معروف تجزیہ کار ٹونی گریگ پھیپھڑوں کے سرطان میں مبتلا

0 1,042

معروف تجزیہ کار اور انگلش ٹیم سے سابق کپتان ٹونی گریگ پھیپھڑوں کے سرطان (کینسر) کا شکار ہوگئے ہیں۔ وہ آئندہ ہفتے ہسپتال میں اپنے پھیپڑوں کا تفصیلی معائنہ کروائیں گے جس سے معالجین کو مرض کی شدت اور اس سے نمٹنے کے متعلق حکمت عملی بنانے میں مدد ملے گی۔

ٹونی گریگ رواں سال سرطان میں مبتلاء ہونے والے تیسرے کرکٹر ہیں(تصویر: Getty Images)
ٹونی گریگ رواں سال سرطان میں مبتلا ہونے والے تیسرے کرکٹر ہیں۔(تصویر: Getty Images)

66 سالہ ٹونی گریگ رواں سال سرطان میں مبتلا ہونے والے تیسرے کرکٹر ہیں۔ ان سے قبل بھارتی بلے باز یووراج سنگھ اور نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی مارٹن کروو میں بھی اسی سال سرطان کی تشخیص ہوچکی ہے۔

جنوبی افریقی نژاد ٹونی گریگ کرکٹ کے حلقوں میں اپنے منفرد اور دلچسپ تبصروں کے باعث پہچانے جاتے ہیں۔ انہوں نے اپنی بیماری کے متعلق بتاتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اس بیماری سے چھٹکارا حاصل کر کے رہیں گے۔ ٹونی گریگ نے کہا کہ وہ اور ان کی اہلیہ ویویان اس بیماری سے لڑنے کے لیے تیار ہیں۔

اگست و ستمبر میں آسٹرلیا اور پاکستان کے مابین ایک روزہ سیریز کے دوران ٹونی گریگ پھیپڑوں میں تکلیف کا شکار ہوئے جسے پہلے قصباتس سمجھا گیا۔ آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد ٹونی کے مزید ٹیسٹس ہوئے جس سے ظاہر ہوا کہ ان کے دائیں پھیپھڑے میں چھوٹے زخم موجود ہیں جس سے سیال مادہ بہہ رہا ہے۔ مزید تشخیص کے بعد اس بات کی تصدیق ہوگئی کہ ٹونی گریگ سرطان کے خطرناک مرض کا شکار ہیں۔

طویل القامت ٹونی گریگ نے 1972ء میں انگستان کی جانب سے اپنے کرکٹ کیرئیر کا آغاز کیا۔ مختصر کیرئیر میں انہوں نے قابل ذکر آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 70 کی دہائی کے وسط میں انگلش کرکٹ ٹیم کی قیادت بھی کی۔ انہوں نے 58 ٹیسٹ مقابلوں میں 8 سینچریز اور 20 نصف سنچریز کی مدد سے ساڑھے تین ہزار سے زائد رنز اسکور کیئے اور گیند بازی کرتے ہوئے 141 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ 1977ء میں کرکٹ کیرئیر کے اختتام کے بعد سے وہ بطور مبصر کرکٹ کے حلقوں میں جانے جاتے ہیں۔