پاک-نیوزی لینڈ شارجہ ٹیسٹ، دوسرے دن کا کھیل موخر

آسٹریلیا کے اوپنر فلپ ہیوز کی جوان موت نے دنیائے کرکٹ کو سخت صدمہ پہنچایا ہے اور یہی وجہ ہے کہ پاک-نیوزی لینڈ شارجہ ٹیسٹ کے دوسرے دن کا کھیل موخر کردیا گیا ہے۔

فلپ ہیوز منگل کو شیفیلڈ شیلڈ کے ایک مقابلے کے دوران حریف گیندباز شان ایبٹ کا ایک باؤنسر سر پر لگنے کے بعد زخمی ہوگئے تھے۔ وہ میدان ہی میں ایسے بے ہوش ہوئے کہ دو دن بعد ہسپتال میں انتقال تک ان میں زندگی کی کوئی رمق نہیں دکھائی دی۔ جب ان کی موت کی خبر شارجہ پہنچی تو شارجہ ٹیسٹ کے دوسرے دن کا کھیل شروع ہونے میں ڈیڑھ گھنٹہ باقی تھا۔ پھر پاکستان اور نیوزی لینڈ کے کرکٹ بورڈز نے مشترکہ طور پر فیصلہ کیا کہ وہ کھلاڑیوں کو میدان میں نہیں اتاریں گے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے مینیجر معین خان نے کہا کہ ٹیم فلپ ہیوز کی موت کی خبر پر صدمے میں ہے۔ وہ ابھی چند ہفتے پہلے ہی پاکستان کے خلاف انہی میدانوں پر کھیلے تھے۔ اس لیے کھلاڑی آج میدان میں نہیں اتریں گے۔
اب شارجہ ٹیسٹ کے دوسرے دن کا کھیل کل یعنی جمعے کو کھیلا جائے گا اور 30 نومبر کے بجائے یکم دسمبر ٹیسٹ کا آخری دن ہوگا۔