عالمی درجہ بندی: سرفراز احمد، ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے

0 1,057

دبئی میں پاک-نیوزی لینڈ دوسرا ٹیسٹ انتہائی دلچسپ مقابلے کے بعد بغیر کسی نتیجے تک پہنچے تمام ہوا لیکن اس ٹیسٹ کو ہیجان انگیز مرحلے تک پہنچانے کے تمام اہم کرداروں نے عالمی درجہ بندی میں اپنے قدم بھی آگے بڑھائے ہیں۔

سرفراز احمد کو میچ کا دھارا پلٹنے والی سنچری اننگز عالمی درجہ بندی میں اٹھارہویں نمبر پر لے آئی ہے (تصویر: Getty Images)
سرفراز احمد کو میچ کا دھارا پلٹنے والی سنچری اننگز عالمی درجہ بندی میں اٹھارہویں نمبر پر لے آئی ہے (تصویر: Getty Images)

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جاری کردہ تازہ ترین درجہ بندی کے مطابق مقابلے کو پاکستان کے حق میں پلٹنے والی سرفراز احمد کی 112 رنز کی شاندار اننگز دنیا کے 20 بہترین بلے بازوں میں لے آئی ہے۔ سرفراز نے دبئی میں اس وقت اپنے کیریئر کی تیسری ٹیسٹ سنچری بنائی جب پاکستان 403 رنز کے جواب میں صرف 220 رنز پر اپنے پانچ بہترین بلے بازوں سے محروم ہوچکا تھا۔ لیکن ان کی سنچری نے نیوزی لینڈ کی برتری کو صرف 10 رنز تک محدود رکھا اور مقابلے کو نتیجہ خیز بنانے کی راہ ہموار کی۔ البتہ نیوزی لینڈ کے روس ٹیلر کی دوسری اننگز میں بنائی گئی شاندار سنچری مقابلے کو ایک مرتبہ پھر نیوزی لینڈ کے حق میں جھکا گئی۔ اس اننگز کی بدولت ٹیلر عالمی درجہ بندی میں بدستور دسویں بہترین بلے باز ہیں۔ علاوہ ازیں ان کے ہم وطن ٹام لیتھم کی سنچری انہیں 36 ویں نمبر پر لے آئی ہے۔ 22 سالہ لیتھم نے ابوظہبی کے بعد دبئی میں بھی سنچری بنائی تھی۔

عالمی درجہ بندی میں سری لنکا کے کمار سنگاکارا بدستور نمبر ایک ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے ابراہم ڈی ولیئرز ان کے بعد دوسرے درجے پر فائز ہیں۔ پاکستان کے یونس خان، جو دبئی ٹیسٹ سے پہلے پانچویں نمبر پر تھے، 72 اور 44 رنز کی اننگز کھیلنے کے باوجود اپنی پانچویں پوزیشن کو برقرار نہیں رکھ سکے اور چھٹے نمبر پر چلے گئے ہیں جبکہ کپتان مصباح الحق بدستور آٹھویں نمبر پر موجود ہیں۔

دوسری جانب گیندبازوں میں پاکستان کے ذوالفقار بابر کی 8 وکٹیں انہیں کیریئر کی بہترین 28 ویں پوزیشن پر لے آئی ہیں۔ ان کے ساتھی اسپنر یاسر شاہ پانچ درجہ ترقی پانے کے بعد 30 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ جبکہ نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ تین درجے پھلانگ کر اب دنیا کے دسویں بہترین گیندباز بن گئے ہیں۔

گیندبازوں میں سرفہرست مقام بدستور جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین کو حاصل ہے جبکہ آسٹریلیا کے راین ہیرس اور سری لنکا کے رنگانا ہیراتھ ان کے بعد دوسرے اور تیسرے نمبر پر فائز ہیں۔ جبکہ آل راؤنڈرز میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن سرفہرست ہیں۔

پاک-نیوزی لینڈ کا تیسرا مقابلہ بدھ سے شارجہ میں شروع ہوگا جس کے آغاز سے پہلے ہی پاکستان کو ایک-صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