حاضر دماغی نے جنوبی افریقہ کو سیریز جتا دی، سری لنکا پھر ناکام

1 1,026

لگتا ہے 'قسمت کی دیوی' بھی سری لنکا پر مہربان نہیں ہے، جس نے جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ مقابلوں کی جاری سیریز میں پہلی بار بیٹنگ، باؤلنگ حتیٰ کہ فیلڈنگ میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن بارش، ڈک ورتھ لوئس نظام اور حاضر دماغی نے جنوبی افریقہ کو 4 رنز سے فتح یاب قرار دے دیا۔ یوں جنوبی افریقہ نے 5 ایک روزہ مقابلوں کی سیریز کے اولین تینوں معرکے اپنے نام کر کے سیریز جیت لی ہے۔

ژاں پال دومنی اور فرانکو دو پلیسے نے 61 رنز کی شراکت قائم کر کے جنوبی افریقی فتح کی بنیاد رکھی (تصویر: Getty Images)
ژاں پال دومنی اور فرانکو دو پلیسے نے 61 رنز کی شراکت قائم کر کے جنوبی افریقی فتح کی بنیاد رکھی (تصویر: Getty Images)

بلوم فاؤنٹین کے شیورلے پارک میں تقریباً ڈیڑھ سال کے عرصے بعد ہونے والے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے میں سری لنکا نے ٹاس جیت بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور گزشتہ میچز کے مقابلے میں کافی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اوپنرز اوپل تھارنگا اور تلکارتنے دلشان نے 94 رنز کا سست لیکن مناسب آغاز فراہم کیا۔ خصوصاً تھارنگا نے 65 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 58 رنز کی اچھی اننگز کھیلی۔ مسلسل دومقابلوں میں صفر کی ہزیمت سے دوچار ہونے والے سری لنکن کپتان دلشان حیران کن طور پر مختلف موڈ میں نظر آئے اور 49 گیندوں پر 33 رنز کی سست اننگز کھیلی۔ یکے بعد دیگرے تھارنگا اور دلشان کے لوٹنے کے بعد کمار سنگاکارا اور دنیش چندیمال نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن جنوبی افریقہ نے اپنے مضبوط شعبے فیلڈنگ کی بدولت پہلے سنگاکارا کو 38 رنز پر اور پھر مہیلا جے وردھنے کو 15 رنز پر رن آؤٹ کر کے میچ کو ہاتھوں سے نکلنے سے روک لیا۔ خصوصاً فرانکو دو پلیسے کی بیک وارڈ پوائنٹ پر 'سپر مین' فیلڈنگ نے سنگاکارا کو جس طرح میدان بدر کیا وہ اس شعبے میں جنوبی افریقہ کی کمال مہارت کا ثبوت تھا۔ اس کے بعد جے وردھنے کو کولن انگرام کی ڈائریکٹ ہٹ نے میدان چھوڑنے پر مجبور کر دیا۔

اس وقت جب اننگز کے 15 اوورز باقی تھے جے وردھنے کی روانگی کے وقت سری لنکا کا اسکور 183 رنز تھا اور یوں لوئر مڈل آرڈر پر بھاری ذمہ داری آن پڑی کہ وہ ایک اچھے مجموعے تک پہنچائے اور ایک حد تک نووان کولاسیکرا نے اس کو بھرپور انداز سے نبھایا جنہوں نے 38 گیندوں پر ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 40 رنز بنائے اور اینجلو میتھیوز اور کوسالا کولاسیکرا نے بالترتیب 15 اور 19 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ نووان اور کوسالا کولاسیکرا نے ساتویں وکٹ پر 5اوورز میں 39 رنز کا اضافہ کیا لیکن 49 ویں اوور میں اس شراکت کے ٹوٹنے سے آخری گیندوں پر زیادہ سے زیادہ رنز حاصل کرنے کی کوشش کا خاتمہ ہو گیا اور آخری 8 گیندوں پر سری لنکا محض 7 رنز بنا سکا۔ مقررہ 50 اوورز کے اختتام پر سری لنکا کا اسکور 9 وکٹوں پر 266 رنز رہا اور یوں جنوبی افریقہ کو 267 رنز کا ہدف ملا۔

