سری لنکا کا زبردست کم بیک؛ کینگروز کو 78 رنز سے شکست

1 1,065

آسٹریلیا کے خلاف مسلسل دو مقابلوں میں شکست کھانے والی سری لنکن ٹیم سیریز میں آسانی سے ہار ماننے کے لیے تیار نظر نہیں آتی جس کا اظہار میزبان ٹیم نے آج کھیلے گئے تیسرے مقابلہ میں کینگروز کو 78 رنز کے واضح فرق سے شکست دے کر کیا. مہند راجا پکسے اسٹیڈیم، ہمبنٹوٹا میں آئی لینڈرز کی شاندار فتح میں کلیدی کردار مستند اوپنر اوپل تھارنگا کی تہرے ہندسے کی اننگ اور تیز گیند باز لاستھ مالنگا کی پانچ وکٹوں نے ادا کیا.

لاستھ مالنگا نے آسٹریلوی بلے بازوں کو آؤٹ کلاس کردیا (تصویر: اے ایف پی)

بلے بازی کے مضبوط تکون اوپل تھارنگا، تلکارتنے دلشان اور کمار سنگاکارا کی ذمہ دارانہ بلے بازی کے ذریعے میزبان ٹیم کی جانب سے دیئے جانے والے 287 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے کے لیے نکلنے والے کینگروز ابتداء ہی سے ناکام و نامراد پویلین واپس لوٹتے رہے. محض 18 رنز تک پہنچتے پہنچتے اپنے دونوں مستند اوپنرز گنوا بیٹھنے کے بعد سابق کپتان رکی پونٹنگ اور موجودہ قائد مائیکل کلارک نے آسٹریلوی اننگ کو سہارا دینے کی کوشش کی. ایک روزہ مقابلوں میں ڈیبیو کرنے والے شامندا ایرانگا نے تجربکار رکی پونٹنگ کو اپنے پہلے ہی اوور میں ٹھکانے لگا کر کینگروز کے کیمپ میں کھل بلی مچا دی. رکی پونٹنگ وسیع تجربہ ہونے کے باوجود 25 سالہ شامندار ایرانگا کی ایک سست رفتار گیند کو سمجھنے میں ناکام ہوئے اور ایرانگا کو ہی کیچ تھما بیٹھے.

پونٹنگ کی رخصتی کے بعد تمام تر ذمہ داری کلارک اور مائیکل ہسی پر آگئی. دونوں کھلاڑیوں نے اس ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے کریز پر ٹہر کر بلے بازی کی. اس شراکت داری کے خاتمے کے لیے لاستھ ملنگا کو گیند تھمائی گئی جنہوں نے اسپیل کے پہلے ہی اوور میں کلارک کو رخصت کر دیا. بعد ازاں مائیکل ہسی تن تنہا سری لنکن گیند بازوں کا مقابلہ کرتے رہے تاہم ان کے بھائی ڈیوڈ ہسی سمیت کوئی کھلاڑی زیادہ دیر ساتھ نہ دے سکا. 183 کے مجموعی اسکور پر مالنگا نے ہسی کو رخصت کر کے آسٹریلیا کی اس آخری امید پر بھی پانی پھیر دیا. مالنگا نے شانداری کارکردگی جاری رکھتے ہوئے اپنی 5 ویں وکٹ ایک تیز رفتار یار کر کے ذریعے آسٹریلوی کیمپ کو زمیں بوس کرتے ہوئے حاصل کی.

اوپل تھارنگا سنچری اسکور کرنے کے بعد شائقین کی داد کا جواب دیتے ہوئے (تصویر: اے پی)

میچ سے قبل آسٹریلیا کی جانب سری لنکا کو پہلے بلے بازی کی دعوت دیئے جانے کے بعد اوپنر اوپل تھارنگا نے اپنے قائد تلکارتنے دلشان کے ہمراہ پہلی وکٹ کی شراکت میں 139 رنز بنا کر ایک مضبوط اور مستحکم بنیاد فراہم کی. اس دوران دونوں کھلاڑی کئی مواقع پر آؤٹ ہوتے ہوتے بچے جس سے معلوم ہوتا تھا کہ آسٹریلوی ٹیم کچھ زیادہ خود اعتمادی کا شکار ہے. دلشان اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد ڈوگ بولنجر کی گیند پر پویلین لوٹ گئے تاہم تھارنگا کا بلا مسلسل رنز اگلتا رہا.

ون ڈاؤن پوزیشن پر آنے والے کمار سنگارا نے بھی تھارنگا کا بھرپور ساتھ دیا اور ان کی فارم دیکھتے ہوئے بلے بازی کا زیادہ موقع فراہم کیا. اس دوران تھارنگا نے اپنے کیرئیر کی 12 ویں سنچری اسکور کرتے ہوئے میچ کو بڑی حد تک سری لنکا کے پلڑے میں رکھ دیا. 39 ویں اوور میں بولنجر نے سری لنکا کو ایک بار پھر نقصان پہنچایا اور اس بار ان کا شکار سنگاکارا بنے جو صرف 1 رنز کے فرق سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے. 40 ویں اوور میں بولنجر نے بریڈ ہیڈن کی مدد سے تھارنگا کو بھی جا لیا. بعد میں آنے والے کھلاڑیوں میں مہیلا جے وردھنے کے علاوہ تمام بلے باز جلد بازی اور آؤٹ فارم ہونے کے باعث آسٹریلوی گیند بازوں کا مقابلہ نہ کرسکے یوں سری لنکن ٹیم مقررہ اوورز میں 286 کا قابل ذکر مجموعہ اکھٹا کرسکی. آسٹریلیا کی جانب سے ڈوگ بولنجر نے زبردست گیند بازی کرتے ہوئے 4 آئی لینڈرز کو ٹھکانے لگایا.

