سری لنکا واحد ٹی ٹوئنٹی میں بھی شکست کھا گیا، سیریز کا افسوسناک اختتام

0 1,106

پاکستان کے خلاف شاندار فتوحات سمیٹنے کے بعد سری لنکا کو اگلی سیریز میں مایوس کن شکستوں کا سامنا کرنا پڑا حتیٰ کہ وہ بھارت کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں بھی شکست سے دوچار ہوا۔ پالی کیلے میں کھیلے گئے واحد ٹی ٹوئنٹی میں بھارت نے ویراٹ کوہلی کی عمدہ بلے بازی اور بعد ازاں عرفان پٹھان کی شاندار باؤلنگ کی بدولت سری لنکا کو 39 رنز سے شکست دے دی اور ٹی ٹوئنٹی کی عالمی درجہ بندی میں تین درجے پھلانگ کر چوتھی پوزیشن بھی حاصل کر لی۔

پہلے اوور میں دلشان کا صفر پر بولڈ ہونا سری لنکا کے تعاقب کو کاری ضرب لگا گیا (تصویر: AFP)
پہلے اوور میں دلشان کا صفر پر بولڈ ہونا سری لنکا کے تعاقب کو کاری ضرب لگا گیا (تصویر: AFP)

ٹاس جیت کر سری لنکا نے پہلے باؤلنگ کا تو فیصلہ کیا لیکن ویراٹ کوہلی کے سامنے ان کی ایک نہ چلی جنہوں نے محض 48 گیندوں پر ایک چھکے اور 11 چوکوں سے 68 رنز بنائے اور ایک مضبوط ہدف کی بنیاد رکھی۔ گو کہ بھارت نے گوتم گمبھیر کا نقصان ابتدا ہی میں سہا لیکن اجنکیا راہانے اور کوہلی کے درمیان دوسری وکٹ پر 74 رنز کی رفاقت نے سری لنکا کی میچ میں آنے کی راہیں بند کیں۔ گوتم گمبھیر محض 6 رنز بنا کر اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے شامنڈ ایرنگا کا نشانہ بنے۔ اس طرح ایرنگا کو یہ انوکھااعزاز ملا ہے کہ انہوں نے اپنے پہلے ٹیسٹ، ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی تینوں میں پہلے ہی اوور میں وکٹ حاصل کی۔

17 ویں اوور میں کوہلی کے لوٹنے کے بعد سریش رینا اور مہندر سنگھ دھونی نے حتمی لمحات میں مزید 26 رنز کا اضافہ کیا اور اسکور بورڈ پر محض 3 وکٹوں پر 155 رنز کا مستحکم مجموعہ سجایا۔

سری لنکا کی جانب سے شامنڈا ایرنگا نے 2 اور جیون مینڈس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

سری لنکا کی ایک مضبوط بیٹنگ لائن اپ کے لیے 156 رنز کا ہدف کچھ مشکل نہ تھا اس لیے بھارت کو کچھ محنت کی ضرورت تھی اور اس کی طرف سے یہ کام عرفان پٹھان نے انجام دیا۔ انہوں نے اپنے تینوں ابتدائی اوورز میں سری لنکا کے اہم ترین بلے بازوں کو ٹھکانے لگایا۔ پہلے اوور میں انہوں نے تلکارتنے دلشان کو صفر پر بولڈ کیا۔ اگلے اوور میں اوپل تھارنگا کو باہر جاتی ہوئی گیند کو چھونے کی پاداش میں پہلی سلپ میں آؤٹ کروایا اور اپنے تیسرے اور اننگز کے پانچویں اوور میں 19 گیندوں پر 26 رنز بنانے والے مہیلا جے وردھنے کو وکٹوں کے سامنے جا لیا اور فیصلہ کن ضرب لگا دی۔ 35 رنز پر کپتان سمیت تینوں وکٹیں گنوا بیٹھنے کے بعد سری لنکا کے لیے میچ میں آنا مشکل ہو گیا۔

اینجلو میتھیوز نے 31 رنز کے ساتھ کسی حد تک مزاحمت کی لیکن 13 ویں اوور میں ان کی روانگی کے ساتھ قصہ تمام ہو چکا۔ بالآخر پوری ٹیم 18 ویں اوور میں 116 پر ڈھیر ہو گئی۔

عرفان پٹھان کی تین شاندار وکٹیں اپنی جگہ لیکن سب سے زیادہ وکٹیں اشوک ڈنڈا کو ملیں جنہوں نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ایک، ایک وکٹ امیش یادیو اور روی چندر آشون نے بھی حاصل کی۔

عرفان پٹھان کو میچ جبکہ کوہلی کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