[ریکارڈز] ایک روزہ کرکٹ میں بیٹ کیری کرنے والے بلے باز

2 1,050

کرکٹ میں ’بیٹ کیری‘ کرنے کا مطلب ہوتا ہے کہ پوری ٹیم آؤٹ ہونے کے باوجود اوپنر کی حیثیت سے جانے والا بلے باز ناقابل شکست میدان سے لوٹے۔ ایک روزہ کرکٹ کی دہائیوں پر مشتمل تاریخ میں صرف 9 اوپننگ بلے باز ایسے ہیں جنہیں یہ اعزاز حاصل ہوا ہے کہ وہ ناقابل شکست واپس آئے ہوں اور ان میں تازہ اضافہ پاکستان کے اظہر علی کا ہے جنہوں نے اپنے مختصر سے کیریئر میں یہ کارنامہ بھی انجام دے ڈالا۔

اظہر علی نے یہ کارنامہ محض اپنے آٹھویں ایک روزہ مقابلے میں انجام دیا (تصویر: AFP)
اظہر علی نے یہ کارنامہ محض اپنے آٹھویں ایک روزہ مقابلے میں انجام دیا (تصویر: AFP)

سری لنکا کے خلاف کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں ہونے والے سیریز کو چوتھے ایک روزہ مقابلے میں پاکستان 244 رنز کا ہدف ملا تو میدان میں اترا تو اظہر علی اپنے ساتھی محمد حفیظ کے ساتھ اوپنر کی حیثیت سے میدان میں اترے اور ایک مضبوط پوزیشن پر پہنچنے کے باوجود پاکستان کا ایک اینڈ مکمل طور پر حریف گیند بازوں کے رحم و کرم پر رہا جبکہ دوسرے اینڈ سے اظہر علی اپنی ٹانگ میں تکلیف کے باوجود ڈٹے رہے یہاں تک کہ 45 اوورز میں پوری ٹیم 199 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور اظہر علی 81 رنز کے ساتھ ناقابل شکست میدان سے لوٹے۔

اظہر علی عظیم اوپنر سعید انور کے بعد دوسرے پاکستانی بلے باز ہیں جنہوں نے ’بیٹ کیری‘ کیا ہے اور ویسے بھی یہ 11 سال بعد ایک روزہ کرکٹ میں بیٹ کیری کرنے کا پہلا موقع رہا۔ آخری مرتبہ اپریل 2001ء میں بنگلہ دیش کے جاوید عمر نے زمبابوے کے خلاف بیٹ کیری کیا تھا۔

ایک روزہ کرکٹ میں پہلی بار یہ اعزاز زمبابوے کے گرانٹ فلاور نے دسمبر 1994ء میں سڈنی کے تاریخی میدان پر انگلستان کے خلاف حاصل کیا تھا۔ جبکہ پاکستان کی جانب سے پہلی بار فروری 1995ء میں سعید انور نے زمبابوے کے خلاف ہرارے میں بیٹ کیری کیا تھا۔

ذیل میں تمام 9 بلے بازوں کے بیٹ کیری کرنے کے اعداد و شمار پیش ہیں، امید ہے کہ قارئین کی معلومات میں اضافے کا باعث بنیں گے۔

ایک روزہ کرکٹ میں بیٹ کیری کرنے والے بلے باز

بلے باز رنز ٹیم کا مجموعی اسکور ملک بمقابلہ بمقام بتاریخ
گرانٹ فلاور 84* 205 زمبابوے انگلستان سڈنی 15 دسمبر 1994ء
سعید انور 103* 219 پاکستان زمبابوے ہرارے 22 فروری 1995ء
نک نائٹ 125* 246 انگلستان پاکستان ناٹنگھم یکم ستمبر 1996ء
رڈلے جیکبز 49* 110 ویسٹ انڈیز آسٹریلیا مانچسٹر 30 مئی 1999ء
ڈیمین مارٹن 116* 191 آسٹریلیا نیوزی لینڈ آکلینڈ 3 مارچ 2000ء
ہرشل گبز 59* 101 جنوبی افریقہ پاکستان شارجہ 28 مارچ 2000ء
ایلک اسٹیورٹ 100* 192 انگلستان ویسٹ انڈیز ناٹنگھم 20 جولائی 2000ء
جاوید عمر 33* 103 بنگلہ دیش زمبابوے ہرارے 8 اپریل 2001ء
اظہر علی 81* 199 پاکستان سری لنکا کولمبو 16 جون 2012ء