تین ماہ کی پابندی کے بعد سری لنکن ٹیم میں شامل ہونے والے اوپل تھارنگا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا. تھارنگا نے اس میچ میں کیرئیر کی 12 ویں سنچری اسکور کی جو ان کی رواں سال 2011ء میں 5 ویں سنچری ہے. اس کے ساتھ ہی تھارنگا سال 2011ء میں اب تک سب سے زیادہ سنچری اسکور کرنے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں.

مذکورہ میچ سے قبل آسٹریلیا کے خلاف دو مسلسل شکستوں کے باعث سری لنکا ایک روزہ مقابلوں کی عالمی درجہ بندی میں نمبر ایک بننے کا موقع گنواں چکا ہے. اب 20 اگست کو چوتھے اور 22 اگست کو پانچویں ایک روزہ مقابلے میں اچھی کارکردگی ہی سری لنکا کو سیریز میں فتح سے ہمکنار کرسکتی ہے جبکہ طویل عرصے تک دنیائے کرکٹ پر راج کرنے والی آسٹریلوی ٹیم کو سیریز اپنے نام کرنے کے لیے صرف ایک فتح درکار ہے.

سری لنکا بمقابلہ آسٹریلیا
دوسرا ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ
بتاریخ: 16 اگست 2011ء بمقام: مہند راجا پکسے انٹرنیشنل اسٹیڈیم، ہمبنٹوٹا
نتیجہ: سری لنکا 78 رنز سے فتحیاب
بہترین کھلاڑی: اوپل تھارنگا (سری لنکا)

سری لنکاسری لنکا رنز گیندیں چوکے چھکے
اوپل تھارنگا ک بریڈ ہیڈن ب ڈوگ بولنجر 111 139 12 0
تلکارتنے دلشان ک مائیکل ہسی ب ڈوگ بولنجر 55 59 4 0
کمار سنگاکارا ایل بی ڈبلیو ڈوگ بولنجر 49 37 3 2
دنیش چندیمال ک مائیکل کلارک ب ڈوگ بولنجر 4 2 1 0
مہیلا جے وردھنے ک مائیکل ہسی ب شین واٹسن 36 33 3 1
چمارا سلوا ک اسٹیون اسمتھ ب بریٹ لی 9 17 1 0
جیوان مینڈس ایل بی ڈبلیو مچل جانسن 1 3 0 0
نووان کولاسیکرا ک مائیکل ہسی ب مچل جانسن 4 6 0 0
شامندا ایرانگا ب شین واٹسن 2 3 0 0
لاستھ مالنگا آؤٹ نہیں ہوئے 1 1 0 0
فاضل رنز (4 لیگ بائے؛ 10 وائڈ) 14
مجموعہ (50 اوورز میں 9 کھلاڑی آؤٹ) 286

 

آسٹریلیا (باؤلنگ) اوورز میڈن رنز وکٹ
بریٹ لی 10 0 47 1
ڈوگ بولنجر 10 0 42 4
مچل جانسن 9 0 45 2
شین واٹسن 9 0 58 2
ژاویئر ڈوہرٹی 5 0 41 0
ڈیوڈ ہسی 5 0 34 0
اسٹیون اسمتھ 2 0 15 0

 

آسٹریلیاآسٹریلیا رنز گیندیں چوکے چھکے
شین واٹسن ک مہیلا جے وردھنے ب لاستھ ملنگا 5 8 1 0
بریڈ ہیڈن ب شامندا ایرانگا 5 20 1 0
رکی پونٹنگ ک اور ب شامندا ایرانگا 22 27 4 0
مائیکل کلارک ک مہیلا جے وردھنے ب لاستھ ملنگا 46 67 3 0
مائیکل ہسی ک متبادل (سورج رندیو) ب لاستھ ملنگا 63 76 5 0
ڈیوڈ ہسی ب اجنتھا مینڈس 8 16 1 0
اسٹیون اسمتھ رن آؤٹ (نووان کولاسکرا) 18 28 0 0
مچل جانسن ک دنیش چندیمال ب نوان کولاسکرا 1 2 0 0
بریٹ لی آؤٹ نہیں ہوئے 14 8 1 1
ژاویئر ڈوہرٹی ب لاستھ ملنگا 2 6 0 0
ڈوگ بولنجر ب لاستھ ملنگا 4 9 0 0
فاضل رنز (4 بائے؛ 6 لیگ بائے؛ 9 وائڈ؛ 1 نوبال) 20
مجموعہ (44.2 اوورز میں تمام کھلاڑی آؤٹ) 208

 

سری لنکا (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹ
لاستھ مالنگا 8.2 2 28 5
نووان کولاسکرا 10 1 50 1
شامندا ایرنگا 7 0 38 2
تلکارتنے دلشان 10 0 39 0
جیوان مینڈس 1 0 5 0
اجنتھا مینڈس 8 0 38 1