راولپنڈی قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی میزبانی سے محروم

1 1,049

راولپنڈی کو اگلے ماہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی میزبانی سے محروم کر دیا گیا ہے اور ٹورنامنٹ کی نئی تاریخ اور مقام کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔

قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ پاکستان کا سب سے مقبول ٹورنامنٹ ہے، گزشتہ سال کراچی میں کھیلے گئے فائنل کا یہ منظر اس کی مقبولیت کا عکاس ہے
قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ پاکستان کا سب سے مقبول ٹورنامنٹ ہے، گزشتہ سال کراچی میں کھیلے گئے فائنل کا یہ منظر اس کی مقبولیت کا عکاس ہے

پاکستان کرکٹ بورڈ نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کو فی الوقت کسی بھی ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے غیر موزوں قرار دیا گیا ہے کیونکہ اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کا کام ابھی تک مکمل نہیں ہو سکا اس لیے اب ٹورنامنٹ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

علاوہ ازیں ٹورنامنٹ کی تاریخیں بھی آگے بڑھا دی گئی ہیں۔ ابتدائی شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ 16 ستمبر سے شروع ہونا تھا لیکن اب یہ 25 ستمبر سے شروع ہوگا۔

واضح رہے کہ فیصل بینک ٹی ٹوئنٹی سپر ایٹ کے فیصل آباد میں شاندار انعقاد کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا تھا اگلا ٹی ٹوئنٹی بھی کراچی و لاہور کے علاوہ کسی دوسرے شہر میں منعقد ہوگا اور بعد ازاں راولپنڈی کا انتخاب کیا گیا۔

تاخیر کا سبب پاکستان کا دورۂ زمبابوے بتایا گیا ہے تاکہ قومی کرکٹرز وہاں سے واپس آنے کے بعد اس ٹورنامنٹ میں شرکت کر سکیں۔

رواں سال کے ٹورنامنٹ کی خاص بات افغانستان کی ٹیم کی شمولیت ہے۔ یوں گزشتہ سال کی 13 ٹیموں کے مقابلے میں رواں سال 14 ٹیمیں شریک ہوں گی۔ ٹیموں کو 7،7 کے دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کے نام یہ ہوں گے: افغانستان، کراچی ڈولفنز، کراچی زیبراز، لاہور لائنز، لاہور ایگلز، سیالکوٹ اسٹالینز، اسلام آباد لیپرڈز، ایبٹ آباد فیلکنز، راولپنڈی ریمز، ملتان ٹائیگرز، کوئٹہ بیئرز، فیصل آباد وولفز، پشاور پینتھرز اور حیدرآباد ہاکس۔