سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستانی دستے کا اعلان

2 1,175

پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے دستے کا اعلان کر دیا ہے ۔ جس میں حیران کن طور پر دورۂ زمبابوے میں ناقص کارکردگی کے باعث عمر اکمل اور سہیل تنویر کو تو ٹیم سے باہر کر دیا گیا ہے لیکن شعیب ملک اور عمران فرحت کو برقرار رکھا گیا ہے۔

دورۂ زمبابوے میں ناقص کارکردگی کے باوجود شعیب ملک کو ٹیم میں برقرار رکھا گیا ہے (تصویر: AP)
دورۂ زمبابوے میں ناقص کارکردگی کے باوجود شعیب ملک کو ٹیم میں برقرار رکھا گیا ہے (تصویر: AP)

اتوار کو کراچی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں رواں ماہ متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والی 'ہوم سیریز' کے ٹیسٹ مرحلے کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب پر غور کیا گیا۔

چیف سلیکٹر محسن حسن خان نے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تجربہ کار و نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ایک متوازن دستہ تشکیل دیا گیا ہے۔ ٹیم میں نئے گیند سے باؤلنگ کرنے والے باؤلر کی کمی ہے لیکن جنید خان اس کمی کو پورا کریں گے۔ انہوں نے عمر اکمل کو باہر کرنے کی وجہ ان کی ناقص کارکردگی بتایا۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا ایک مشکل حریف ہے لیکن توقع ظاہر کی کہ قومی ٹیم اچھی کارکردگی دکھائے گی۔

پاکستان نے دورۂ زمبابوے میں اپنے دو اہم گیند بازوں عمر گل اور وہاب ریاض کو آرام کا موقع دیا تھا اور اب سری لنکا کے خلاف انہیں بھی واپس طلب کر لیا گیا ہے جبکہ اسپن گیند بازی میں سعید اجمل کا ساتھ دینے کے لیے عبد الرحمن کو شامل کیا گیا ہے۔

اعلان کردہ 15 رکنی دستے میں اوپنر عمران فرحت اور آل راؤنڈر شعیب ملک بدستور موجود ہیں جبکہ زمبابوے میں عمدہ گیند بازی کرنے والے اعزاز چیمہ بھی دستے میں شامل ہیں اور وکٹ کیپر کے لیے ایک مرتبہ پھر عدنان اکمل پر اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے۔

دستے سے باہر کیے گئے عمر اکمل، رمیز راجہ، سہیل تنویر اور سہیل خان تینوں کو ہانگ کانگ سپر سکسز کے لیے اعلان کردہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز 18 اکتوبر سے ابوظہبی میں پہلے ٹیسٹ سے ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 26 اکتوبر سے دبئی اور تیسرا 3 نومبر سے شارجہ میں ہوگا۔

اس کے بعد قومی کرکٹ ٹیم 5 ایک روزہ اور واحد ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لے گی جس کے لیے ٹیم کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

15 رکنی دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا:

مصباح الحق (کپتان)، اسد شفیق، اظہر علی، اعزاز چیمہ، تنویر احمد، توفیق عمر، جنید خان، ریزرو سرفراز احمد، سعید اجمل، شعیب ملک، عبد الرحمن، عدنان اکمل، عمر گل، عمران فرحت، محمد حفیظ، محمد طلحہ، وہاب ریاض، یاسر شاہ اور یونس خان۔

چار کھلاڑیوں کو اسٹینڈ بائی کے طور پر رکھا گیا ہے جن میں تنویر احمد، محمد طلحہ، سرفراز احمد اور یاسر شاہ شامل ہیں۔

علاوہ ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہانگ کانگ سپر سکسز کے لیے بھی 7 رکنی دستے کا اعلان کیا ہے جس کی قیادت آل راؤنڈر عبد الرزاق کریں گے۔ مکمل دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

عبد الرزاق (کپتان)، سہیل تنویر، عمر اکمل، رمیز راجہ جونیئر، حماد اعظم، شرجیل خان اور یاسر شاہ۔

پاک سری لنکا سیریز 2011ء - مکمل شیڈول

تاریخ مقام
18 تا 22 اکتوبر پہلا ٹیسٹ بمقابلہ ابوظہبی
26 تا 30 اکتوبر دوسرا ٹیسٹ بمقابلہ دبئی
3 تا 7 نومبر تیسرا ٹیسٹ بمقابلہ شارجہ
11 نومبر پہلا ایک روزہ بمقابلہ دبئی
14 نومبر دوسرا ایک روزہ بمقابلہ دبئی
18 نومبر تیسرا ایک روزہ بمقابلہ دبئی
20 نومبر چوتھا ایک روزہ بمقابلہ شارجہ
23 نومبر پانچواں ایک روزہ بمقابلہ ابوظہبی
25 نومبر واحد ٹی ٹوئنٹی بمقابلہ ابوظہبی