ظالم نے دو ٹکڑے کردیے

0 1,019

جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلا گیا پہلا ایک روزہ ویسے تو کوئی دلچسپ مقابلہ ثابت نہیں ہوا۔ جنوبی افریقہ کے 304 رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ 284 رنز پر آؤٹ ہوگیا اور یوں 20 رنز سے مقابلہ ہار گیا لیکن مقابلے کے دوران ایسے مناظر دیکھنے کو ملے جو کرکٹ میں بہت کم ملتے ہیں۔ پہلے مچل میک کلیناگھن کی ایک یارکر نے جنوبی افریقہ کے ریلی روسو کی وکٹ کے دو ٹکڑے کیے۔ براہ راست لیگ اسٹمپ کی جڑ پر لگنے والی گیند کے بعد اسٹمپ کا زمین میں دبا ہوا حصہ وہیں رہ گیا اور باقی وکٹ الگ ہو کر دور جا پڑی۔ لیکن جب نیوزی لینڈ بیٹنگ کرنے کے لیے آیا تو جنوبی افریقہ نے اس کا پورا پورا بدلہ لیا۔

48 ویں اوور میں جب نیوزی لینڈ کو 21 رنز کی ضرورت تھی اور اس کی محض دو وکٹیں باقی تھیں تو اوور کی آخری گیند پر ڈیل اسٹین نے میک کلیناگھن کو ہی کلین بولڈ کیا۔ گیند آف اسٹمپ کے درمیانی حصے میں لگی اور وہیں سے اسٹمپ کو دو حصوں میں تقسیم کردیا۔ بالائی حصہ اڑتا ہوا پیچھے کی جانب چلا گیا اور اگلے اوور میں ایش سودھی کے رن آؤٹ کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ کی کہانی ختم ہوگئی۔

آئیے اس خوبصورت منظر سے بار بار لطف اٹھائیں