[ریکارڈز] شاہد آفریدی کے 10 ہزار رنز اور 500 وکٹیں

6 1,127

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں آسٹریلیا کے خلاف اہم میچ کے نازک ترین مرحلے پر پاکستان کے شاہد آفریدی نے گلین میکس ویل کی وہ قیمتی وکٹ حاصل کی، جس کی بدولت پاکستان مقابلے میں واپس آیا اور بالآخر 16 رنز سے جیت گیا۔ لیکن یہی وکٹ شاہد آفریدی کو بین الاقوامی کرکٹ کی تاریخ میں ایک اور ریکارڈ سے نواز گئی، 10 ہزار رنز اور 500 وکٹیں۔

آج گلین میکس ویل کی وکٹ پاکستان کو میچ میں بھی واپس لائی اور شاہد آفریدی کو تاریخی سنگ میل تک بھی پہنچا گئ (تصویر: AFP)
آج گلین میکس ویل کی وکٹ پاکستان کو میچ میں بھی واپس لائی اور شاہد آفریدی کو تاریخی سنگ میل تک بھی پہنچا گئ (تصویر: AFP)

یوں شاہد آفریدی جنوبی افریقہ کے عظیم آل راؤنڈر ژاک کیلس کے بعد تاریخ کے دوسرے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہیں بین الاقوامی کرکٹ میں بیک وقت 10 ہزار رنز اور 500 وکٹوں کا سنگ میل عبور کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔

27 ٹیسٹ، 378 ایک روزہ اور 72 ٹی ٹوئنٹی مقابلے کھیلنے والے شاہد خان نے گزشتہ سال اگست میں 10 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کیا تھا اور اب آج میرپور، ڈھاکہ میں میکس ویل کی قیمت وکٹ حاصل کرکے انہوں نے 500 وکٹوں کے ہندسے کو بھی جا لیا۔

شاہد آفریدی نے ٹیسٹ میں 1716، ایک روزہ میں 7 ہزار 619 اور ٹی ٹوئنٹی میں 1072 رنز بنا رکھے ہیں جو مجموعی طور پر 10 ہزار 407 بنتے ہیں۔ اس میں11 سنچریوں اور 48 نصف سنچریوں کے علاوہ 991 چوکے اور 427 چھکے شامل ہیں۔

باؤلنگ میں شاہد نے ٹیسٹ میں 48، ایک روزہ میں 378 اور ٹی ٹوئنٹی میں 75 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں جو مجموعی طور پر 501 بنتی ہیں۔ ان کی بہترین باؤلنگ 12 رنز دے کر 7 وکٹیں ہے جو انہوں نے گزشتہ سال دورۂ ویسٹ انڈیز میں کی تھی۔

جنوبی افریقہ کے ژاک کیلس، جنہوں نے حال ہی میں ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہا ہے، نے بین الاقوامی کرکٹ میں مجموعی طور پر 25 ہزار 529رنز بنائے۔ ان کے ایک روزہ اور ٹیسٹ دونوں میں بنائے گئے علیحدہ علیحدہ رنز بھی شاہد آفریدی کے مجموعی رنز سے زیادہ ہیں۔ ٹیسٹ میں 13 ہزار 289 اور ایک روزہ میں 11 ہزار 574 رنز۔ اس کے علاوہ انہوں نے اپنی میڈیم پیس باؤلنگ کے ذریعے بین الاقوامی کرکٹ میں 577 کھلاڑیوں کو بھی آؤٹ کیا۔ کیلس جیسا آل راؤنڈر شاید کرکٹ کو دہائیوں تک میسر نہ آئے۔

شاہد آفریدی کے بین الاقوامی کیریئر پر ایک نظر

بیٹنگ کیریئر

مقابلے رنز بہترین اننگز اوسط سنچریاں نصف سنچریاں چوکے چھکے کیچز
ٹیسٹ 27 1716 156 36.51 5 8 220 52 10
ایک روزہ 378 7619 124 23.44 6 36 683 333 119
ٹی ٹوئنٹی 72 1072 54* 19.14 0 4 88 42 20

باؤلنگ کیریئر

مقابلے وکٹیں بہترین باؤلنگ/میچ اوسط 4 وکٹیں 5 وکٹیں
ٹیسٹ 27 48 5/43 35.60 1 1
ایک روزہ 378 378 7/12 33.89 4 9
ٹی ٹوئنٹی 72 75 4/11 22.62 3 0