پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز، نیوزی لینڈ کے دستے کا اعلان

0 1,043

بیرون ملک دوروں میں ناکامی کے بعد بالآخر پاکستان کو ایک مرتبہ پھر میزبانی ہاتھ آ گئی ہے اور اسے آئندہ دو تین مہینے ان ممالک کے خلاف بھرپور کرکٹ کھیلنی ہے، جو اگلے سال عالمی کپ کے میزبان ہوں گے یعنی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ۔ آسٹریلیا نے تو چند ہفتے پہلے ہی پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے دستے کا اعلان کردیا تھا البتہ اب نیوزی لینڈ نے بھی ٹیسٹ کے لیے ایک بھرپور اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں ڈوگ بریسویل عرصے بعد واپس آئے ہیں۔

ڈوگ بریسویل ایک سال کے بعد قومی ٹیم کی نمائندگی کريں گے (تصویر: AP)
ڈوگ بریسویل ایک سال کے بعد قومی ٹیم کی نمائندگی کريں گے (تصویر: AP)

رواں سال ویسٹ انڈیز کے خلاف شاندار فتوحات سمیٹنے والے نیوزی لینڈ دستے میں صرف ایک تبدیلی کی گئی ہے۔ ناکام اوپنر پیٹر فلٹن کی جگہ بریسویل کو جگہ دی گئی ہے جو ایک سال سے قومی ٹیم میں نہیں کھیل پائے۔ بریسویل کو رواں سال مرکزی معاہدے سے بھی محروم ہونا پڑا تھا البتہ وہ جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ کوچ مائیک ہیسن کہتے ہیں کہ نیوزی لینڈ 'اے' کی جانب سے کھیلتے ہوئے بریسویل نےاچھی کارکردگی دکھائی اور متحدہ عرب امارات کے گرم موسم میں ہمیں ان کے تجربے کی ضرورت ہے۔ متحدہ عرب امارات میں اسپنرز کے لیے ممکنہ طور پر مددگار حالات کو دیکھتے ہوئے ایش سودھی اور مارک کریگ کی اہمیت بھی دوچند ہوگئی ہے اور ٹیم کو کریگ سے بالخصوص بہت امیدیں وابستہ ہیں۔

پاک-نیوزی لینڈ ٹیسٹ سیریز کا پہلا مقابلہ 9 نومبر سے ابوظہبی میں کھیلا جائے گا جس کےبعد ودنوں ٹیمیں دبئی اور شارجہ میں دو ٹیسٹ میچز کھیلیں گی۔ دو ٹی ٹوئنٹی اور پانچ ایک روزہ مقابلے اس کے بعد منعقد ہوں گے۔

نیوزی لینڈ گزشتہ 30 سالوں سے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز نہیں جیت پایا بلکہ مجموعی طور پر کھیلی گئی 19 باہمی ٹیسٹ سیریز میں سے صرف دو میں فتوحات حاصل کی ہیں۔

اعلان کردہ دستہ:

برینڈن میک کولم (کپتان)، ایش سودھی،بریڈلے-جان واٹلنگ، ٹام لیتھم، ٹرینٹ بولٹ، ٹم ساؤتھی، جمی نیشام، ڈوگ بریسویل، روز ٹیلر، کوری اینڈرسن، کین ولیم سن، لیوک رونکی، مارک کریگ، نیل ویگنر اور ہمیش ردرفرڈ۔