سری لنکا جنوبی افریقہ کو زیر کرنے میں ناکام، دوسرے ایک روزہ میں بھی شکست

0 1,018

سری لنکا جنوبی افریقہ کے خلاف مستقل دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے میں شکست کھا کر سیریز میں مزید خسارے سے دوچار ہو گیا ہے گو کہ اس مرتبہ مہمان ٹیم کی کارکردگی، خصوصاً بلے کے ساتھ، نسبتاً بہتر رہی لیکن یہ جنوبی افریقہ کو زیر کرنے کے لیے کافی نہ تھی جس نے 267 رنز کا ہدف محض 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ سری لنکا پہلے ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے میں محض 43 رنز پر ڈھیر ہو گیا تھا اور ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کی بدترین شکستوں میں سے ایک کھائی تھی۔

دنیش چندیمال سنچری سے محروم رہے لیکن ان کی عمدہ اننگز ٹیم کو فتح سے بھی ہمکنار نہ کر پائی (تصویر: AFP)
دنیش چندیمال سنچری سے محروم رہے لیکن ان کی عمدہ اننگز ٹیم کو فتح سے بھی ہمکنار نہ کر پائی (تصویر: AFP)

طویل عرصے بعد ایسٹ لندن کے بفیلو پارک میں کھیلے گئے پہلے بین الاقوامی مقابلے میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو بلے بازی کی دعوت دی۔ کپتان اور بلے باز دونوں کی حیثیت سے انتہائی مشکل دور گزارنے والے تلکارتنے دلشان ایک مرتبہ پھر مکمل طور پر ناکام رہے اور دوسرے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ سری لنکا کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب کمار سنگاکارا محض 3 رنز بنانے کے بعد لونوابو سوٹسوبے کی پہلی وکٹ بنے جب مجموعی اسکور محض 21 رنز تھا۔ اس موقع پر اوپل تھارنگا اور دنیش چندیمال نے اننگز کو سنبھالا دیا اور تیسری وکٹ پر 84 قیمتی رنز کا اضافہ کیا۔ سری لنکن اننگز میں انہی دونوں بلے بازوں نے ٹیم کو ایک اور شرمندگی سے بچانے کے لیے بھرپور کوشش کی۔ خصوصاً نوجوان چندیمال، جنہیں سری لنکا کا مستقبل قرار دیا جا رہا ہے، نے بہت عمدہ اننگز کھیلی اور ناقابل شکست رہے۔ بدقسمتی سے وہ اپنی سنچری مکمل نہ کر پائے اور 92 رنز بنا پائے۔ لیکن ٹیم کے سینئر ترین کھلاڑیوں کی جانب سے مستقل غیر ذمہ داری سری لنکا کرکٹ کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ میچ میں دلشان صفر اور سنگاکارا 3 کے علاوہ مہیلا جے وردھنے نے صرف 19 رنز بنائے۔ آخری اوورز میں نووان کولاسیکرا 22 اور اینجلو میتھیوز 28 رنز نے چندیمال کا بھرپور ساتھ دیا اور مقررہ 50 اوورز کے اختتام پر سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 236 رنز بنائے۔ جو وکٹ اور کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے کچھ کم اسکور تھا۔ اگر سری لنکا اس میں مزید 30 رنز جوڑنے میں کامیاب ہو جاتا تو بہت ہی دلچسپ مقابلے کی توقع تھی۔ بہرحال، چندیمال 115 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 92 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور سری لنکا کے سب سے نمایاں بلے باز رہے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے لونوابو سوٹسوبے اور مورنے مورکل نے 2،2 جبکہ ڈیل اسٹین نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں 76 رنز کا عمدہ آغاز اور بعد ازاں ژاں پال دومنی کی 66 رنز کی ناقابل شکست اور فیصلہ کن اننگز نے جنوبی افریقہ کو فتح دلا دی۔ ہاشم آملہ نے کیریئر کی 16 ویں نصف سنچری بنا کر جنوبی افریقی فتح کی بنیاد رکھی لیکن غلط مواقع پر اہم وکٹیں گرنے سے جنوبی افریقی پیشقدمی کو متاثر کیا اور یہ دومنی تھے جنہوں نے آخر میں ذمہ داری سنبھالی اور اس وقت ہدف کو جا لیا جب اننگز کی محض 8 گیندیں باقی تھی۔

جنوبی افریقہ نے لاستھ مالنگا سے بچنے کی بھرپور حکمت عملی اپنائی، اور یہی وجہ ہے کہ جب تک مالنگا ایک اینڈ سے موجود رہے انہوں نے وکٹ بچانے پر زیادہ دھیان دیا اور ان کے اٹیک سے ہٹتے ہی بلوں کے منہ کھول دیے۔ خصوصاً ہاشم آملہ کے دو خوبصورت چھکوں نے جنوبی افریقہ کے عزائم کو ظاہر کیا جو انہوں نے نووان کولاسیکرا کو رسید کیے اور بعد ازاں مسلسل دو چوکے مار کر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

