سعید اجمل ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے باؤلر

1 1,009

پاکستان کے سعید اجمل ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے گیند باز بن گئے۔

سعید اجمل نے آخری مقابلے میں 2 وکٹیں حاصل کر کے عمر گل کو پیچھے چھوڑا (تصویر: AP)
سعید اجمل نے آخری مقابلے میں 2 وکٹیں حاصل کر کے عمر گل کو پیچھے چھوڑا (تصویر: AP)

آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے آخری ٹی ٹوئنٹی میں گو کہ پاکستان کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا، لیکن سعید اجمل سیریز کے ابتدائی مقابلے سے لے کر آخر تک حریف بلے بازوں کے لیے مشکلات پیدا کرتے رہے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پانے والے سعید اجمل نےآخری مقابلے میں بھی 2 وکٹیں سمیٹیں اور یوں اپنے ہم وطن عمر گل کو پیچھے چھوڑتے ہوئے مختصر ترین کرکٹ کی طرز میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے گیند باز بن گئے۔

سعید اجمل نے اب تک 42 ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے اور 154 اوورز میں 929 رنز دے کر 60 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ان کا اوسط 15.48 جبکہ فی اوورز رنز دینے کا اوسط 6.03 ہے، جو ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے سرفہرست پانچ گیندبازوں میں سب سے عمدہ ہے۔ ان کی بہترین گیند بازی 19 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کرنا ہے، جو انہوں نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2009ء میں آئرلینڈ کے خلاف اوول میں کھیلے گئے ایک میچ میں دکھائی تھی۔ مجموعی طور پر وہ 3 مرتبہ میچ میں 4 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے سرفہرست تینوں گیند بازوں کا تعلق پاکستان سے ہے۔ سعید اجمل 60 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ عمر گل 59 اور شاہد آفریدی 58 وکٹوں کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہے۔ انہیں حریف گیند بازوں پر واضح برتری حاصل ہے کیونکہ چوتھے نمبر پر موجود گیند باز انگلستان کے گریم سوان کی وکٹوں کی تعداد محض 42 ہے۔

سعید اجمل اس وقت ٹی ٹوئنٹی کی عالمی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ ایک روزہ درجہ بندی میں ان کا نمبر پہلا اور ٹیسٹ میں تیسرا ہے۔ اس لحاظ سے وہ دورِ جدید کے ایسے گیند بازوں میں شمار ہوتے ہیں جنہیں ہر طرز کی کرکٹ پر یکساں ملکہ حاصل ہے۔

سعید اجمل کا ٹی ٹوئنٹی باؤلنگ کیریئر

میچز گیندیں رنز وکٹیں بہترین باؤلنگ اوسط رنز فی اوور اسٹرائیک ریٹ 4 وکٹیں فی اننگز
42 924 929 60 4/19 15.48 6.03 15.4 3