ریٹائرمنٹ لے لو! بورڈ کے بااثر حلقے کا سعید اجمل پر دباؤ

8 1,030

سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کی جانچ کے دوران جو حیران کن انکشافات ہوئے ہیں، اس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کا ایک حلقہ سعید کو مشورہ دے رہا ہے کہ وہ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیں۔لیکن اس وقت دنیا کے نمبر ایک ون ڈے گیندباز نے کہا ہے کہ وہ کسی صورت کرکٹ کو خیرباد نہیں کہیں گے بلکہ اپنے باؤلنگ ایکشن کو قانونی قرار دلوانے کے بعد ہی کھیل کر خیرباد کہنے کا سوچیں گے۔

سعید اجمل کا باؤلنگ ایکشن غیر قانونی ثابت ہونے پر انہیں بین الاقوامی کرکٹ میں باؤلنگ سے روک دیا گیا ہے (تصویر: AFP)
سعید اجمل کا باؤلنگ ایکشن غیر قانونی ثابت ہونے پر انہیں بین الاقوامی کرکٹ میں باؤلنگ سے روک دیا گیا ہے (تصویر: AFP)

سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کو بہتر بنانےاور اسے قانونی دائرے کے اندر لانے کے لیے پی سی بی نے حال ہی میں ماضی کے معروف اسپن باؤلر اور موجود کوچ ثقلین مشتاق کی خدمات حاصل کی ہیں جو کل لاہور پہنچیں گے اور آئندہ چند ہفتوں تک سعید اجمل پر کام کریں گے۔ لیکن بورڈ کے چند اہم افراد کا کہنا ہے کہ ثقلین مشتاق کو بلانے کے باوجود سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کو بہتر بنانے کے امکانات بہت کم ہیں۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی منظرعام پر آنے والی رپورٹ کے مطابق گیند پھینکتے ہوئے سعید اجمل کی کہنی میں اوسط خم 42 درجے کا ہے جبکہ قوانین کے تحت انہیں 15 درجے سے زیادہ کے خم کی اجازت نہیں ہے۔ اتنے زیادہ خم کی وجہ سے بورڈ کے چند عہدیداران کو سعید اجمل کو دوبارہ کھیل پانے کی بالکل امید نہیں ہے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ ان کے باؤلنگ ایکشن کو قانونی دائرے میں لانے میں خاصا وقت لگے گا اور اگر وہ 15 درجے زاویے کے خم کے ساتھ باؤلنگ کرانے میں کامیاب بھی ہوگئے تو بے ضرر باؤلر بن کر رہ جائیں گے۔

دوسری جانب سعید اجمل نے بورڈ کے ان عہدیداران کو دو ٹوک الفاظ میں جواب دے دیا ہے کہ وہ ریٹائرمنٹ نہیں لیں گے۔جادوگر اسپنر سمجھتے ہیں کہ اگر انہوں نے میدان خالی چھوڑا تو ان کے پورے کیریئر پر سوالیہ نشان لگ جائے گا۔ ان کی حاصل کردہ وکٹوں اور کامیابیوں کو بے ایمانی و دھوکہ دہی کا نتیجہ سمجھا جائے گا اس لیے وہ کسی قیمت پر ریٹائرمنٹ نہیں لیں گے بلکہ خود کو کلیئر کروانے کے بعد ہی کرکٹ کو خیرباد کہنے پر غور کریں گے۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے باؤلنگ سے روک دیے جانے کے بعد سعید اجمل کے پاس دو ہفتے کے اندر فیصلے کے خلاف اپیل کا موقع تھا اور ابتدائی ردعمل کے بعد بورڈ نے معاملے کو ٹھنڈےدماغ کے ساتھ حل کرنے کی ٹھانی۔ بورڈ نے فیصلہ کیا کہ وہ آئی سی سی کے فیصلے کے خلاف اپیل نہیں کرے گا اور ثقلین مشتاق کی مدد سے سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کو قانونی حدود میں لانے کی کوشش کرے گا اور اس کے بعد آئی سی سی سے اپیل کی جائے گی کہ وہ سعید کے بایومکینکس ٹیسٹس دوبارہ لے۔ دوبارہ تجربات میں باؤلنگ ایکشن قانونی ثابت ہونے کی صورت میں ہی سعید اجمل ایک بار پھر بین الاقوامی کرکٹ کھیل پائیں گے۔