خوش خبری: پاکستان سپر لیگ متحدہ عرب امارات میں ہوگی

1 1,051

پاکستان کرکٹ بورڈ بھارت کے خلاف سیریز سے بھی زیادہ اہم ایونٹ 'پاکستان سپر لیگ' کے انعقاد کے حوالے ہونے والی تازہ پیشرفت پر بہت خوش ہوگا۔ یہ اہم ترین لیگ وہ جس مقام پر کھیلنا چاہتا تھا، طویل دوڑ دھوپ کے بعد بالآخر پاکستان کو وہی جگہ مل گئی ہے۔ جی ہاں! پاکستان سپر لیگ اب متحدہ عرب امارات کے انہی جانے پہچانے میدانوں پر ہوگی، جہاں پاکستان گزشتہ پانچ، چھ سالوں سے اپنے تمام بین الاقوامی مقابلے کھیلتا آ رہا ہے۔

اپنی نوعیت کے اس اولین ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان پھونک پھونک کر قدم رکھ رہا تھا لیکن 'اپنے ہی دوستوں سے ملاقات' اس وقت ہوئی جب امارات کرکٹ بورڈ نے کہا کہ وہ فروری میں پی ایس ایل کی میزبانی نہیں کر سکتا کیونکہ انہی ایام میں ماسٹرز چیمپئنز لیگ کے لیے اپنے میدان دے چکا ہے۔ ماضی کے عظیم کھلاڑیوں کی یہ لیگ دبئی، ابوظہبی اور شارجہ میں کھیلی جائے گی۔ یہ صاف جواب پانے کے بعد پاکستان نے نئے مقامات کی تلاش شروع کی اور بالآخر نظر انتخاب قطر کے دارالحکومت دوحہ پر ٹھیری۔ سب کچھ طے پا گیا بس حتمی معاہدے پر دستخظ باقی تھے کہ پاکستان اور امارات کے کرکٹ بورڈز کے مذاکرات کامیاب ہوگئے۔

اب جبکہ پاکستان سپر لیگ کا باضابطہ اجراء بھی ہوچکا ہے، لوگو کی رونمائی کی شاندار تقریب بھی ہوچکی ہے اب معاملات سنجیدہ مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں۔ دنیا بھر کے کھلاڑیوں کے خیرمقدمی پیغامات بھی ظاہر کررہے ہیں کہ درون خانہ معاملات بہترین انداز میں چل رہے ہیں۔ امید ہے کہ آئندہ چند روز میں متحدہ عرب امارات کی میزبانی بھی حتمی و فیصلہ کن صورت اختیار کرلے گی۔ ہمیں دوحہ کی محرومی کا دکھ ضرور ہے، لیکن لیگ کے تمام 24 مقابلوں ایک ہی میدان پر کھیلنا پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے کسی دردِ سر سے کم نہ ہوتا۔