[ریکارڈز] ایک روزہ میں مسلسل نصف سنچریاں

0 1,015

نیوزی لینڈ اور انگلستان کی حالیہ ایک روزہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے کسی کو اتنے دلچسپ مقابلوں کی توقع نہیں تھی، جتنے اب تک سیریز میں دیکھنے کو ملے ہیں۔ چار مقابلوں کے بعد سیریز دو-دو سے برابر ہے اور کئی لحاظ سے یہ روایت شکن سیریز ہے۔ انگلستان کے میدانوں میں، جہاں کی کنڈیشنز کا فائدہ اٹھانے کے گیندباز خواب دیکھتے ہیں، اس بار رنز کے انبار لگ رہے ہیں اور کئی ریکارڈز بھی ماضی کا حصہ بن گئے ہیں۔ انگلستان نے اب تک ہونے والے چاروں مقابلوں میں 300 سے زیادہ رنز کا ہندسہ عبور کیا ہے اور ساتھ ہی چوتھے مقابلے میں پہلی بار 350 رنز کا ہدف بھی کامیابی سے حاصل کیا۔ دوسری جانب انگلش کپتان ایون مورگن کے لیے انفرادی طور پر یہ بھی یہ عمدہ سیریز رہی ہے۔ وہ چاروں مقابلوں میں 50 یا اس سے زیادہ رنز بنا کر ملکی تاریخ میں ایک نمایاں مقام حاصل کرچکے ہیں۔

عالمی کپ میں انگلستان کی بدترین کارکردگی کے بعد انگلستان کی ایک روزہ قیادت مورگن کو سونپی گئی۔ جن کی بیٹنگ فارم تمام انگلش شائقین کے لیے تشویش کا باعث تھی لیکن برمنگھم میں ہونے والے پہلے مقابلے میں ہی 50 رنز بنا کراور ساتھ ہی انگلستان کو مقابلہ جتوا کر ناقدین کو پہلا جواب دیا۔ اگر بارش کی وجہ سے دوسرامقابلہ متاثر نہ ہوتا تو شاید مورگن کے 88 رنز فاتحانہ ٹھیرتے۔ ساؤتھمپٹن میں ان کی 71 رنز کی اننگز مکمل طور پر رائیگاں گئی کیونکہ نیوزی لینڈ نے کامیابی حاصل کی اور انگلستان کو دیوار سے لگا دیا۔ چوتھے مقابلے میں مورگن نے 113 کی شاندار اننگز کھیل کر نہ صرف سیریز میں امکانات کو زندہ کردیا بلکہ ایک نیا قومی ریکارڈ بھی قائم کیا۔ وہ کسی بھی سیریز میں انگلستان کی جانب سے سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والے کپتان بن گئے۔ ان سے قبل یہ ریکارڈ مائیک گیٹنگ کے پاس تھا جنہوں نے 1987ء کے عالمی کپ میں تین نصف سنچریاں بنائی تھیں۔

اگر مورگن 20 جون کو پانچویں ایک روزہ میں بھی کم از کم نصف سنچری بناتے ہیں تو وہ دنیا کے 23 ویں بلے باز ہوں گے، جنہوں نے مسلسل پانچ ایک روزہ میں 50 یا اس سے زیادہ رنز بنائے۔ لیکن ریکارڈ مسلسل 9 مقابلوں کا ہے جو پاکستان کے عظیم بلے باز جاوید میانداد کے پاس ہے۔ جاوید میانداد نے 1987ء میں مسلسل 9 ایک روزہ مقابلوں میں 50 یا اس سے زیادہ رنز کی اننگز کھیلی تھیں۔ انہوں نے مارچ میں بھارت کے خلاف ناگپور میں 78 رنز بنا کر جس سلسلے کا آغاز کیا وہ اکتوبر میں سری لنکا کے خلاف 103 رنز کی باری تک جاری رہا۔ اس دوران میانداد نے دو مرتبہ تہرے ہندسے کی اننگز بھی کھیلیں اور چار مرتبہ ناقابل شکست باریوں کے ذریعے پاکستان کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کیا۔

مسلسل نصف سنچریوں میں کوئی بلے باز میانداد کے قریب قریب بھی نہیں۔ چار بلے باز مسلسل چھ نصف سنچریوں کا کارنامہ رکھتے ہیں جن میں ویسٹ انڈیز کے گورڈن گرینج، نیوزی لینڈ کے اینڈریو جونز، آسٹریلیا کے مارک واہ اور پاکستان کے محمد یوسف شامل ہیں۔

فی الوقت تو مورگن کی نظریں جاوید میانداد کے ریکارڈ سے زیادہ یہ سیریز جیتنے پر ہوں گی۔ دیکھتے ہیں وہ یہ مرحلہ کیسے عبور کرتے ہیں۔

ایک روزہ میں 50 رنز سے زیادہ کی مسلسل اننگز کھیلنے والے بلے باز

بلے باز ملک مسلسل 50+ اننگز رنز بمقابلہ بمقام بتاریخ
جاوید میانداد  پاکستان 9 78 بھارت ناگپور 24 مارچ 1987ء
78* بھارت جمشیدپور 26 مارچ 1987ء
74* آسٹریلیا شارجہ 3 اپریل 1987ء
60 انگلستان شارجہ 7 اپریل 1987ء
52* بھارت شارجہ 10 اپریل 1987ء
113 انگلستان اوول 21 مئی 1987ء
71* انگلستان ناٹنگھم 23 مئی 1987ء
68 انگلستان برمنگھم 25 مئی 1987ء
103 سری لنکا حیدرآباد 8 اکتوبر 1987ء
گورڈن گرینج ویسٹ انڈیز 6 85* انگلستان برسبین 23 دسمبر 1979ء
50 انگلستان ایڈیلیڈ 16 جنوری 1980ء
80 انگلستان ملبورن 20 جنوری 1980ء
98* انگلستان سڈنی 22 جنوری 1980ء
103 نیوزی لینڈ کرائسٹ چرچ 6 فروری 1980ء
78 انگلستان لیڈز 28 مئی 1980ء
اینڈریو جونز نیوزی لینڈ 6 57 بھارت وڈودرا 17 دسمبر 1988ء
55* پاکستان ڈنیڈن 6 فروری 1989ء
62* پاکستان کرائسٹ چرچ 4 مارچ 1989ء
67 پاکستان ویلنگٹن 8 مارچ 1989ء
82 پاکستان آکلینڈ 11 مارچ 1989ء
63* پاکستان ہملٹن 14 مارچ 1989ء
مارک واہ آسٹریلیا 6 63 سری لنکا سڈنی 13 جنوری 1999ء
83 انگلستان ملبورن 15 جنوری 1999ء
85 انگلستان سڈنی 17 جنوری 1999ء
65 سری لنکا ہوبارٹ 21 جنوری 1999ء
57 سری لنکا ایڈیلیڈ 24 جنوری 1999ء
65 انگلستان ایڈیلیڈ 26 جنوری 1999ء
یوسف یوحنا پاکستان 6 106 بنگلہ دیش فیصل آباد 12 ستمبر 2003ء
65 بنگلہ دیش لاہور 15 ستمبر 2003ء
94* بنگلہ دیش راولپنڈی 18 ستمبر 2003ء
52 بنگلہ دیش کراچی 21 ستمبر 2003ء
68 جنوبی افریقہ لاہور 3 اکتوبر 2003ء
65 جنوبی افریقہ لاہور 5 اکتوبر 2003ء