سچن کیریئر کی 100 ویں سنچری سے ایک مرتبہ پھر محروم

1 1,021

بھارت کے مایہ ناز بلے سچن ٹنڈولکر کے لیے ایک مرتبہ پھر لارڈز کا میدان خوش قسمت ثابت نہ ہوا جہاں ان کا تاریخ کے 2 ہزارویں ٹیسٹ میں کیریئر کی 100 ویں سنچری کا خواب شرمندۂ تعبیر نہ ہو سکا۔

سچن لارڈز کے میدان سے ایک مرتبہ ناکام و نامراد لوٹے

لارڈز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بخار کے باعث محض 34 رنز بنانے کے بعد سچن دوسری اننگز میں بھی متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور 68 گیندوں پر محض 12 رنز بنا سکے۔ انہیں 11 کے انفرادی اسکور پر اسٹورٹ براڈ کی ایل بی ڈبلیو اپیل مسترد ہونے اور 12 پر اینڈریو اسٹراس کی جانب سے کیچ ڈراپ کرنے سے دو زندگیاں ملیں لیکن وہ ان سے کوئی فائدہ نہ اٹھا سکے اور کیچ گرنے کی محض دو گیندوں کے بعد وہ اینڈرسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔

یہ کرکٹ کے گھر لارڈز میں سچن کے کیریئر کا ممکنہ طور پر آخری ٹیسٹ مقابلہ تھا۔سچن کی سنچری پر بھارت میں 2 ارب روپے کا سٹہ کھیلا گیا تھا۔

سچن ٹنڈولکر اپنے بین الاقوامی کیریئر میں اب تک 99 سنچریاں بنا چکے ہیں جن میں 51 ٹیسٹ اور 48 ایک روزہ کرکٹ میں بنائی ہیں اور اب وہ عرصے سے اپنی سویں سنچری کی تلاش میں ہیں۔ عالمی کپ 2011ء کے سیمی فائنل اور فائنل میں توقع تھی کہ وہ یادگار سنچری اسکور کریں گے لیکن معاملہ مزید آگے بڑھ گیا اور جبکہ بھارتی کرکٹ ٹیم انگلستان میں ہے تو شائقین کرکٹ کو قوی امید تھی کہ سچن 2 ہزارویں ٹیسٹ میں یادگار اننگ کھیل کر اسے امر کر دیں گے۔ لیکن جیسا کہ لارڈز میں سچن کبھی خوش قسمت نہیں رہے اور اب تک وہاں کھیلی گئی 9 اننگز میں محض 21.66 کی اوسط سے 195 رنز بنائے ہیں جن میں ان کا زیادہ سے زیادہ اسکور 37 رنز ہے۔ 38 سالہ سچن اس وقت سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