[ریکارڈز] اننگز میں بذریعہ ایل بی ڈبلیو سب سے زیادہ وکٹیں

1 1,028

پاکستان کے سعید اجمل نے انگلستان کے خلاف اہم ٹیسٹ سیریز کے پہلے ہی روز تباہ کن گیند بازی کرتے ہوئے محض 55 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں، جو ان کے مختصر ٹیسٹ کیریئر کی بہترین باؤلنگ ہے۔ سعید نے انگلستان کی اہم ترین وکٹیں حاصل کیں جن میں کپتان اینڈریو اسٹراس، کیون پیٹرسن، این بیل، ایون مورگن، اسٹورٹ براڈ، کرس ٹریملٹ اور جیمز اینڈرسن شامل تھے۔

سعید اجمل نے محض 55 رنز دے کر 7 حریف بلے بازوں کو آؤٹ کیا (تصویر: Getty Images)
سعید اجمل نے محض 55 رنز دے کر 7 حریف بلے بازوں کو آؤٹ کیا (تصویر: Getty Images)

سعید اجمل کی 7 میں سے 5 وکٹیں ایسی تھیں جو انہوں نے بذریعہ ایل بی ڈبلیو حاصل کیں، جو بذات خود ایک ریکارڈ ہے لیکن انوکھا ریکارڈ نہیں ہے۔ سعید اجمل سے قبل پانچ گیند باز ایک اننگز میں حریف ٹیم کے 5 بلے بازوں کو ایل بی ڈبلیو کر چکے ہیں جن میں آسٹریلیا کے ٹیری ایلڈرمین نے جنوری 1990ء میں پاکستان کے خلاف ملبورن ٹیسٹ میں، ویسٹ انڈیز کے کرٹلی ایمبروز نے اپریل 1990ء میں انگلستان کے خلاف برج ٹاؤن ٹیسٹ میں، پاکستان کے محمد زاہد نے نومبر 1996ء میں راولپنڈی ٹیسٹ میں، انگلستان کے رچرڈ جانسن نے جون 2003ء میں زمبابوے کے خلاف چیسٹرلی اسٹریٹ ٹیسٹ میں اور انگلستان کے مونٹی پنیسر نے مئی 2007ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں اننگز میں 5 کھلاڑیوں کو ایل بی ڈبلیو کیا۔

18 ٹیسٹ مقابلوں میں یہ پانچواں موقع ہے جب سعید اجمل نے 5 یا اس سے زائد وکٹیں حاصل کی ہوں جبکہ انگلستان کے خلاف چار ٹیسٹ مقابلوں میں ان کی وکٹوں کی تعداد 19 ہو چکی ہے۔

میچ سے قبل ہی سعید اجمل کو انگلستان کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کے خلاف پاکستان کا اہم ترین مہرہ قرار دیا جا رہا تھا اور انہوں نے سیریز کے پہلے ہی دن اپنی اہمیت کو ثابت کر دکھایا۔ محض 192 پر انگلستان کو ٹھکانے لگانے کے بعد پاکستان نے پہلے روز کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 42 رنز بنا لیے تھے اب دیکھنا یہ ہے کہ پاکستان اپنی 'کمزور کڑی' یعنی بیٹنگ کے ذریعے عالمی نمبر ایک ٹیسٹ ٹیم کو کیا جواب دیتا ہے اور سعید اجمل میچ کی دوسری اننگز میں کیا کارنامہ انجام دیتے ہیں، جب ممکنہ طور پر وکٹ اسپنرز کے لیے زیادہ مددگار ثابت ہوگی۔