مرد درویش ہاشم آملہ ایک اور ریکارڈ کے قریب

1 1,033

جنوبی افریقہ عالمی کپ سے صرف چند ماہ قبل تیاریوں کے سلسلے میں آسٹریلیا کے دورے پر موجود ہے اور اب تک کھیلے گئے تین ایک روزہ مقابلوں کے بعد دو-ایک سے خسارے میں ہے ۔ تیسرے ایک روزہ میں آسٹریلیا نے جامع کارکردگی دکھا کر جنوبی افریقہ کو 73 رنز سے زیر کیا اور ہاشم آملہ کی 17 ویں سنچری بھی اسے شکست سے نہ بچا سکی۔

ہاشم آملہ سب سے کم اننگز میں 2، 3 اور 4 ہزار رنز کے ریکارڈز بنانے کے بعد اب 5 ہزار رنز کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کرنے کے قریب ہیں (تصویر: Getty Images)
ہاشم آملہ سب سے کم اننگز میں 2، 3 اور 4 ہزار رنز کے ریکارڈز بنانے کے بعد اب 5 ہزار رنز کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کرنے کے قریب ہیں (تصویر: Getty Images)

101 مقابلوں پر مشتمل کیریئر کے دوران ہاشم آملہ نے 17 مرتبہ سنچری بنائی ہے اور آج کا مقابلہ ملا کر 15 بار جنوبی افریقہ کو فتح نصیب ہوئی ہے۔ یعنی صرف دو بار ایسا ہوا ہے کہ ہاشم کی سنچری کے باوجود شکست نے جنوبی افریقہ کا در دیکھا ہو۔ مرد درویش ہاشم آملہ جتوا تو نہ سکے لیکن 102 رنز کی اننگز کے دوران 5 ہزار ایک روزہ رنز کے سنگ میل کے مزید قریب ضرور آ گئے ہیں۔ اب 101 ایک روزہ مقابلوں کی 98 اننگز میں ان کے رنز کی تعداد 4910 تک جا پہنچی ہے اور 5 ہزار رنز کے پڑاؤ تک پہنچنے کے لیے انہیں صرف 90 رنز کی ضرورت ہے۔ یوں وہ سب سے کم اننگز میں 5 ہزار رنز بنانے والے بیٹسمین بن سکتے ہیں۔

ہاشم آملہ اس سے قبل سب سے کم اننگز میں 2 ہزار، 3 ہزار اور 4 ہزار رنز کے ریکارڈز بنا چکے ہیں اور اب ان کی نظریں ویسٹ انڈیز کے عظیم بلے باز سر ویوین رچرڈز کے ریکارڈ پر ہیں جنہوں نے جنوری 1987ء میں صرف 114 اننگز میں 5 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کیا تھا۔ بھارت کے ویراٹ کوہلی بھی پچھلے سال اتنی ہی اننگز میں 5 ہزاری منصب پر فائز ہوئے۔ یوں یہ ریکارڈ مشترکہ طور پر ان دونوں بلے بازوں کی ملکیت ہے لیکن اب یہ ریکارڈ ہاشم آملہ کے نام ہونے جا رہا ہے۔

ہاشم آملہ نے مارچ 2008ء میں اپنے کیریئر کے آغاز کے بعد 40 اننگز میں 2 ہزار رنز مکمل کرکے ایشین بریڈمین ظہیر عباس کا ریکارڈ توڑا تھا۔ اس کے بعد صرف مزید اننگز کھیل کر انہوں نے سر ویوین رچرڈز کے تیز ترین 3 ہزار ون ڈے رنز کا ریکارڈ اپنے نام کیا اور پچھلے سال بھارت کے خلاف ڈربن کے مقام پر اپنی 81 ویں اننگز میں 4 ہزار رنز بنا کر 'ویو' کے اس ریکارڈ کو بھی پاش پاش کردیا۔ اب وہ باآسانی 5 ہزار رنز کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں کیونکہ ان کے پاس صرف 90 رنز بنانے کے لیے 15 اننگز موجود ہیں۔

پاکستان کی جانب سے سب سے کم اننگز میں 5 ہزار ون ڈے رنز بنانے کا اعزاز سعید انور کو حاصل ہے جنہوں نے 138 اننگز میں یہ مقام حاصل کیا تھا۔

ذیل میں سب سے کم اننگز میں 5 ہزار ایک روزہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست پیش ہے۔

تیز ترین 5 ہزار ون ڈے رنز بنانے والے بلے باز

بلے باز ملک ملک اننگز
ویوین رچرڈز  ویسٹ انڈیز 126 114
ویراٹ کوہلی بھارت 120 114
برائن لارا  ویسٹ انڈیز 120 118
گورڈن گرینج  ویسٹ انڈیز 122 121
ابراہم ڈی ولیئرز جنوبی افریقہ 129 124
سارو گانگلی بھارت 131 126