[ریکارڈز] ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میں بہترین باؤلنگ

سری لنکا کے اجنتھا مینڈس نے گزشتہ روز ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ کی تاریخ کی بہترین باؤلنگ کر کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء کے افتتاحی مقابلے کو اپنے لیے یادگار بنا لیا۔ زمبابوے کے خلاف کھیلے گئے مقابلے میں انہوں نے محض 8 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور اپنے ہی قائم کیے گئے ریکارڈ کو توڑ ڈالا۔ انہوں نے مجموعی طور پر اننگز میں 4 اوورز پھینکے اور ان میں سے دو اوورز میڈن تھے، یعنی ان میں حریف بلے باز کوئی رنز نہ بنا سکے۔ انہوں نے ہملٹن ماساکازا، ووسی سبانڈا، برینڈن ٹیلر اور ایلٹن چگمبورا کے زمبابوے کے سرفہرست چاروں بلے بازوں کو بھی ٹھکانے لگایا اور آخر میں پراستر اتسیا اور کائل جاروس کو میدان سے باہر کی راہ دکھا کر اپنے آخری اوور میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

مینڈس کی اس تباہ کن کارکردگی کی بدولت سری لنکا نے بحیثیت میزبان سال کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ کا آغاز تباہ کن انداز میں کیا اور 83 رنز کی بھاری فتح سمیٹی۔ لیکن دیکھنا یہ ہے کہ جنوبی افریقہ جیسے سخت حریف کے خلاف اگلے مقابلے میں وہ کیسی کارکردگی دکھاتے ہیں۔ وہ میچ بھی ہمبنٹوٹا کے اسی میدان پر کھیلا جائے گا اور اگر وکٹ اسپن کے لیے اتنی ہی مددگار ثابت ہوئی تو پروٹیز کو سخت مشکلات درپیش ہوں گی۔
بہرحال، ہم ٹی ٹوئنٹی میں بہترین باؤلنگ کے ریکارڈ کی بات کر رہے تھے اور بتا چکے ہیں کہ اس سے قبل بھی یہ ریکارڈ اجنتھا مینڈس ہی کے پاس تھا جنہوں نے اگست 2011ء میں پالی کیلے کے میدان میں آسٹریلیا کے خلاف 16 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کی تھیں اور پاکستان کے عمر گل کا قائم کردہ ٹی ٹوئنٹی کی بہترین باؤلنگ کا ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔ اس مقابلے میں مینڈس میں کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت 8 رنز سے فتح حاصل کی اور سیریز بھی 2-0 سے جیتی تھی۔
پاکستان کے عمر گل نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2009ء کے دوران نیوزی لینڈ کے خلاف اہم ترین معرکے میں 6 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں اور پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچایا تھا۔ بعد ازاں پاکستان نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی چیمپئن ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
ہم یہاں قارئین کی دلچسپی کے لیے ٹی ٹوئنٹی کی مختصر تاریخ میں ایک اننگز میں سب سے بہترین باؤلنگ کرنے والے چند باؤلرز کی فہرست پیش کر رہے ہیں:
نام | ملک | اوورز | میڈنز | رنز | وکٹیں | بمقابلہ | بمقام | بتاریخ |
---|---|---|---|---|---|---|---|---|
اجنتھا مینڈس | ![]() |
4.0 | 2 | 8 | 6 | ![]() |
ہمبنٹوٹا | 18 ستمبر 2012ء |
اجنتھا مینڈس | ![]() |
4.0 | 1 | 16 | 6 | ![]() |
پالی کیلے | 8 اگست 2011ء |
عمر گل | ![]() |
3.0 | 0 | 6 | 5 | ![]() |
اوول | 13 جون 2009ء |
الیاس سنی | ![]() |
4.0 | 1 | 13 | 5 | ![]() |
بیلفاسٹ | 18 جولائی 2012ء |
ٹم ساؤتھی | ![]() |
4.0 | 1 | 18 | 5 | ![]() |
آکلینڈ | 26 دسمبر 2010ء |
راین میک لارن | ![]() |
3.5 | 0 | 19 | 5 | ![]() |
نارتھ ساؤنڈ | 19 مئی 2010ء |
نیمیاہ اوڈھیامبو | ![]() |
4.0 | 0 | 20 | 5 | ![]() |
نیروبی | 4 فروری 2010ء |
ڈیرن سیمی | ![]() |
3.5 | 0 | 26 | 5 | ![]() |
پورٹ آف اسپین | 28 فروری 2010ء |