سینانائیکے کا باؤلنگ ایکشن شکوک و شبہات کی زد میں

سری لنکا کے آف اسپن باؤلر سچیتھرا سینانائیکے کے باؤلنگ ایکشن پر شکوک پیدا ہونے لگے اور امپائروں نے ان کے ایکشن کو کو مشتبہ و غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اس کی رپورٹ حکام بالا تک پہنچا دی ہے۔

ہفتے کے دن لارڈز میں انگلینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈے مقابلے کے بعد امپائروں مرے ایرسمس اور این گولڈ نے سینانائیکے کے ایکشن کے حوالے سے رپورٹ پیش کی ہے، جس میں ان کی چند گیندوں کو شک کی نگاہ سے دیکھا گیا ہے۔ میچ ریفری جیف کرو نے اس رپورٹ کی ایک نقل سری لنکا کے ٹیم مینیجر کے حوالے کی ہے اور اب اس معاملے پر قانون کے مطابق کارروائی آگے بڑھے گی۔
بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے ایک اعلامیہ کے مطابق سینانائیکے کو اگلے 21 دنوں کے اندر اندر اپنے باؤلنگ ایکشن کی جانچ کروانا ہوگی اور یہ فریضہ آئی سی سی انجام دے گی۔ اس جانچ کے نتائج ہی کی بنیاد پر فیصلہ ہوگا کہ وہ آئندہ باؤلنگ کروا پائیں گے یا نہیں۔ اس پورے عرصے کے دوران انہیں بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے اور اس میں باؤلنگ کروانے کی مکمل اجازت ہوگی، یہاں تک کہ جانچ کے نتائج نہ سامنے آ جائیں۔
سینانائیکے دو-دو سے برابر سیریز میں بہت عمدہ کھیل کا مظاہرہ کررہے ہیں اور اب تک چار مقابلوں میں 8 حریف بیٹسمینوں کو آؤٹ کر چکے ہیں۔