[ریکارڈز] سنگاکارا بریڈمین سے صرف ایک قدم کے فاصلے پر

0 1,008

بیسن ریزرو ویلنگٹن میں جاری نیوزی لینڈ-سری لنکا ٹیسٹ کے پہلے دن جب میزبان کے 221 رنز کے جواب میں سری لنکا صرف 78 رنز پر پانچ وکٹوں سے محروم ہوگیا تھا تو، پہلے ٹیسٹ کے نتیجے کو دیکھتے ہوئے، بہت کم شائقین کو توقع تھی کہ سری لنکا اس مقام سے سنبھل جائے گا۔ لیکن جب کریز پر سنگاکارا جیسا افسانوی بلے باز کریز پر موجود ہو تو کچھ بعید نہیں، جو کیریئر کی گیارہویں ڈبل سنچری کی مدد سے سری لنکا کو نہ صرف 135 رنز کی ناقابل یقین برتری دلا گئے بلکہ عظیم بلے باز ڈآن بریڈمین کے سب سے زیادہ ڈبل سنچریوں کے ریکارڈ کے بھی مزید قریب پہنچ گئے۔

کمار سنگاکارا اب ڈان بریڈمین کے 12 ڈبل سنچریوں کے ریکارڈ سے صرف ایک ڈبل سنچری کے فاصلے پر آ گئے ہیں (تصویر: AFP)
کمار سنگاکارا اب ڈان بریڈمین کے 12 ڈبل سنچریوں کے ریکارڈ سے صرف ایک ڈبل سنچری کے فاصلے پر آ گئے ہیں (تصویر: AFP)

سنگاکارا نے میچ کے دوسرے دن سری لنکا کی اننگز کے 101 ویں اوور میں خوبصورت کور ڈرائیو پر چوکا حاصل کرکے اپنی 11 ویں ڈبل سنچری مکمل کی جو بلاشبہ نیوزی لینڈ کی سرزمین پر کھیلی گئی ان کی یادگار ترین اننگز ہے۔ جب اسی اوور کی آخری گیند پر وہ آؤٹ ہوئے تو میدان میں موجود ہر تماشائی اور ہر کھلاڑی ان کے لیے داد و تحسین پیش کررہا تھا۔ 306 گیندوں پر 18 چوکوں اور تین چھکوں سے مزین 203 رنز کی اننگز اپنے اختتام کو پہنچی لیکن سری لنکا کو مقابلے میں بالادست مقام تک ضرور پہنچا گئی۔ سنگاکارا اس وقت میدان میں اترے تھے جب سری لنکا 18 رنز پر پہلی وکٹ سے محروم ہوگیا تھا اور جب ٹرینٹ بولٹ کے ناقابل یقین کیچ نے ان کی اننگز کا خاتمہ کیا تو اسکور بورڈ پر 356 رنز کا ہندسہ جگمگا رہا تھا۔

کمار سنگاکارا ڈان بریڈمین کے بعد کرکٹ تاریخ کے واحد بلے باز ہیں جنہوں نے کیریئر میں 10 سے زیادہ مرتبہ 200 کا ہندسہ عبور کیا ہے۔ سنگا نے اپنی پہلی ڈبل سنچری مارچ 2002ء میں پاکستان کے خلاف لاہور میں بنائی تھی جب ایشین ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں ان کی وہ 230 رنز کی اننگز نے سری لنکا کو 8 وکٹوں سے جتوایا تھا۔ اس کے بعد سے اب تک سنگا کل 11 مرتبہ 200 رنز کا ہندسہ عبور کر چکے ہیں، جس میں بنگلہ دیش کے خلاف فروری 2014ء میں بنائی گئی ٹرپل سنچری بھی شامل ہے۔ پچھلے سال دو مرتبہ 200 رنز کا ہندسہ چھونے کے بعد سنگا نے نئے سال کا آغاز بھی ایک عرصہ یاد رہنے والی اننگز کے ذریعے کیا ہے۔

سنگاکارا ڈان بریڈمین کا ریکارڈ ضرور توڑ چکے ہوتے اگر وہ کیریئر میں تین مرتبہ 190 رنز بنانے کے بعد 200 رنز سے پہلے ناکام نہ ہوتے۔ 2012ء میں ایک مرتبہ تو یہ حالت ہوئی کہ وہ 199 رنز کے ساتھ ایک اینڈ پر کھڑے ہی رہ گئے کیونکہ دوسرے کنارے سے پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی تھی۔ اس مایوسی کے صرف ایک ہفتے بعد وہ 192 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ ان کے کیریئر کی سب سے یادگار اننگز بھی امپائر کے ناقص فیصلے کی وجہ سے ڈبل سنچری تک پہنچنے سے محروم رہی تھی۔ نومبر 2007ء میں آسٹریلیا کے خلاف ہوبارٹ میں انہوں نے 192 رنز بنا ڈالے تھے کہ امپائر کے غلط فیصلے نے انہیں میدان سے لوٹنے پر مجبور کردیا۔ اگر سنگا ان تینوں مواقع پر 200 کا ہندسہ چھو لیتے تو آج ان کی ڈبل سنچریوں کی تعداد 14 ہوتی۔

سر ڈان بریڈمین نے اپنے 18 سالہ کیریئر میں 12 مرتبہ 200 سے زیادہ رنز بنائے جبکہ سنگاکارا کے پاس اب ڈان بریڈمین کا ریکارڈ برابر کرنے کا موقع ہے۔ ایک ایسا ریکارڈ کہ سچن تنڈولکر، برائن لارا، رکی پونٹنگ اور سر ویوین رچرڈز جیسے بلے باز بھی اس کے قریب نہ پہنچ سکے اب سنگاکارا کی گرفت میں ہے۔ 37 سالہ سنگاکارا ویلنگٹن میں کیریئر کا 130 واں ٹیسٹ کھیل رہے ہیں اور اسی میچ کے دوران انہوں نے 12 ہزار ٹیسٹ رنز کا سنگ میل بھی عبور کیا ہے اور ان کے پاس ریکارڈ بک میں اپنے اندراجات میں اضافے کرنے کا سنہرا موقع موجود ہے۔

200 سے زیادہ رنز کی سب سے زیادہ اننگز کھیلنے والے بلے باز

بلے باز ملک کل مقابلے رنز اوسط بہترین اننگز سنچریاں ڈبل سنچریاں
ڈان بریڈمین  آسٹریلیا 52 6996 99.94 334 29 12
کمار سنگاکارا  سری لنکا 130* 12198 58.92 319 38 11
برائن لارا  ویسٹ انڈیز 131 11953 52.88 400* 34 9
والی ہیمنڈ  انگلستان 85 7249 58.48 336* 22 7
مہیلا جے وردھنے  سری لنکا 149 11814 51.45 374 34 7