈیرن سیمی کی عدم موجودگی میں آل راؤنڈر ڈیوین براوو ویسٹ انڈیز کی قیادت کریں گے۔

ڈیوین براوو اولین دونوں مقابلوں میں ویسٹ انڈیز کی قیادت کا فریضہ نبھائیں گے (تصویر: Getty Images)
ڈیوین براوو اولین دونوں مقابلوں میں ویسٹ انڈیز کی قیادت کا فریضہ نبھائیں گے (تصویر: Getty Images)

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے ایک اعلامیہ کے مطابق گیل نے ان مقابلوں کے لیے آرام دینے کا خود مطالبہ کیا تھا، لیکن سیمی کو گزشتہ دو سال سے تمام میچز کھیلنے کے باعث خود بورڈ نے آرام کا موقع دیا ہے۔ ابھی تک کسی نائب کپتان کا اعلان نہیں کیا گیا۔

ٹیم میں شامل کیے گئے کھلاڑیوں میں دنیش رام دین بھی موجود ہیں، جنہوں نے آخری مرتبہ جولائی 2012ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ مقابلہ کھیلا تھا۔ گو کہ وہ بعد ازاں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اور بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بھی شامل رہے۔

ان کے عاووہ فرسٹ کلاس میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے اسپنر ویراسیمی پرمال کو بھی طلب کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں تجربہ کار بلے باز رام نریش سروان ناقص کارکردگی کے باوجود اپنی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔ وہ آسٹریلیا کے خلاف تین ایک روزہ مقابلوں میں دو مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔

مارلون سیموئلز بگ بیش لیگ میں لاستھ مالنگا کا باؤنسر منہ پر لگنے کے باعث اب تک زخمی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

تین مقابلوں پر مشتمل ایک روزہ سیریز کے بعد ویسٹ انڈیز اور زمبابوے دو ٹی ٹوئنٹی اور دو ٹیسٹ میچز بھی کھیلیں گے۔

اولین دو ایک روزہ مقابلوں کے لیے اعلان کردہ ویسٹ انڈین دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

ڈیوین براوو (کپتان)، آندرے رسل، ٹینو بیسٹ، جانسن چارلس، دنیش رام دین، ڈیرن براوو، رام نریش سروان، سنیل نرائن، کیرون پاول، کیرون پولارڈ، کیمار روچ، نارسنگھ دیونرائن اور ویراسیمی پرمال۔