نیوزی لینڈ دوسرا ٹی ٹوئنٹی بھی ہار گیا، ویسٹ انڈیز کا کلین سویپ

0 1,021

اور کرس گیل بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آنے کے بعد پہلی بار بھرپور فارم میں آ گئے ہیں اور دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں ان کی مسلسل دوسری نصف سنچری اور بعد ازاں سنیل نرائن کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز نے سیریز میں کلین سویپ کر لیا۔

چار وکٹیں لینے پر سنیل نرائن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا (تصویر: AFP)
چار وکٹیں لینے پر سنیل نرائن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا (تصویر: AFP)

امریکی ریاست فلوریڈا میں ہونے والے دوسرے و آخری ٹی ٹوئنٹی میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور زخمی کھلاڑیوں سے بھرپور نیوزی لینڈ پر کاری ضرب لگائی۔ گو کہ کرس گیل کی اننگز پہلے ٹی ٹوئنٹی جیسی شاندار نہیں تھی اور وہ اس وقت آؤٹ ہوئے جب ویسٹ انڈیز کو اسکور تیزی سے بڑھانے کی سخت ضرورت تھی لیکن ڈیوین براوو نے 11 گیندوں پر 35 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر نیوزی لینڈ کی امیدوں کو خاک میں ملا دیا اور زخمی ہونے والے کیرون پولارڈ کی غیر حاضری کو محسوس نہ ہونے دیا۔

کرس گیل نے 39 گیندوں پر 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنائے جبکہ براوو کی اننگز میں 4 بلند و بالا چھکے اور صرف ایک چوکا شامل تھا۔ اس طرح 16 ویں اوور میں گیل کےآؤٹ ہونے پر جس ٹیم کا اسکور محض 117 تھا وہ 177 رنز کے شاندار مجموعے پر پہنچی۔ ویسٹ انڈیز نے آخری 4 اوورز میں 53 رنز لوٹے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ناتھن میک کولم نے 2 جبکہ ناکام ترین تیز گیندبازوں ڈوگ بریسویل اور ٹم ساؤتھی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ دونوں نے بالترتیب 3 اور 4 اوورز میں 43، 43 رنز دیے۔ ایک وکٹ راب نکول کو بھی ملی۔

جواب میں نیوزی لینڈ سنیل نرائن کے ہاتھوں اپنے دونوں اوپنرز ابتدائی 5 اوورز ہی میں کھو بیٹھا اور پھر میچ اس کی گرفت میں نہیں رہا۔ نرائن نے اپنے پہلے ہی اوور میں دو مسلسل گیندوں پر انہیں ٹھکانے لگایا اور پھر 'چراغوں میں روشنی نہ رہی'۔ روز ٹیلر کی عدم موجودگی میں قیادت کے فرائض انجام دینے والے کین ولیم سن ویسٹ انڈیز کی پھرتیلی فیلڈنگ کا شکار ہو کر چلتے بنے اور پھر وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی ہی چلی گئیں۔ پوری ٹیم 19 ویں اوور میں 116 پر ڈھیر ہو گئی۔ ڈینیل فلین 22 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بلے باز رہے جبکہ ڈوگ بریسویل نے 20 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے سنیل نرائن نے 4 اوورز میں محض 12 رنز دے کر 4 وکٹیں سمیٹیں جبکہ دو، دو وکٹیں ڈیوین براوو اور مارلون سیموئلز کو بھی ملیں۔ ایک وکٹ سیموئل بدری نے حاصل کی۔

سنیل نرائن کو میچ اور کرس گیل کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اب دونوں ٹیمیں امریکہ سے جمیکا پہنچیں گی جہاں کنگسٹن میں 5 جولائی کو پانچ ایک روزہ مقابلوں کی سیریز کا آغاز ہوگا۔

دونوں ٹی ٹوئنٹی مقابلے جیتنے کے بعد بلاشبہ ویسٹ انڈیز کے حوصلے بہت بلند ہوں گے اور پہلے ہی مقابلے میں تین اہم کھلاڑیوں کے زخمی ہونے کے بعد نیوزی لینڈ، جو خود کو سیریز کے لیے فیورٹ سمجھ رہا تھا، پچھلے قدم پر چلا گیا ہے۔