دوبدو لڑائی، وہاب اور واٹسن پر جرمانے

0 1,076

عالمی کپ کی تاریخ کا سب سے شاندار اسپیل پھینکنے لیکن اپنی حد کو عبور کرنے پر پاکستان کے تیز گیندباز وہاب ریاض کو بھاری جرمانہ لگایا گیا ہے، جبکہ دوسرے کنارے پر کھڑے بلے باز شین واٹسن پر بھی 15 فیصد میچ فیس کا جرمانہ عائد کیا گيا ہے۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے مقرر کردہ میچ ریفری رنجن مدوگالے نے بتایا کہ دونوں کھلاڑی مقابلے کے دوران اپنی حدود سے باہر چلے گئے تھے، میدان میں ان کا رویہ مناسب نہیں تھا جس کی وجہ سے دونوں پر جرمانہ لگایا گياہے۔ وہاب ریاض کو میچ فیس کا 50 جبکہ واٹسن کو 15 فیصد جرمانے کے طور پر ادا کرنا ہوگا۔

یہ سارا قضیہ اس وقت شروع ہوا جب پاکستانی اننگز کے دوران وہاب ریاض بلے بازی کے لیے میدان میں اترے تھے۔ چند گیندیں کھیلنے میں ناکامی کے بعد سلپ میں کھڑے شین واٹسن نے ان پر جملہ کسا کہ "ہاتھ میں بلّا پکڑا ہوا ہے؟ اسی سے کھیلتے ہیں"۔ اس وقت تو وہاب ریاض نے برداشت کرلیا لیکن جب آسٹریلیا کی باری کے دوران شین واٹسن آئے تو وہاب ریاض نے 150 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے پھینکی گئی باؤنسر گیندوں اور کرارے جملوں سے ان کا استقبال کیا۔ وہ بارہا ان کے قریب جاکر تالیاں بجاتے اور جملے کستے رہے۔ اس دوران دونوں میں تلخ کلامی بھی ہوئی جس پر امپائر کمار دھرماسینا نے صورتحال کو قابو میں کیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ مقابلے کے اختتام پر وہاب ریاض شین واٹسن سے گلے ملے اور انہیں میچ جیتنےپر مبارکباد بھی دی۔ میچ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وہاب ریاض نے کہا کہ یہ کھیل کا حصہ ہے، اور اس کا مقصد محض تفریح تھا۔ وہ واٹسن کے متعلق کسی قسم کے غلط جذبات نہیں رکھتے، بلکہ ان کے جیتنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

عالمی کپ 2015ء کے تیسرے کوارٹر فائنل میں واٹسن کی 64 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت آسٹریلیا نے پاکستان کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دی اور عالمی کپ کی دوڑ سے باہر کیا۔ لیکن وہاب ریاض کا پھینکا گیا اسپیل مدتوں یاد رہے گا جس میں برق رفتار گیندوں نے واٹسن کو چھٹی کا دودھ یاد دلا دیا تھا۔ اگر راحت علی ان کا آسان کیچ نہ چھوڑتے تو واٹسن محض 4 رنز پر کھیل رہے تھے۔