زخمی احمد شہزاد کی وطن واپسی، ٹیسٹ سیریز سے باہر

2 1,053

پاکستان کے اوپنر احمد شہزاد سر پر لگنے والی چوٹ کے بعد صحت کی بحالی اور آرام کی خاطر فوری طور پر وطن واپس آ رہے ہیں، یوں ممکنہ طور پر ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔

احمد شہزاد 176 رنز کی کیریئر کی بہترین اننگز کھیلنے کے بعد سر پر باؤنسر کھا بیٹھے اور ہٹ وکٹ آؤٹ ہونے کے ساتھ ساتھ سیریز سے بھی باہر ہوگئے (تصویر: Getty Images)
احمد شہزاد 176 رنز کی کیریئر کی بہترین اننگز کھیلنے کے بعد سر پر باؤنسر کھا بیٹھے اور ہٹ وکٹ آؤٹ ہونے کے ساتھ ساتھ سیریز سے بھی باہر ہوگئے (تصویر: Getty Images)

نیوزی لینڈ کے خلاف ابوظہبی میں جاری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 176 رنز بنانے کے بعد حریف باؤلر کوری اینڈرسن کی ایک اٹھتی ہوئی گیند ان کی دائیں کنپٹی پر لگی تھی۔ ضرب اتنی شدید تھی کہ ہیلمٹ پہننے کے باوجود احمد شہزاد فوری طور پر گر پڑے، بلّا وکٹوں پر جا لگنے سے وہ ہٹ وکٹ آؤٹ بھی ہوگئے، اور بعد ازاں انہیں شدید تکلیف کے عالم میں میدان سے باہر لایا گیا۔ ابتدائی سی ٹی اسکین کے مطابق کھوپڑی کی ایک نچلی ہڈی میں معمولی سا فریکچر ہے جس کی وجہ سے احمد شہزاد کو اگلے تین ہفتوں کے لیے کھیلنے سے روک دیا گیا ہے۔

ٹیم مینیجر معین خان کہتے ہیں کہ "کم از کم تین ہفتے کے لیے کھیل سے باہر ہونے کی وجہ سے احمد شہزاد اب ٹیسٹ نہیں کھیل سکتے اس لیے آرام اور بحالی کے لیے انہیں وطن واپس بھیجا جا رہا ہے۔" وطن واپسی پر پرواز کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کے سینئر جنرل مینیجر اسپورٹس میڈیسن ڈاکٹر سہیل سلیم ان کے ہمراہ ہوں گے۔

احمد شہزاد کی عدم موجودگی میں محمد حفیظ کے ساتھ دوسری اننگز کا آغاز اظہر علی کررہے ہیں اور تیسرے روز کے اختتام پر پاکستان 319 رنز کی شاندار برتری کے ساتھ میچ میں بالادست مقام پر موجود ہے۔