[ریکارڈز] سال 2013ء میں اب تک اسپنرز کا راج، جدیجا اور اجمل سب سے آگے

1 1,041

جب کرکٹ پابندیوں کا کھیل نہ تھا، جب 30 گز کے دائرے نہ ہوتے تھے، جب اس دائرے کے اندر اور باہر کھلاڑیوں کی تعداد کو متعین کرنے والے قوانین نہ تھے اور جب وکٹ بناتے ہوئے بلے بازوں کو ترجیح نہ دی جاتی تھی تو 'شرفاء کا کھیل' دراصل تیز باؤلرز کا کھیل تھا۔ اس پر ویسٹ انڈیز کے ‘Fearsome Foursome' ، پاکستان کے عمران خان اور سرفراز نواز، نیوزی لینڈ کے رچرڈ ہیڈلی، آسٹریلیا کے ڈینس للی اور دنیا بھر کے دیگر تیز باؤلرز کی بادشاہت تھی لیکن جیسے جیسے کھیل کو "دلچسپ" بنانے کے نام پر اسے قواعد میں جکڑا گیا، ویسے ویسے تیز باؤلرز کا کردار محدود ہوتا چلا گیا اور اس کے ساتھ ہی اسپن باؤلرز کے عہد کا آغاز ہوا۔ شین وارن، مرلی دھرن اور ثقلین مشتاق سمیت کئی اسپنرز نے اپنی جادوگری کی دھاک بٹھائی۔

رویندر جدیجا 46 وکٹوں کے ساتھ سال میں اب تک سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر ہیں (تصویر: AFP)
رویندر جدیجا 46 وکٹوں کے ساتھ سال میں اب تک سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر ہیں (تصویر: AFP)

کرکٹ اب بھی اسپن گیندبازی کے اسی عہد سے گزر رہی ہے۔ عالمی درجہ بندیوں سے لے کر وکٹوں کی تعداد تک، ہر جگہ اسپنرز حاوی ہیں جیسا کہ سال 2013ء میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلرز کی فہرست ہی کو دیکھ لیجیے۔

اس فہرست میں میں بھارت کے رویندر جدیجا سرفہرست اور پاکستان کے سعید اجمل دوسرے نمبر پر ہیں۔ بھارت-آسٹریلیا سیریز کے اختتامی مقابلے میں رویندر جدیجا نے تین وکٹیں حاصل کرکے رواں سال اپنی وکٹوں کی تعداد 46 کرلی ہے۔ انہوں نے 28 مقابلوں میں صرف 22.86 کے اوسط سے یہ وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ ان کی بہترین باؤلنگ 36 رنز دے کر 5 وکٹیں رہی۔

دوسرے نمبر پر پاکستان کے سعید اجمل ہیں، جنہوں نے گزشتہ روز جنوبی افریقہ کے خلاف فتح میں2 وکٹیں حاصل کرکے جاری سال میں اپنی وکٹوں کی تعداد 43 کرلی ہے۔ سعید نے رویندر جدیجا نے کہيں کم یعنی 22 مقابلے کھیلے ہيں اور ان کا اوسط بھی 18.90 ہے۔ بہترین باؤلنگ 24 رنز دے کر 5 وکٹیں رہی۔

سال کے اختتام میں تقریباً دو ماہ ابھی باقی ہیں اور کئی باہمی مقابلوں کا فیصلہ بھی ہونا ہے۔ 31 دسمبر 2013ء کے اختتام تک کون اس فہرست میں سب سے آگے ہوگا، یہ وقت بتائے گا لیکن یہ بات طے ہے کہ کرکٹ کی تاریخ میں 'اسپنرز کا عہد' ابھی تک جاری ہے اور اس کے جلد خاتمے کا دور دور تک امکان دکھائی نہیں دیتا، خصوصاً ون ڈے میں ہر اینڈ سے ایک گیند کے استعمال کا قانون تیز باؤلنگ کے لیے زہر قاتل ثابت ہو رہا ہے۔

سال 2013ء میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلرز

گیندباز ملک مقابلے وکٹیں بہترین باؤلنگ اوسط فی اوور رن اوسط
رویندر جدیجا بھارت 28 46 5/36 22.86 4.21
سعید اجمل پاکستان 22 43 5/24 18.90 4.09
راین میک لارن جنوبی افریقہ 19 34 4/19 23.11 4.96
کلنٹ میک کے آسٹریلیا 24 34 4/33 27.82 4.91
محمد عرفان پاکستان 21 33 4/33 23.45 4.36