آئرلینڈ سمیت چار ممالک پاکستان میں کھیلنے کو تیار

0 1,120

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سربراہ شہریار خان نے اسکاٹ لینڈ، آئرلینڈ، ہانگ کانگ اور عمان کے دورۂ پاکستان کی نوید سناتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والے چند ہفتوں میں اِن ممالک کے کرکٹ بورڈز کے ساتھ معاملات کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم کے پاکستان میں ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز بخیر و خوبی کھیلنے کے بعد اسکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ کی کرکٹ ٹیمیں بھی پاکستان میں کرکٹ کھیلنے پر راضی ہوگئی ہیں جبکہ ہانگ کانگ اور عمان کے کرکٹ بورڈز نے بھی اپنی دلچسپی ظاہر کی ہے۔

ان چاروں ممالک نے حال ہی میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016ء کے لیے کوالیفائی کیا ہے اور اب زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی کرکٹ کھیل کر مارچ میں اہم ٹورنامنٹ کی بھرپور تیاری کرنا چاہتی ہیں۔ شہریار خان کہتے ہیں کہ ان ٹیموں کی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے قبل پاکستان آمد متوقع ہے اور وہ یہاں کھیل کر اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دینا چاہتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور ہم امید کر رہے ہیں کہ اس میں وقت کے ساتھ مزید بہتری آئے گی۔

شہریار خان نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی مقرر کردہ کمیٹی کے سربراہ نے آئندہ سال ورلڈ الیون کے دورۂ پاکستان کی یقین دہانی کروائی ہے۔ دور حاضر کے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل انٹرنیشنل الیون کراچی اور لاہور سمیت ملک کے تین مختلف شہروں میں کھیلے گی۔

روایتی حریف بھارت کے خلاف کرکٹ کی بحالی اور آئندہ مجوزہ سیریز کے حوالے سے شہریار خان نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی نے طے شدہ تاریخوں میں پاکستان کے دورہ کرنے کی حامی بھری ہے تاہم اس کے لیے انہیں اپنی حکومت سے اجازت درکار ہے۔ کوشش ہے کہ آئندہ چند ماہ میں بھارت کے خلاف سیریز کی تصدیق ہوجائے۔