[ریکارڈز] محمد اشرفل اک تاریخی سنگ میل کے قریب

مقابلہ سری لنکا کے میدانوں میں ہو اور رنز کے انبار نہ لگیں؟ ایسا ممکن نہیں۔ اگر مہمان ٹیم جدوجہد کرتی دکھائی بھی دے تو میزبان کبھی بھی ان کورنز تلے دبانے سے نہیں چوکتے۔ کچھ ایسی ہی کہانی کا آغاز گال کے خوبصورت میدان میں ہوا جہاں سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان اولین ٹیسٹ میں کمار سنگاکارا، لاہیرو تھریمانے اور دنیش چندیمال کی سنچریوں کی بدولت سری لنکا نے 570 رنز کا بھاری مجموعہ اکٹھا کر کے بنگلہ دیش کا کڑا امتحان لیا۔ لیکن حیران کن طور پر 'ٹائیگرز' اینٹ کا جواب پتھر سے دیتے دکھائی دے رہے ہیں۔ محمد اشرفل اور مشفق الرحیم کے درمیان ریکارڈ شراکت داری کی بدولت بنگلہ دیش اب تک 4 وکٹوں پر 438 رنز بنا چکا ہے یعنی کہ وہ سری لنکا کے اسکور سے محض 132 رنز کے فاصلے پر ہے اور ابھی اس کی 6 وکٹیں باقی ہیں۔

گال ٹیسٹ میں تیسرے روز کے کھیل کے اختتام پر کم از کم ایک بنگلہ دیش بلے باز اک تاریخی سنگ میل کے قریب ہے، محمد اشرفل!۔ جو اس وقت 189 رنز پر کھیل رہے ہیں اور اگر وہ کل مزید 11 رنز جوڑنے میں کامیاب ہو گئے تو ٹیسٹ ڈبل سنچری بنانے والے پہلے بنگلہ دیشی بلے باز بن جائیں گے۔
ویسے تو ان کے 189 رنز بھی اب تک کسی بھی بنگلہ دیشی بلے باز کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہیں اور اس کے لیے انہوں نے اپنا ہی بنایا گیا 158 رنز کا ریکارڈ توڑا جو انہوں نے دسمبر 2004ء میں بھارت کے خلاف چٹاگانگ ٹیسٹ میں بنایا تھا۔ لیکن گال میں کھیلی گئی اس اننگز کی بات ہی کچھ اور ہے۔ 398 گیندوں پر محیط 20 چوکوں اور ایک چھکے سے مزین یہ اننگز اشرفل نے سری لنکا جیسے مضبوط حریف کے خلاف اسی کے میدان پر بنائی ہے اور وہ بھی اس وکٹ پر جس پر سری لنکن اسپنرز ہمیشہ راج کرتے آئے ہیں۔ اگر وہ اس کو ڈبل سنچری میں بدلنے میں کامیاب ہو گئے تو ان کی اننگز ہمیشہ کے لیے امر ہو جائے گی۔
دوسرے اینڈ پر مشفق الرحیم بھی شاندار فارم میں ہیں اور اب تک 236 گیندوں پر 18 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 152 رنز بنا چکے ہیں۔
دونوں بلے بازوں کے درمیان پانچویں وکٹ پر شراکت داری میں 261 رنز بن چکے ہیں جو کسی بھی وکٹ پر بنگلہ دیش کی سب سے بڑی رفاقت ہے۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ اشرفل اور مشفق میں سے کون ڈبل سنچری کے اس تاریخی انفرادی ہدف تک پہنچ پاتا ہے اور بنگلہ دیشی کرکٹ کی تاریخ میں اپنا نام سنہری الفاظ میں لکھواتا ہے۔
ذیل میں ہم اب تک بنگلہ دیش کے بلے بازوں کی جانب سے کھیلی گئی سب سے طویل اننگز کی ایک مختصر فہرست پیش کر رہے ہیں۔ امید ہے قارئین کی معلومات میں اضافے کا باعث بنے گی:
بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے طویل ٹیسٹ اننگز کھیلنے والے بلے باز
نام | ملک | رنز | گیندیں | چوکے | چھکے | بمقابلہ | بمقام | بتاریخ |
---|---|---|---|---|---|---|---|---|
محمد اشرفل | ![]() |
189* | 398 | 20 | 1 | ![]() |
گال | 8 مارچ 2013ء |
محمد اشرفل | ![]() |
158* | 194 | 24 | 3 | ![]() |
چٹاگانگ | 17 دسمبر 2004ء |
مشفق الرحیم | ![]() |
152* | 236 | 18 | 1 | ![]() |
گال | 8 مارچ 2013ء |
تمیم اقبال | ![]() |
151 | 183 | 18 | 3 | ![]() |
ڈھاکہ | 24 جنوری 2010ء |
امین الاسلام | ![]() |
145 | 380 | 17 | 0 | ![]() |
ڈھاکہ | 10 نومبر 2000ء |
شکیب الحسن | ![]() |
144 | 242 | 15 | 0 | ![]() |
ڈھاکہ | 17 دسمبر 2011ء |
شہریار نفیس | ![]() |
138 | 189 | 19 | 0 | ![]() |
فتح اللہ | 9 اپریل 2006ء |