شین وارن اور مارلون سیموئلز بگ بیش لیگ میں الجھ پڑے

6 1,057

دنیائے کرکٹ میں بدزبانی اور حریف ٹیم کے کھلاڑیوں سے الجھنا اور ہتک آمیز لہجہ و زبان اختیار کرنا آسٹریلوی کھلاڑیوں کی سرشت میں شامل ہے اور اس "میدان" میں کوئی کوئی انہیں مات نہیں دے سکتا۔ اس کی تازہ مثال بگ بیش لیگ میں سابق آسٹریلوی اسپنر شین وارن اور مارلون سیموئلز کے درمیان جھگڑے کی صورت میں نظر آئی۔ ٹی ٹوئنٹی لیگ میں ملبورن رینی گیڈز اور ملبورن اسٹارز کے درمیان ہونے والے میچ میں شین وارن نے نہ صرف مارلون سیموئلز کے خلاف ہتک آمیز زبان استعمال کی بلکہ ان کے قریب جا کر شرٹ کو پکڑ کر کھیچا۔

بعد ازاں اگلے اوور کی پہلی گیند پر فیلڈنگ کرتے ہوئے شین وارن نے گیند وکٹ کیپر کو واپس کرنے کے بجائے مارلون سیموئلز کو دے ماری جس سے سیموئلز بھی غصہ میں آگئے اور انہوں نے اپنا بلاّ شین وارن کی جانب پھینکا یوں دونوں میں ایک بار پھر سخت تلخ کلامی شروع ہوگئی۔

اس افسوس ناک واقعے کا پس منظر گزشتہ اننگز میں مارلون سیموئلز کی جانب سے گیند بازی کے دوران ڈیوڈ ہسی کو دوسرا رنز لینے سے جان بوجھ کر روکنے کی کوشش تھی، جس میں سیموئلز نے ڈیوڈ ہسی کی شرٹ کو تھاما تھا۔

ملبورن اسٹارز کے کپتان شین وارن کو اس حرکت کے باعث ایک میچ کی پابندی اور 45 ہزار ڈالرز کے خطیر جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔ واقعے کے دوسرے فریق مارلون سیموئلز کے خلاف سزا کا اعلان ابھی باقی ہے۔ کیونکہ وہ لاستھ مالنگا کی ایک گیند آنکھ پر لگنے کے بعد زخمی ہونے کی وجہ سے سماعت میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