پاک-زمبابوے ایک روزہ سیریز، اظہر علی کے لیے بڑی آزمائش

0 1,027

شاہد آفریدی کی قیادت میں پاکستان نے بالآخر اپنی پہلی ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت ہی لی اور اس کے ساتھ ہی ایک نیا امتحان درپیش ہے۔ مصباح الحق کی جگہ پاکستان کی ایک روزہ قیادت سنبھالنے والے اظہر علی کی آزمائش شروع ہوا چاہتی ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف گزشتہ ایک روزہ سیریز کے تمام مقابلوں میں ناکامی کے بعد اب اظہر علی کے لیے ضروری ہے کہ وہ زمبابوے کے خلاف سیریز میں کلین سویپ کریں، ورنہ عالمی درجہ بندی میں مزید نیچے جانے کے لیے تیار ہوجائیں۔

ایک روزہ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں اس وقت پاکستان نویں نمبر پر ہے، یعنی بنگلہ دیش سے بھی پیچھے، جس نے ابھی گزشتہ سیریز میں پاکستان کو بری طرح شکست دی۔ پاکستان کے پوائنٹس کی تعداد اس وقت 87 ہے جبکہ زمبابوے گیارہویں نمبر پر ہے۔ دونوں کے مابین 42 پوائنٹس کا فاصلہ ہے اس لیے اگر پاکستان کو شکست کی صورت میں بڑا بھاری نقصان ہوسکتا ہے۔

اگر پاکستان تینوں ایک روزہ مقابلوں میں زمبابوے کو ہراتا ہے تو اس پر بھی اسے ایک پوائنٹ تک نہیں ملے گا اور وہ 87 کے ساتھ بدستور نویں نمبر پر رہے گا جبکہ ایک مقابلے میں شکست لیکن سیریز میں دو-ایک سے کامیابی اسے 85 پوائنٹس تک لے آئی گی اور اگر زمبابوے دو-ایک سے جیت گیا تو پاکستان 83 پوائنٹس پر چلا جائے گا۔

اگر یہ کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا کہ نہ صرف زمبابوے بلکہ آئندہ ایک روزہ سیریز میں بھی پاکستان کے پاس کوئی گنجائش نہیں۔ اگر پاکستان چیمپئنز ٹرافی 2017ء کھیلنا چاہتا ہے تو اسے لازمی رواں سال 30 ستمبر تک سرفہرست 8 ٹیموں میں جگہ پانی ہوگی بصورت دیگر وہ چیمپئنز ٹرافی نہیں کھیل پائے گا۔

پاک-زمبابوے ایک روزہ سیریز کل یعنی 26 مئی سے شروع ہو رہی ہے جس کے آئندہ مقابلے 29 اور 31 مئی کو لاہور ہی میں کھیلے جائیں گے۔