ڈیل اسٹین کا آخری عالمی کپ

0 1,015

جنوبی افریقہ کے بہترین گیندباز ڈیل اسٹین نے کہا ہے کہ وہ ممکنہ طور پر اپنا آخری عالمی کپ کھیل رہے ہیں۔ اگلی بار جب عالمی کپ 2019ء میں کھیلا جائے گا تو ان کی عمر 36 سال ہوگی اور ایک تیز گیندباز ہونے کی وجہ سے وہ خود کو انگلستان میں ہونے والے اگلے ٹورنامنٹ میں نہیں دیکھتے۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف مقابلے کے موقع پر ڈیل اسٹین کا کہنا تھا کہ "مجھے سڈنی میں کھیلنا ہمیشہ پسند رہا ہے، یہ بہترین میدان ہے اور مجھے خوشی ہے کہ میں اپنے کیریئر کے آخری عالمی کپ میں اس میدان پر کھیل رہا ہوں۔"

ون ڈے کے نمبر ایک تیز گیندباز نے کہا کہ "اس وقت میری عمر 32 سال ہے اور اگلے عالمی کپ 36 سال کا ہوجاؤں گا۔ ایک تیز گیندباز کا کیریئر اتنا لمبا نہیں ہونا چاہیے اس لیے یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ یہ میرا آخری عالمی کپ ہے۔"

ڈیل اسٹین نے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کو عالمی کپ کا بہترین میزبان قرار دیا۔ سڈنی کے میدان سے وابستہ عالمی کپ کی یادوں کے بارے میں ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ""عالمی کپ 1992ء میں جب جنوبی افریقہ یہاں کھیلا تھا، اُس وقت کی زیادہ یادیں میرے ذہن میں نہیں ہیں، کیونکہ میرا کیریئر اُس کے دو سال بعد شروع ہوا تھا۔ البتہ، اتنا ضرور یاد ہے کہ اسی میدان پر جونٹی رہوڈز نے پاکستان کے خلاف انضمام الحق کو رن آؤٹ کیا تھا اور وہ رن آؤٹ آج بھی فیلڈنگ کی بہترین مثال ہے۔"

تو اپنے آخری عالمی کپ میں ڈیل اسٹین پر ایک یادگار کارکردگی ادھار ہے، دیکھتے ہیں وہ اگلے مقابلوں میں کیا کارنامے دکھاتے ہیں؟