گو کہ جنوبی افریقہ کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں فیلڈرز نے تین رن آؤٹ کی صورت میں حاصل کیں لیکن دو وکٹیں مورنے مورکل کو بھی ملیں جبکہ لونوابو سوٹسوبے، ڈیل اسٹین، ژاں پال دومنی اور رابن پیٹرسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں جنوبی افریقہ کو نسبتاً مشکل ہدف کو حاصل کرنے کے لیے سب سے پہلے لاستھ مالنگا کے چیلنج سے نمٹنا تھا، اور وہ بھی اس صورت میں کہ وہ اپنے دو تجربہ کار بلے بازوں ہاشم آملہ اور ژاک کیلس سے محروم تھا، جو مختلف وجوہات کی بنیاد پر اس میچ میں نہیں کھیل رہے تھے۔ لیکن اس کے ابتدائی بلے باز مالنگا سے مڈبھیڑ میں ناکام ثابت ہوئے۔ پہلے گریم اسمتھ (2 رنز) محض 14 کے مجموعی اسکور پر مالنگا کی گیند پر بولڈ ہوئے اس اور اس کے بعد کولن انگرام کی باری آئی جو محض 13 رنز بنانے کے بعد مالنگا کی دوسری وکٹ بنے۔ میچ کو مہمان ٹیم کے حق میں پلٹانےوالا مرحلہ اس وقت آیا جب کپتان تلکارتنے دلشان نے 52 کے مجموعی اسکور پر اوپنر الویرو پیٹرسن کو وکٹوں کے سامنے جا لیا۔

اس موقع پر فرانکو دو پلیسے اور ژاں پال دومنی نے اننگز کو سنبھالا دیا اور جنوبی افریقہ کی پیش قدمی کو برقرار رکھا۔ ان کی بیٹنگ کے دوران ہی افق پر ابھرنے والے بادلوں میں بجلی کی کڑک محسوس ہوتی رہی جس کی وجہ سے ان دونوں بلے بازوں کو دھیان رکھنا پڑا کہ اسکور کو ڈک ورتھ لوئس نظام کے تحت ہمیشہ ہدف سے آگے رکھیں۔

اپنی تین وکٹیں رن آؤٹ کی صورت میں گنوانے والے سری لنکا نے بھی فیلڈنگ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور مذکورہ دونوں بلے بازوں کو رن آؤٹ کر کے میچ کو کافی حد تک دلچسپ بنا دیا خصوصاً فتح میں فرانکو دو پلیسے کا کردار اہم رہا جنہوں نے 74 گیندوں پر 72 رنز کی فتح کر اننگز کھیلی جبکہ دوسرے اینڈ پر دومنی 25 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ یوں نئے کپتان ابراہم ڈی ولیئرز کے دو پلیسے کو بیٹنگ آرڈر میں اوپنر بھیجنے کا تجربہ فیصلہ کن ثابت ہوا کیونکہ یہ دو پلیسے ہی کی اننگز تھی جنہوں نے میچ کو جنوبی افریقہ کی گرفت سے نکلنے سے بچایا اور بعد ازاں ابراہم ڈی ولیئرز کے حتمی واروں نے سری لنکن مزاحمت کا خاتمہ کر دیا۔ ڈی ولیئرز نے 36 گیندوں پر 39 رنز کی کارآمد اننگز کھیلی اور چھٹی وکٹ پر البی مورکل کے ساتھ میچ کی سب سے اہم شراکت داری قائم کی۔ ڈی ولیئرز نے بھرپور حاضر دماغی کا ثبوت دیا اور نے آخری تین اوورز میں 26 رنز لوٹ کر میچ کا پانسہ جنوبی افریقہ کے حق میں پلٹایا۔خصوصاً 32 ویں اوور میں انہوں نے کوسالا کولاسیکرا کو 6 گیندوں پر تین چوکوں نے سری لنکا پر فیصلہ کن ضرب لگائی اور دو اووربعد ہی یعنی 34 ویں اوور میں بارش نے میدان کو آ لیا، اُس وقت جب جنوبی افریقہ کو 16 اوورز میں 88 رنز کی ضرورت تھی اور اس کی پانچ وکٹیں باقی تھی لیکن ڈک ورتھ لوئس نظام کے تحت 34 اوورز میں جنوبی افریقہ کا اسکور 176 رنز ہونا چاہیے تھا، جو ڈی ولیئرز کی بروقت تیز بلے بازی کے باعث 179 رنز تھا، یوں جنوبی افریقہ 4 رنز سے فتح یاب قرار پایا اور سیریز جیتنے میں کامیاب ہو گیا۔

