پھر جنوبی افریقہ؟ پاکستان کا دورہ طے ہوگیا

1 1,026

پاکستان کے ایک اور دورۂ جنوبی افریقہ کا معاملہ بالآخر طے پا ہی گیا۔ ایک روز قبل تک جس سیریز کی توقعات کا خاتمہ ہو گیا تھا آج اچانک ہی اس کا اعلان کر دیا گیا۔

پاکستاں رواں سال کے اوائل میں جنوبی افریقہ کا ناکام دورہ کر چکا ہے (تصویر: AFP)
پاکستاں رواں سال کے اوائل میں جنوبی افریقہ کا ناکام دورہ کر چکا ہے (تصویر: AFP)

سال میں اب تک جنوبی افریقہ کے خلاف دو سیریز کھیلنے کے بعد اب پاکستانی ٹیم ایک مرتبہ پھر پروٹیز کی سرزمین پر روانہ ہوگی۔ اس وقت دونوں ٹیمیں متحدہ عرب امارات میں آمنے سامنے ہیں اور ٹیسٹ سیریز مکمل ہونے کے بعد ایک روزہ مقابلوں کا مرحلہ جاری ہے۔ 15 نومبر کو اس سیریز کی تکمیل کے بعد دونوں ٹیمیں 20 نومبر سے دو ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے مقابلے کھیلیں گی۔

طے ہونے والی سیریز کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا مقابلہ 20 نومبر کو جوہانسبرگ میں پہلے ٹی ٹوئنٹی کی صورت میں ہوگا۔

دراصل جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان 3 ٹیسٹ، 7 ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی میچز کی طویل سیریز دونوں ممالک کے درمیان پیدا ہونے والے تنازع کے باعث محدود ہوچکی ہے اور اب صرف 2 ٹیسٹ اور 4 میچز کھیلے جائیں گے۔ اب 'فراغت' کے ان ایام کو کام میں لانے کے لیے، اور درحقیقت بھارت کے انکار سے ہونے والے مالی خسارے کو کم کرنے کے لیے، دونوں ممالک نے یہ سیریز طے کی ہے۔

پاکستان کو اگلے ماہ یعنی دسمبر میں متحدہ عرب امارات میں سری لنکا کے خلاف بھی مکمل سیریز کھیلنی ہے اور جاری سیریز کے اختتام کے بعد دس دن تک جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلنا اس پاک-لنکا سیریز کے لیے قومی کھلاڑیوں کی اچھی مشق ہوگی۔

پاک-جنوبی افریقہ محدود اوورز سیریز کا شیڈول

بتاریخ بمقام
جنوبی افریقہ بمقابلہ پاکستان پہلا ٹی ٹوئنٹی 20 نومبر جوہانسبرگ
جنوبی افریقہ بمقابلہ پاکستان دوسرا ٹی ٹوئنٹی 22 نومبر کیپ ٹاؤن
جنوبی افریقہ بمقابلہ پاکستان پہلا ایک روزہ 24 نومبر کیپ ٹاؤن
جنوبی افریقہ بمقابلہ پاکستان دوسرا ایک روزہ 27 نومبر پورٹ ایلزبتھ
جنوبی افریقہ بمقابلہ پاکستان تیسرا ایک روزہ 30 نومبر سنچورین