بنگلہ دیشی تماشائیوں کا ویسٹ انڈین ٹیم کی بس پر پتھراؤ

0 1,036

بنگلہ دیش کی ویسٹ انڈیز کے خلاف بدترین شکست کے بعد میزبان ملک کے لیے ایک اور شرمناک مقام، کہ بنگلہ دیشی تماشائیوں نے میچ کی فاتح ویسٹ انڈین ٹیم کی بس پر پتھراؤ کر ڈالا۔ جس کے نتیجے میں بس کے شیشے ٹوٹ گئے اور کھلاڑیوں نے نیچے لیٹ کر اپنی جان بچائی۔

خوش قسمتی سے کوئی کھلاڑی زخمی نہیں ہوا اور ٹیم کے تمام اراکین بخیر و عافیت ہوٹل تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔

کرس گیل کا ٹویٹ، جس میں بس پر پتھراؤ کی اطلاع دی گئی

پتھراؤ کی یہ خبر ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل کے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے دنیا بھر میں پھیلی۔ جنہوں نے  ٹویٹ کے ذریعے دنیا بھر کو اس خبر سے آگاہ کیا۔

ویسٹ انڈیز کے ٹیم مینیجر فلپ اسپونر نے تصدیق کی ہے کہ ٹیم بس کی دو کھڑکیوں کے شیشے چٹخ گئے تاہم مکمل طور پر کوئی شیشہ نہیں ٹوٹا اور نہ ہی کوئی پتھر بس کے اندر آیا۔

گو کہ ٹیم مینیجر نے کہا کہ اس میں پریشانی والی کوئی بات نہ تھی لیکن کرس گیل غصے میں دکھائی دیے انہوں نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ یہ مضحکہ خیز ہے، عالمی کپ میں اتنی زیادہ سیکورٹی اور اس طرح کے واقعے کا پیش آنا، یہ بہت بڑا مذاق ہے۔

دوسری جانب بنگلہ دیشی پولیس کا کہنا ہے کہ شائقین نے غلطی سے اسے بنگلہ دیشی ٹیم کی بس سمجھ لیا تھا۔ ڈھاکہ کے ڈپٹی کمشنر پولیس امتیاز احمد کے مطابق بس کے شیشے ٹوٹ گئے تھے۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر مصطفی کمال واقعے پر معذرت کی ہے۔ انہوں نے اصرار کیا کہ کھلاڑیوں کی حفاظت کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے تھے اور یہ پتھر مرکزی سڑک سے ہٹ کر کھڑے چند شرپسندوں نے مارے تھے جن کی تلاش جاری ہے۔

یہ واقعہ ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے درمیان مقابلے کے بعد پیش آیا، جہاں ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیشی بیٹنگ کا جنازہ نکالتے ہوئے اسے محض 58 رنز پر آل آؤٹ کر دیا اور میچ 9 وکٹوں سے جیت لیا۔

ویسٹ انڈیز ہفتہ کی صبح بنگلہ دیش سے بھارت روانہ ہو جائے گی جہاں اس کا مقابلہ 11 مارچ کو احمد آباد میں آئرلینڈ سے ہوگا۔