[ریکارڈز] تیج الاسلام، ڈیبو پر ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے باؤلر

1 1,017

بنگلہ دیش نے زمبابوے کو پانچویں اور آخری ون ڈے میں بھی شکست دے کر سیریز میں کلین سویپ کرلیا اور آخری مقابلے کی اہم ترین بات نوجوان تیج الاسلام کی ہیٹ ٹرک تھی۔ یہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا پہلا موقع تھا کہ اپنا پہلا ایک روزہ کھیلنے والے کسی باؤلر نے ہیٹ ٹرک کی ہو۔

تیج الاسلام مجموعی طور پر بنگلہ دیش کے چوتھے باؤلر ہیں جنہیں ون ڈے میں ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے (تصویر: AFP)
تیج الاسلام مجموعی طور پر بنگلہ دیش کے چوتھے باؤلر ہیں جنہیں ون ڈے میں ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے (تصویر: AFP)

میرپور، ڈھاکہ میں کھیلے گئے پانچویں ون ڈے میں تیج الاسلام نے اننگز کے 29 ویں اوور میں تناشے پنیانگرا، جان نیومبو اور ٹینڈائی چتارا کی وکٹیں حاصل کیں اور یوں ہیٹ ٹرک کرنے والے بنگلہ دیش کے تاریخ کے چوتھے باؤلر بن گئے۔ ان کی 11 رنز دے کر 4 وکٹوں کی شاندار کارکردگی کی وجہ سے زمبابوے صرف 128 رنز پر ڈھیر ہوگیا اور بنگلہ دیش نے 129 رنز کا ہدف 5 وکٹوں پر حاصل کرکے سیریز کے تمام مقابلے جیت لیے۔

مجموعی طور پر یہ ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کی 36 ویں اور بنگلہ دیش کی چوتھی ہیٹ ٹرک تھی۔ بنگلہ دیش کی طرف سے پہلی بار ہیٹ ٹرک کا کارنامہ شہادت حسین نے انجام دیا تھا جنہوں نے اگست 2006ء میں زمبابوے کے خلاف ہرارے کے مقام پر تین گیندوں پر تین کھلاڑيوں کو آؤٹ کیا تھا۔

یاد رہے کہ ایک روزہ کرکٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک پاکستان کے گیند باز جلال الدین نے 1982ء میں کی تھی، جب حیدرآباد کے نیاز اسٹیڈیم میں انہوں نے آسٹریلیا کے روڈنی مارش، بروس یارڈلے اور جیف لاسن کو آؤٹ کیاتھا۔ ان کے بعد 30 مزید باؤلرز ہیٹ ٹرکس کر چکے ہیں جن میں تازہ ترین اضافہ 22 سالہ بنگلہ دیشی باؤلر کا ہے۔ ذیل میں ہم آپ کے لیے تمام ایک روزہ ہیٹ ٹرکس کی فہرست پیش کررہے ہیں، امید ہے کہ معلومات میں اضافہ کرے گی۔

ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے گیند باز

گیند باز ملک بمقابلہ بمقام بتاریخ
جلال الدین پاکستان آسٹریلیا حیدرآباد 20 ستمبر 1982ء
بروس ریڈ آسٹریلیا نیوزی لینڈ سڈنی 29 جنوری 1986ء
چیتن شرما بھارت نیوزی لینڈ ناگپور 31 اکتوبر 1987ء
وسیم اکرم پاکستان ویسٹ انڈیز شارجہ 14 اکتوبر 1989ء
وسیم اکرم پاکستان آسٹریلیا شارجہ 4 مئی 1990ء
کپل دیو بھارت سری لنکا کلکتہ 4 جنوری 1991ء
عاقب جاوید پاکستان بھارت شارجہ 25 اکتوبر 1991ء
ڈینی موریسن نیوزی لینڈ بھارت نیپئر 25 مارچ 1994ء
وقار یونس پاکستان نیوزی لینڈ ایسٹ لندن 19 دسمبر 1994ء
ثقلین مشتاق پاکستان زمبابوے پشاور 3 نومبر 1996ء
ایڈو برینڈس زمبابوے انگلستان ہرارے 3 جنوری 1997ء
انتھونی اسٹورٹ آسٹریلیا پاکستان ملبورن 16 جنوری 1997ء
ثقلین مشتاق پاکستان زمبابوے اوول 11 جون 1999ء
چمندا واس سری لنکا زمبابوے کولمبو 8 دسمبر 2001ء
محمد سمیع پاکستان ویسٹ انڈیز شارجہ 15 فروری 2002ء
چمندا واس سری لنکا بنگلہ دیش پیٹرمیرٹزبرگ 14 فروری 2003ء
بریٹ لی آسٹریلیا کینیا ڈربن 15 مارچ 2003ء
جیمز اینڈرسن انگلستان پاکستان اوول 20 جون 2003ء
اسٹیو ہارمیسن انگلستان بھارت ناٹنگھم یکم ستمبر 2004ء
چارل لینگویلٹ جنوبی افریقہ ویسٹ انڈیز بارباڈوس 11 مئی 2005ء
شہادت حسین بنگلہ دیش زمبابوے ہرارے 2 اگست 2006ء
جیروم ٹیلر ویسٹ انڈیز آسٹریلیا ممبئی 18 اکتوبر 2006ء
شین بونڈ نیوزی لینڈ آسٹریلیا ہوبارٹ 14 جنوری 2007ء
لاستھ مالنگا سری لنکا جنوبی افریقہ گیانا 28 مارچ 2007ء
اینڈریو فلنٹوف انگلستان ویسٹ انڈیز سینٹ لوشیا 3 اپریل 2009ء
فرویز مہاروف سری لنکا بھارت دمبولا 22 جون 2010ء
عبد الرزاق بنگلہ دیش زمبابوے ڈھاکہ 3 دسمبر 2010ء
کیمار روچ ویسٹ انڈیز نیدرلینڈز دہلی 28 فروری 2011ء
لاستھ مالنگا سری لنکا کینیا کولمبو یکم مارچ 2011ء
لاستھ مالنگا سری لنکا آسٹریلیا کولمبو 22 اگست 2011ء
ڈینیل کرسچن آسٹریلیا سری لنکا ملبورن 2 مارچ 2012ء
تھیسارا پیریرا سری لنکا پاکستان کولمبو 16 جون 2012ء
کلنٹ میک کے آسٹریلیا انگلستان کارڈف 14 ستمبر 2013ء
روبیل حسین بنگلہ دیش نیوزی لینڈ ڈھاکہ 29 اکتوبر 2013ء
پراسپر اتسیا زمبابوے جنوبی افریقہ ہرارے 29 اگست 2014ء
تیج الاسلام بنگلہ دیش زمبابوے ڈھاکہ یکم دسمبر 2014ء