سیمی فائنل میں بھارت جیتے گا، رکی پونٹنگ کی پیش گوئی

6 1,060

آسٹریلیا کے کپتان رکی پونٹنگ نے پیش گوئی کی ہے کہ بھارت عالمی کپ کے سیمی فائنل میں روایتی حریف پاکستان کو شکست دے دے گا۔

آسٹریلیا کے کپتان رکی پونٹنگ

مسلسل تین عالمی کپ جیتنے کے بعد اس مرتبہ آسٹریلیا بھارت کے ہاتھوں شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا ہے اور اب بھارتی ٹیم 30 مارچ کو چندی گڑھ کے پی سی اے اسٹیڈیم میں روایتی حریف پاکستان کا سامنا کرنے جا رہی ہے۔

بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد آسٹریلوی قائد کا کہنا تھا کہ "پاکستان نے ہمارے خلاف اپنے تیز گیند بازوں عمر گل، عبد الرزاق اور وہاب ریاض کو کھلایا اور ان کےاسپنرز نے بھی اچھی کارکردگی دکھائی۔ گو کہ یہ کہنا مشکل ہے لیکن میرے خیال میں بھارت سیمی فائنل میں بھارت کو شکست دے دے گا۔"

انہوں نے کہا کہ "ہم سب جانتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلے کا مطلب کیا ہوتا ہے، اس لیے مجھے یقین ہے کہ یہ بہت دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ ہوگا۔"

پونٹنگ کے مطابق بھارت کی بیٹنگ لائن اپ بہت طویل اور طاقتور ہے اس لیے اس کے جیتنے کے امکانات زیادہ ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت کے خلاف کوارٹر فائنل میں شکست سے پہلے آخری گروپ میچ میں آسٹریلیا کو پاکستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے نتیجے میں عالمی کپ مقابلوں میں اس کے مسلسل 34 میچز تک ناقابل شکست رہنے کا سلسلہ تھم گیا۔