ژاک کیلس اور دومنی کے درمیان 58 رنز کا اضافہ ہوا لیکن آخری 15 اوورز میں درکار 85 رنز کو نظر میں رکھتے ہوئے جیسے ہی کیلس نے تیز کھیلنے کی کوشش کی اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ جنوبی افریقہ کو سب سے بڑا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب 193 کے مجموعی اسکور پر کپتان ابراہم ڈی ولیئرز ایک انہونے رن کو لینے کی کوشش میں آؤٹ ہو گئے اور یوں تمام تر ذمہ داری دومنی کے کاندھوں پر آن پڑی جنہوں نے انتہائی ذمہ داری کے ساتھ اسے نبھایا لیکن حقیقت یہ ہے کہ سری لنکا نے مواقع بہت ضایع کیے۔ خصوصاً 47 ویں اوور میں فرانکو دو پلیسے کے آؤٹ ہونے کے فوراً بعد مالنگا کا اپنی ہی گیند پر البی مورکل کا کیچ چھوڑ دینا اور آخری لمحات میں سنگاکارا کا رن آؤٹ کرنے کا موقع گنوانا اتنے کم اسکور کے ہدف کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا گئے۔

بالآخر 49 ویں اوورز کی چوتھی گیند پر جنوبی افریقہ نے ہدف کو جا لیا اور سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر لی۔

دومنی 66 رنز پر ناقابل شکست رہے، ان کی اننگز کی حیرتناک بات یہ تھی کہ انہوں نے پوری اننگز میں صرف ایک مرتبہ گیند کو باؤنڈری کی راہ دکھائی اور وہ بھی چھکے کی صورت میں، اس کے علاوہ انہوں نے پوری اننگز میں ایک چوکا بھی نہیں مارا لیکن 87 گیندوں پر یہ ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر جنوبی افریقی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

سری لنکا کی جانب سے دھمیکا پرساد نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک وکٹ لاستھ مالنگا کو ملی۔

سیریز کا تیسرا مقابلہ 17 جنوری کو بلوم فاؤنٹین میں کھیلا جائے گا جہاں شکست ہونے پر سری لنکا ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں کی سیریز بھی ہار جائے گا۔ اسے سیریز میں اپنے امکانات زندہ رکھنے کے لیے بلوم فاؤنٹین میں لازماً کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔

جنوبی افریقہ بمقابلہ سری لنکا

دوسرا ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ

14 جنوری 2012ء

بمقام: بفیلو پارک، ایسٹ لندن، جنوبی افریقہ

نتیجہ: جنوبی افریقہ 5 وکٹوں سے فتحیاب

میچ کے بہترین کھلاڑی: ژاں پال دومنی (جنوبی افریقہ)

سری لنکا رنز گیندیں چوکے چھکے
اوپل تھارنگا ک ڈی ولیئرز ب مورنے مورکل 66 85 6 1
تلکارتنے دلشان رن آؤٹ 0 4 0 0
کمار سنگاکارا ک ڈی ولیئرز ب سوٹسوبے 3 28 0 0
دنیش چندیمال ناٹ آؤٹ 92 115 6 0
مہیلا جے وردھنے ک اسٹین ب مورنے مورکل 19 26 1 0
نووان کولاسیکرا ک پیٹرسن ب سوٹسوبے 22 13 2 2
اینجلو میتھیوز ک مورنے مورکل ب اسٹین 28 29 1 1
فاضل رنز ل ب 1، و 5 6
مجموعہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 236

 

جنوبی افریقہ (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
ڈیل اسٹین 9 1 54 1
لونوابو سوٹسوبے 10 2 43 2
مورنے مورکل 9 1 39 2
البی مورکل 6 0 29 0
ژاں پال دومنی 6 0 26 0
رابن پیٹرسن 10 0 44 0

 

جنوبی افریقہہدف: 237 رنز رنز گیندیں چوکے چھکے
گریم اسمتھ ک تھارنگا ب پرساد 28 56 2 0
ہاشم آملہ ب پرساد 55 58 5 2
ژاک کیلس ک چندیمال ب پرساد 37 51 3 0
ژاں پال دومنی ناٹ آؤٹ 66 87 0 1
ابراہم ڈی ولیئرز رن آؤٹ 17 13 2 0
فرانکو دو پلیسے ک و ب مالنگا 18 16 2 0
البے مورکل ناٹ آؤٹ 12 11 1 0
فاضل رنز ل ب 3، و 1 4
مجموعہ 48.4 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 237

 

سری لنکا (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
لاستھ مالنگا 10 1 38 1
نووان کولاسیکرا 8 0 47 0
اینجلو میتھیوز 2 0 13 0
دھمیکا پرساد 10 0 46 3
تلکارتنے دلشان 8.4 0 44 0
کوسالا کولاسیکرا 1 0 6 0
رنگانا ہیراتھ 9 0 40 0