شہریار خان پی سی بی کے نئے چیئرمین منتخب

3 1,015

پاکستان کرکٹ بورڈ نے "پرانے" شہریار خان کو "نیا" چیئرمین منتخب کرلیا ہے۔

پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کا خصوصی اجلاس سوموار کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی، لاہور میں منعقد ہوا جس کا مقصد نئے آئین کے تحت چیئرمین کا انتخاب کرنا تھا۔ عہدے کے لیے صرف ایک امیدوار شہریار خان نے ہی کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے، اس لیے انہیں بالاتفاق رائے سربراہ منتخب کرلیا گیا۔ پی سی بی کے اعلامیہ کے مطابق شہریار خان نے سہ پہر 4 بجے اپنا عہدہ سنبھالا۔

شہریار خان 2003ء سے 2006ء تک بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رہے ہیں (تصویر: Getty Images)
شہریار خان 2003ء سے 2006ء تک بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رہے ہیں (تصویر: Getty Images)

حال ہی میں نافذ کردہ نئے آئین کے تحت اب سے چیئرمین کا انتخاب 10 رکنی بورڈ آف گورنرز میں سے ہوگا جس میں ریجن اور ڈپارٹمنٹس کے چار، چار نمائندگان کے علاوہ کرکٹ بورڈ کے پیٹرن اور وزیراعظم پاکستان کے نامزد کردہ دو نمائندے مقابل ہوں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نے دو سابق چیئرمینوں نجم سیٹھی اور شہریار خان کو نامزد کیا تھا۔ نجم سیٹھی نے پہلے ہی اعلان کردیا تھا کہ وہ چیئرمین کے انتخاب میں حصہ نہیں لیں گے اور کاغذات نامزدگی جمع کروانے والے واحد امیدوار شہریان خان ہی بچے جنہیں پیر کی دوپہر بالاتفاق رائے نیا چیئرمین منتخب کیا گیا۔

عدالت نے چند ہفتے قبل نجم سیٹھی کو عہدے سے ہٹا ان کی جگہ جسٹس (ر) ثائر علی شاہ کو قائم مقام چیئرمین مقرر کرتے ہوئے انہیں ایک مہینے کے اندر اندر بورڈ میں انتخابات کی ذمہ داری سونپی تھی۔ اس کے ساتھ گزشتہ سال مئی سے اب تک ذکا اشرف اور نجم سیٹھی کے درمیان چیئرمین کے عہدے کے لیے جاری میوزیکل چیئرز کے کھیل کا بھی خاتمہ ہوا۔

شہریار خان ماضی میں بھی چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدے پر فائز رہے ہیں۔ 2003ء سے 2006ء تک چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے کے بعد انہوں نے استعفیٰ دے دیا تھا۔