پاکستان آٹھویں نمبر پر براجمان، چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کے امکانات مستحکم

2 1,047

سری لنکا کو اسی کے میدانوں میں شکست کا مزہ چکھانے والی پاکستان ٹیم ایک روزہ ٹیموں کی عالمی درجہ بندی میں آٹھویں نمبر پر آگئی ہے یوں اس کے چیمپیئز ٹرافی 2017ء میں شرکت کے امکانات مزید روشن ہوگئے ہیں۔ دوسری طرف شکست خوردہ سری لنکا کی ٹیم بدستور پانچویں نمبر پر موجود ہے تاہم وہ سیریز ہارنے کے باعث 3 پوائنٹس کھو چکی ہے۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری ہونے والی تازہ درجہ بندی میں پاکستان 90 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر جبکہ ویسٹ انڈیز 88 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر موجود ہے۔ اگر ویسٹ انڈیز ماہ ستمبر تک سرفہرست ٹیموں میں سے کسی ٹیم کو سیریز ہرانے میں کامیاب ہوا تو پاکستان کے لیے مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔ یاد رہے کہ ذرائع ابلاغ میں ویسٹ انڈیز اور بھارت کے درمیان سیریز طے پاجانے کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔

پانچ ایک روزہ مقابلوں کی سیریز میں 3-2 سے شاہینوں کی فتح کے بعد نہ صرف قومی ٹیم بلکہ کھلاڑیوں کی درجہ بندی بھی بہتر ہوئی ہے۔

سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنا کر بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے والے محمد حفیظ آئی سی سی بلے بازوں کے بہترین بلے بازوں کی فہرست میں 29ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ ان کے ساتھی بلے بازی احمد شہزاد پانچ درجہ ترقی کے بعد 30ویں اور کپتان اظہر علی آٹھ درجہ ترقی کے بعد 42 ویں مقام پر آگئے ہیں۔

 درجہ ملک پوائنٹس
 1 آسٹریلیا 129
 2 بھارت 115
 3 نیوزی لینڈ 112
 4 جنوبی افریقہ 109
 5 سری لنکا 103
 6 انگلستان 98
 7 بنگلہ دیش 96
 8 پاکستان 90
 9 ویسٹ انڈیز 88
 10 آئرلینڈ 50
 11 زمبابوے 43
 12 افغانستان 41