[ریکارڈز] احمد شہزاد طویل ترین اننگز اور سب سے زیادہ چھکے لگانے والا پاکستانی

1 1,032

پاکستان کے احمد شہزاد نے زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں ملک کی جانب سے طویل ترین انفرادی ٹی ٹوئنٹی اننگز کھیلنے کا ریکارڈ تو قائم کرلیا لیکن بدقسمتی سے اپنی سنچری مکمل نہ کر سکے۔ انہیں پاکستانی باری کی آخری گیند پر تین رنز کی ضرورت تھی لیکن وہ صرف ایک رن دوڑ سکے اور یوں ناقابل شکست 98 رنز کے ساتھ میدان سے باہر لوٹے۔

احمد شہزاد نے مصباح الحق سب سے طویل انفرادی ٹی ٹوئنٹی اننگز کا قومی ریکارڈ توڑا (تصویر: AFP)
احمد شہزاد نے مصباح الحق سب سے طویل انفرادی ٹی ٹوئنٹی اننگز کا قومی ریکارڈ توڑا (تصویر: AFP)

احمد شہزاد کی اننگز صرف 64 گیندوں پر مشتمل تھی اور اس میں 6 بلند و بالا چھکے اور اتنے ہی چوکے شامل تھے۔ یہ کسی بھی پاکستانی کی جانب سے ایک ٹی ٹوئنٹی اننگز میں لگائے گئے چھکوں کی سب سے زیادہ تعداد بھی تھی۔ ۔ اس باری کے دوران انہوں نے پاکستان کی جانب سے طویل ترین انفرادی اننگز کا ریکارڈ توڑا جو اس سے قبل مصباح الحق کے پاس تھا جنہوں نے 20 اپریل 2008ء کو کراچی میں بنگلہ دیش کے خلاف ناقابل شکست 87 رنز بنائے تھے۔

اگر احمد شہزاد سنچری بنانے میں کامیاب ہوجاتے تو وہ ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں تہرے ہندسے میں پہنچنے والے نویں بلے باز ہوتے۔ سنچریاں بنانے والوں میں سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے دو، دو اور جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، بھارت اور اسکاٹ لینڈ کا ایک، ایک بلے باز شامل ہے۔نیوزی لینڈ کے برینڈن میک کولم کو سب سے زیادہ یعنی دو سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل ہے جبکہ جنوبی افریقہ کے رچرڈ لیوی کو تیز ترین سنچری کا ریکارڈ حاصل ہے جنہوں نے 51 گیندوں پر 117 رنز بنائے تھے۔

بہرحال، احمد شہزاد کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت پاکستان صرف 1 وکٹ کے نقصان پر 179 رنز تک پہنچا اور یہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ محض دوسرا موقع تھا کہ کسی ٹیم کی اننگز میں آخر تک صرف ایک ہی وکٹ گری ہو اور اتفاق سے آخری مرتبہ جب ایسا ہوا تھا تب بھی 179 رنز ہی بنے تھے جو بنگلہ دیش نے 2012ء میں ڈھاکہ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف بنائے تھے۔

ہم قارئین کی دلچسپی کے لیے اب تک ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بننے والی سنچریوں کے اعدادوشمار ذیل میں پیش کر رہے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سنچریاں بنانے والے بلے باز

بلے باز ملک رنز گیندیں چوکے چھکے اسٹرائیک ریٹ بمقابلہ میدان بتاریخ
برینڈن میک کولم نیوزی لینڈ 123 58 11 7 212.06 بنگلہ دیش پالی کیلے 21 ستمبر 2012ء
رچرڈ لیوی جنوبی افریقہ 117* 51 5 13 229.41 نیوزی لینڈ ہملٹن 19 فروری 2010ء
کرس گیل ویسٹ انڈیز 117 57 7 10 205.26 جنوبی افریقہ جوہانسبرگ 11 ستمبر 2007ء
برینڈن میک کولم نیوزی لینڈ 116* 56 12 8 207.14 آسٹریلیا کرائسٹ چرچ 28 فروری 2010ء
تلکارتنے دلشان سری لنکا 104* 57 12 5 182.45 آسٹریلیا پالی کیلے 6 اگست 2011ء
مارٹن گپٹل نیوزی لینڈ 101* 69 9 6 146.37 جنوبی افریقہ ایسٹ لندن 23 دسمبر 2012ء
سریش رینا بھارت 101 60 9 5 168.33 جنوبی افریقہ گروس آئی لیٹ 2 مئی 2010ء
مہیلا جے وردھنے سری لنکا 100 64 10 4 156.25 زمبابوے پروویڈنس 3 مئی 2010ء
رچی بیرنگٹن اسکاٹ لینڈ 100 58 10 5 172.41 بنگلہ دیش دی ہیگ 24 جولائی 2012ء