مصباح الحق ایک اور ریکارڈ کے قریب

1 1,050

آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ مقابلوں میں شکست کے بعد سخت دباؤ میں موجود پاکستانی کپتان مصباح الحق دبئی میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ کے تین دنوں کے اختتام پر بہت پرسکون ہوں گے۔ پاکستان حریف پر 189 رنز کی برتری حاصل کرچکا ہے اور اس کی تمام وکٹیں بھی باقی ہیں۔ پہلی اننگز میں 151 رنز کی برتری ایسی ہے، جس کے ہوتے ہوئے پاکستان نے تاریخ میں ہمیشہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ جیتا ہے۔ اگر تاریخ خود کو دہرائے تو مصباح الحق ایک یادگار جیت حاصل کرلیں گے لیکن اس سے پہلے مصباح کو ریکارڈ بک میں ایک اور جگہ اپنا نام لکھوانے کا موقع ملے گا۔

اگر مصباح صرف 63 رنز مزید بنا لیں تو پاکستان کے کپتان کی حیثیت سے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے بلے باز بن جائیں گے (تصویر: AFP)
اگر مصباح صرف 63 رنز مزید بنا لیں تو پاکستان کے کپتان کی حیثیت سے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے بلے باز بن جائیں گے (تصویر: AFP)

مصباح الحق کو بحیثیت کپتان سب سے زیادہ رنز بنانے کا قومی ریکارڈ توڑنے کے لیے صرف 63 رنز کی ضرورت ہے۔ مصباح نے قائدانہ حیثیت میں اب تک پاکستان کی جانب سے 30 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں۔ جن کی 52 اننگز میں 57.21 کے اوسط کے ساتھ انہوں نے 2346 رنز بنائے ہیں۔ 22 نصف سنچریوں اور 3 سنچریوں کے ساتھ مصباح 11 مرتبہ ناقابل شکست میدان سے لوٹے ہیں۔ اب اگر وہ مزید 63 رنز بنا لیتے ہیں تو عمران خان کا بنایا گیا قومی ریکارڈ توڑ دیں گے۔

عمران خان نے 48 مقابلوں میں پاکستان کی قیادت کی اور ان میں 2408 رنز بنائے۔ ایک باؤلر کی حیثیت سے معروف عمران کی آل راؤنڈ صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کے لیے یہی اعدادوشمار کافی ہیں۔ 14 نصف سنچریاں، 5 سنچریاں، بہترین اسکور 136 رنز، 18 ناٹ آؤٹ اننگز اور 52.34 کا شاندار اوسط۔ ان کے بعد انضمام الحق اور جاوید میانداد ہیں جنہوں نے بالترتیب 31 اور 34 مقابلوں میں پاکستان کی کپتانی کے فرائض انجام دیے۔ مکمل اعدادوشمار اس ٹیبل میں دیکھیں:

بحیثیت کپتان سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بلے باز

کپتان ملک مقابلے رنز بہترین اننگز اوسط سنچریاں نصف سنچریاں
عمران خان  پاکستان 48 2408 136 52.34 5 14
انضمام الحق پاکستان 31 2397 184 52.10 7 14
جاوید میانداد پاکستان 34 2354 211 50.08 5 13
مصباح الحق پاکستان 30 2346 135 57.21 3 22
سلیم ملک پاکستان 12 1047 237 52.35 3 3

بحیثیت کپتان سب سے زیادہ رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ جنوبی افریقہ کے گریم اسمتھ کے پاس ہے جنہوں نے اپنے کیریئر میں 109 مقابلوں میں قیادت کے فرائض انجام دیے اور ان میچز میں 47.83 کے اوسط کے ساتھ 8659 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کے ایلن بارڈر 93 مقابلوں میں 6623 اور ان کے ہم وطن رکی پونٹنگ 77 مقابلوں میں 6542 رنز کے ساتھ ان کے پیچھے ہیں۔

بحیثیت کپتان سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین

کپتان ملک مقابلے رنز بہترین اننگز اوسط سنچریاں نصف سنچریاں
گریم اسمتھ جنوبی افریقہ 109 8659 277 47.83 25 36
ایلن بارڈر آسٹریلیا 93 6623 205 50.94 15 36
رکی پونٹنگ آسٹریلیا 77 6542 209 51.51 19 35
کلائیو لائیڈ ویسٹ انڈیز 74 5233 242* 51.30 14 27
اسٹیفن فلیمنگ نیوزی لینڈ 80 5156 274* 40.59 8 31
برائن لارا ویسٹ انڈیز 47 4685 400* 57.83 14 19

اگر مصباح پاکستان کی دوسری اننگز میں یہ سنگ میل عبور کرلیتے ہیں تو اس ٹیسٹ کو یادگار بنانے کے لیے پاکستان کو لازمی جیت درکار ہوگی۔