[ویڈیوز] فلپ ہیوز کی یاد میں دل گرفتہ مائیکل کلارک

3 1,064

آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف برسبین میں طے شدہ پہلا ٹیسٹ موخر کردیا ہے، جس کی اہم وجہ شاید مائیکل کلارک کا پوری ٹیم کی جانب سے پیش کیا گیا وہ دل گرفتہ بیان ہے جو 'ہیوزی' کی یاد میں جاری کیا گیا ہے۔

مائیکل کلارک کی آواز کئی مرتبہ رندھ گئی اور انہوں نے بمشکل اپنے آنسوؤں پر ضبط کیا (تصویر: Getty Images)
مائیکل کلارک کی آواز کئی مرتبہ رندھ گئی اور انہوں نے بمشکل اپنے آنسوؤں پر ضبط کیا (تصویر: Getty Images)

ایک پریس کانفرنس کلارک نے ضبط کی انتہا کرتے ہوئے فلپ ہیوز کو خراج تحسین پیش کیا۔ تین منٹ کی وڈیو میں ان کی آواز کئی مرتبہ رندھ گئی اور وہ بمشکل اپنے آنسوؤں پر ضبط کرتے پائے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ کرکٹ آسٹریلیا نے فلپ ہیوز کی شرٹ کے نمبر 64 کو محفوظ کردیا ہے اور اب ایک روزہ کرکٹ میں کوئی کھلاڑی اس نمبر کی قمیض نہیں پہنے گا۔

فلپ ہیوز گزشتہ دنوں ایک ڈومیسٹک مقابلے کے دوران باؤلر شین ایبٹ کا ایک باؤنسر لگنے کے بعد بے ہوش ہوگئے تھے اور دو دن زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعدچل بسے۔اب ہیوز کی رسومات 3 دسمبر بروز بدھ سڈنی اور برسبین کے درمیان واقع ان کے آبائی گاؤں میکس وِل میں ادا کی جائیں گی جس کرکٹ آسٹریلیا کے عہدیداران، کھلاڑی، اہم قومی و بین الاقوامی شخصیات شرکت کریں گی۔

ان رسومات کے اگلے ہی دن آسٹریلیا کا بھارت کے خلاف ٹیسٹ مقابلہ طے ہے لیکن شاید کلارک کے بیان کے بعد کرکٹ آسٹریلیا پر واضح ہوگیا ہے کہ اس حالت میں کھلاڑی ٹیسٹ کے لیے تیار نہیں اس لیے برسبین ٹیسٹ کو ملتوی کردیا گیا ہے، جس کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

ٹیم کی جانب سے دیے گئے پیغام میں کلارک نے کہا کہ "وہ ان الفاظ کو احساسات میں بیان نہیں کرسکتے، جو اس وقت ان کے اور ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے ہیں۔ ہم فلپ ہیوز کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور ان کی مسکراہٹ اور آنکھوں کی چمک کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ ہم ان کے اہل خانہ سے عہد کرتے ہیں کہ ان کی یاد اور اعزاز میں ہم سے جو ہو سکا، کریں گے۔ کلارک نے آسٹریلیا اور دنیا بھر سے موصول ہونے والے تعزیتی پیغامات کا شکریہ ادا کیا۔

آخر میں کافی توقف کے بعد، حوصلہ پیدا کرتے ہوئے کلارک نے کہا کہ ڈریسنگ روم اب بھی پہلے جیسا نہیں رہے گا۔ ہمیں ہیوز سے محبت تھی اور ہمیشہ رہے گی۔