دورۂ آئرلینڈ؛ شاہد آفریدی قیادت سے محروم؟

5 1,041

پاکستان کے محدود اوررز کے دستے کے قائد شاہد آفریدی کو آئرلینڈ کے دورے کے لیے ٹیم سے خارج کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے جس کی وجہ کوئی اور نہیں بلکہ خود شاہد آفریدی کے اپنے ہی بیانات ہیں۔

ویسٹ انڈیز میں ایک روزہ دستے کی قیادت کے بعد وطن واپس پہنچنے پر شاہد آفریدی کی جانب سے چند ایسے بیانات سامنے آئے ہیں جن سے ٹیم انتظامیہ کے درمیان تنازعات کی بو آ رہی ہے اور کرکٹ کے حلقوں میں ویسٹ انڈیز کے خلاف آخری دو ایک روزہ مقابلوں میں شکست کا سبب بھی انہی تنازعات کو قرار دیا جا رہا ہے۔

ٹور رپورٹ تک معاملے کو ٹالنا ظاہر کرتا ہے کہ شاہد آئرلینڈ میں ٹیم کی قیادت نہیں کر پائیں گے

گو کہ اپنے بیان میں شاہد آفریدی نے انتظامیہ کے کسی رکن کا نام نہ لیتے ہوئے تنقید کی، تاہم صاف ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ٹیم کے کوچ وقار یونس کے ٹیم سلیکشن میں ادا کیے جانے والے کردار پر چراغ پا تھے۔ ٹیم کا کپتان اور کوچ ٹور سلیکشن کمیٹی کا لازمی جزو سمجھے جاتے ہیں اور ان کے درمیان اختلافات ٹیم پر انتہائی منفی اثرات مرتب کرتے ہیں۔

ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شاہد آفریدی کے جارحانہ اندازِ کھیل سے مشابہ جذباتی بیان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو مشتعل کر دیا ہے جس کے بعد انہیں بورڈ کی جانب سے نوٹس بھی جاری کیا گیا۔

بورڈ کی جانب سے جواب طلب کیے جانے کے بعد شاہد آفریدی نے اپنے بیان کی وضاحت تو کی لیکن بورڈ حکام کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے۔ نیز بورڈ یا کسی دوسرے انتظامی رکن کی جانب سے اس معاملہ کے بارے میں خاموش اختیار کیے رکھنا بھی تشویش کا باعث ہے۔ شاہد آفریدی کو ماضی میں بھی ذرائع ابلاغ میں دیے جانے والے بیانات کی وجہ سے بارہا تنبیہ کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

علاوہ ازیں بورڈ کی جانب سے اس معاملہ کو ٹور رپورٹ سے مشروط کرنا اس خیال کو تقویت پہنچا رہا ہے کہ شاہد آفریدی کو بیانات کی پاداش میں قیادت سے ہاتھ دھونے پڑ سکتے ہیں۔

پاکستانی ٹیم ویسٹ کا دورہ مکمل کرنے کے بعد آئرلینڈ پہنچے گی جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف رواں ماہ کے آخر میں دو ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے گی۔ قوی امکان ہے کہ آفریدی کو کپتانی سے ہٹائے جانے اور انہیں طلب کیے جانے کے بعد آئرلینڈ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت مصباح الحق کے سپرد کردی جائے جو ویسٹ انڈیز کے خلاف شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں بھی قیادت کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

معاملے کو ٹور رپورٹ پر ٹالنا ان افواہوں کو حقیقت کا روپ دے رہا ہے کہ شاہد آفریدی آئرلینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت نہیں کر سکیں۔