راہول ڈریوڈ کا اگلے ماہ مختصر طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

2 1,083

بھارت کے تجربہ کار بلے باز راہول ڈریوڈ نے کہا ہے کہ وہ انگلستان کے خلاف محدود اوورز کی سیریز کے بعد ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائر ہو جائیں گے۔

راہول ڈریوڈ گزشتہ دو سال سے ایک روزہ ٹیم سے باہر تھے
راہول ڈریوڈ گزشتہ دو سال سے ایک روزہ ٹیم سے باہر تھے

انہوں نے یہ اعلان اگلے ماہ شروع ہونے والے دورۂ انگلستان کے محدود اوورز کے مرحلے کے لیے ٹیم میں اپنی حیران کن شمولیت کے بعد کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ پر اپنی توجہ مرکوز رکھنے کے لیے ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں قومی ٹیم سے ریٹائر ہونا چاہتے ہیں۔

38 سالہ راہول ڈریوڈ ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کے ساتویں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں، جنہوں نے 339 مقابلوں میں تقریباً 40 کے اوسط سے 10 ہزار 765 رنز بنا رکھے ہیں۔ وہ 2007ء کے اواخر سے بھارتی ایک روزہ دستے کا مستقل حصہ نہیں ہیں۔ 2009ء میں جنوبی افریقہ میں ہونے والے چیمپئنز ٹرافی کے لیے انہیں طلب کیا گیا تھا لیکن ناقص کارکردگی انہیں انگلستان کے خلاف ہونے والی اگلی سیریز کے لیے اعلان کردہ دستے میں شامل نہ کر سکی۔

نارتھمپٹن شائر کے خلاف پریکٹس میچ کے بعد راہول ڈریوڈ نے کہا کہ دو سال تک قومی کرکٹ ٹیم کے لیے منتخب نہ کیے جانے کے بعد اچانک شامل کیے جانے نے انہیں کچھ حیران ضرور کیا ہے۔ کیونکہ مجھے منتخب نہیں کیا جا رہا تھا اس لیے میں نے ٹیسٹ کرکٹ پر توجہ مرکوز رکھنے کی خواہش سے سلیکٹرز کو آگاہ بھی نہیں کیا تھا۔ اب میں اعلان کرنا چاہتا ہوں کہ انگلستان کے خلاف سیريز کے بعد میں ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردوں گا اور اپنی تمام تر توجہ ٹیسٹ کرکٹ پر مرکوز رکھوں گا کیونکہ میں سمجھتا ہوں کہ طویل المیعاد بنیادوں پر یہ میرے اپنے لیے اور بھارتی کرکٹ کے لیے موزوں ہے۔

ڈریوڈ حال ہی میں کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں دوسرے نمبر پر آئے ہیں۔

1996ء میں کیریئر کا آغاز کرنے والے کھلاڑی راہول ڈریوڈ کو ابتداء میں ٹیسٹ طرز ہی کا کھلاڑی سمجھا جاتا تھا لیکن بعد ازاں انہوں نے محدود اوورز کی کرکٹ میں بھی اپنا لوہا منوایا اور کئی عالمی ریکارڈز قائم کیے۔

انہوں نے بھارتی ٹیم کے کپتان کی حیثیت سے ایک ناکام دور بھی گزارا اور انہی کی قیادت میں بھارت 2007ء کے عالمی کپ کے پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہوا تھا۔