سری لنکا کی جانب سے لاستھ مالنگا نے 2 جبکہ دلشان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

فرانکو دو پلیسے کو میچ کی بہترین اننگز کھیلنے پر 'مین آف دی میچ' قرار دیا گیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان چوتھا ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ 20 جنوری کو کمبرلے میں کھیلا جائے گا جبکہ آخری ایک روزہ 22 جنوری کو جوہانسبرگ کے تاریخی وینڈررزاسٹیڈیم میں ہوگا۔

جنوبی افریقہ بمقابلہ سری لنکا

تیسرا ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ

17 جنوری 2012ء

بمقام: شیورلے پارک، بلوم فاؤنٹین، جنوبی افریقہ

نتیجہ: جنوبی افریقہ 4 رنز سے فتحیاب

میچ کے بہترین کھلاڑی: فرانکو دو پلیسے (جنوبی افریقہ)

سری لنکا رنز گیندیں چوکے چھکے
اوپل تھارنگا ک انگرام ب پیٹرسن 58 65 5 2
تلکارتنے دلشان ک اسٹین ب دومنی 33 49 2 0
کمار سنگاکارا رن آؤٹ 38 37 3 1
دنیش چندیمال ک اسمتھ ب مورنے مورکل 36 54 3 0
مہیلا جے وردھنے رن آؤٹ 15 19 1 0
نووان کولاسیکرا ب مورنے مورکل 40 38 1 1
اینجلو میتھیوز ک پیٹرسن ب سوٹسوبے 15 14 2 0
کوسالا کولاسیکرا رن آؤٹ 19 20 0 0
لاستھ مالنگا ب اسٹین 2 4 0 0
رنگانا ہیراتھ ناٹ آؤٹ 1 1 0 0
فاضل رنز ل ب 1، و 7، ن ب 1 9
مجموعہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 266

 

جنوبی افریقہ (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
مورنے مورکل 9 0 65 2
لونوابو سوٹسوبے 10 0 40 1
ڈیل اسٹین 10 0 55 1
ژاں پال دومنی 5 0 26 1
البی مورکل 2 0 9 0
رابن پیٹرسن 10 0 45 1
فرانکو دو پلیسے 4 0 25 0

 

جنوبی افریقہہدف: 34 اوورز میں 176 رنز، بمطابق ڈک ورتھ لوئس نظام رنز گیندیں چوکے چھکے
گریم اسمتھ ب مالنگا 2 13 0 0
الویرو پیٹرسن ایل بی ڈبلیو ب دلشان 17 27 1 0
کولن انگرام ب مالنگا 13 8 3 0
فرانکو دو پلیسے رن آؤٹ 72 74 7 0
ژاں پال دومنی رن آؤٹ 25 34 2 0
ابراہم ڈی ولیئرز ناٹ آؤٹ 39 36 3 0
البی مورکل ناٹ آؤٹ 7 12 0 0
فاضل رنز ل ب 2، و 2 4
مجموعہ 34 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 179

 

سری لنکا (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
لاستھ مالنگا 5 1 20 2
نووان کولاسیکرا 6 0 31 0
دھمیکا پرساد 5 0 38 0
رنگانا ہیراتھ 6 0 24 0
تلکارتنے دلشان 5 0 22 1
کوسالا کولاسیکرا 3 0 21 0
اینجلو میتھیوز 4 0 21 0