ویسٹ انڈیز نے جیسن ہولڈر کو کپتان بنا دیا، ڈیوین براوو باہر

0 1,008

عالمی کپ سے چند ہفتوں کے فاصلے پر پاکستان اور انگلستان سمیت ویسٹ انڈیز بھی ایک زبردست بحران سے دوچار ہے۔ گزشتہ دورۂ بھارت میں کھلاڑیوں اور بورڈ کے درمیان تناؤ اور اس کے نتیجے میں دورے کے اچانک خاتمے نے ویسٹ انڈیز کرکٹ کی چولیں ہلا کر رکھ دی ہیں۔ اب ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے اپنا اگلا اہم قدم اٹھاتے ہوئے ڈیوین براوو کو ایک روزہ دستے کی قیادت سے ہٹا دیا ہے اور ان کی جگہ نوجوان جیسن ہولڈر کو ویسٹ انڈیز کا نیا ون ڈے کپتان بنا دیا گیا ہے۔

ہولڈر کا کل تجربہ صرف 21 ایک روزہ مقابلے کھیلنے کا ہے لیکن ویسٹ انڈیز کو ان سے بہت توقعات وابستہ ہیں (تصویر: AFP)
ہولڈر کا کل تجربہ صرف 21 ایک روزہ مقابلے کھیلنے کا ہے لیکن ویسٹ انڈیز کو ان سے بہت توقعات وابستہ ہیں (تصویر: AFP)

23 سالہ تیز گیندباز ہولڈر نے صرف ایک ٹیسٹ اور 21 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے کھیلے ہیں اور ان کو انٹرنیشنل کرکٹ میں دو سال کا عرصہ بھی نہیں گزرا ہے لیکن ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے ان پر انتہائی اعتماد کا اظہار کیا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ہنگامہ پیدا کرنے والے کھلاڑیوں کو آہستہ آہستہ دیوار سے لگا رہا ہے۔ پہلے مرحلے میں ہولڈر کو صرف دورۂ جنوبی افریقہ کے ایک روزہ مرحلے کے لیے قیادت دی گئی ہے اور بظاہر ایسا ہی لگتا ہے کہ بعد ازاں عالمی کپ میں بھی قیادت براوو کو نہیں دی جائے گی جو ڈیڑھ سال ویسٹ انڈیز کی کپتانی کے بعد اب ایک روزہ دستے سے ہی باہر کردیے گئے ہیں۔ البتہ جنوبی افریقہ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کے لیے انہیں ضرور شامل کیا گیا ہے۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے اعلامیہ کے مطابق کلائیو لائیڈ کی زیر قیادت سلیکشن پینل نے ہولڈر کو کپتان مقرر کرنے کی سفارش کی تھی، جسے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے منظور کرلیا ہے۔ کلائیو کہتے ہیں کہ ہولڈر کی تقرری مستقبل کو مدنظر رکھ کر کی گئی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ مستقبل میں اچھے رہنما ثابت ہوں گے۔

ایک روزہ دستے سے براوو کے اخراج کے علاوہ دیگر چند تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں جیسا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف 16 جنوری سے شروع ہونے والی سیریز میں ڈیرن سیمی اور کیرون پولارڈ بھی شامل نہیں ہوں گے بلکہ یہ تینوں کھلاڑی صرف ٹی ٹوئنٹی دستے کا حصہ ہوں گے۔ شعلہ فشاں بیٹسمین کرس گیل کی ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں شمولیت ان کے صحت یاب ہونے سے مشروط ہوگی۔

ٹیسٹ سیریز کے خاتمے کے بعد 9 جنوری سے تین ٹی ٹوئںٹی مقابلے کھیلے جائیں گے جبکہ ایک روزہ کا آغاز 16 جنوری سے ہوگا جو پانچ مقابلوں پر محیط سلسلہ ہوگا۔

دورۂ جنوبی افریقہ کے لیے ویسٹ انڈیز کا اعلان کردہ ایک روزہ دستہ:

جیسن ہولڈر (کپتان)، آندرے رسل، جوناتھن کارٹر، جیروم ٹیلر، دنیش رامدین، ڈیوین اسمتھ، سلیمان بین، شیلڈن کوٹریل، کارلوس بریتھویٹ، کرس گیل، لینڈل سیمنز، لیون جانسن، مارلون سیموئلز اور نارسنگھ دیونرائن۔

دورۂ جنوبی افریقہ کے لیے ویسٹ انڈیز کا ٹی ٹوئنٹی دستہ:

ڈیرن سیمی (کپتان)، ایشلے نرس، آندرے رسل، آندرے فلیچر، جیسن ہولڈر، دنیش رامدین، ڈیوین اسمتھ، ڈیوین براوو، سلیمان بین، شیلڈن کوٹریل، کارلوس بریتھویٹ، کرس گیل، کیرون پولارڈ، لینڈل سیمنز اور مارلون سیموئلز۔