مائیکل کلارک زخمی، پاک-آسٹریلیا ایک روزہ سیریز سے باہر ہوگئے

1 1,016

عالمی کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں پہلے ہی قدم پر آسٹریلیا کو اپنے کپتان مائیکل کلارک سے محرومی کا صدمہ برداشت کرنا پڑرہا ہے جو اپنی بائیں ران کی تکلیف کی وجہ سے پاکستان کے خلاف آئندہ ایک روزہ سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔

مائیکل کلارک کی خواہش ہوگی کہ وہ عالمی کپ سے پہلے خود کو صد فی صد فٹ کرسکیں، بصورت دیگر ان کا عالمی کپ کھیلنے کا خواب بھی چکناچور ہوسکتا ہے (تصویر: BCCI)
مائیکل کلارک کی خواہش ہوگی کہ وہ عالمی کپ سے پہلے خود کو صد فی صد فٹ کرسکیں، بصورت دیگر ان کا عالمی کپ کھیلنے کا خواب بھی چکناچور ہوسکتا ہے (تصویر: BCCI)

حالیہ دورۂ زمبابوے میں سہ فریقی سیریز سے پہلے ہی کلارک نے ران میں تکلیف کی شکایت کی تھی اور اسی وجہ سے چند مقابلوں میں شریک بھی نہیں ہوئے یہاں تک کہ زمبابوے کے خلاف ایک روزہ مقابلے میں شرکت کی جس میں نہ صرف آسٹریلیا کو تاریخی شکست کا سامناکرنا پڑا بلکہ کلارک کی انجری بھی شدت اختیار کرگئی۔ وہ میچ کے دوران ہی ریٹائرڈ ہرٹ ہوئےاور پھر آخری دو گیندیں کھیلنے کے لیے میدان میں آئے اور اختتام کے بعد وطن واپس روانہ ہوگئے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے فزیوتھراپسٹ ایلکس کونٹورس نے کہا کہ آسٹریلیا واپسی کے بعد مائیکل کلارک کی انجری کا جائزہ لیا گیا جس کے بعد ظاہر ہوا ہے کہ ہمسٹرنگ کو خاصا نقصان پہنچا ہے۔ جس کی وجہ سے پاکستان کے خلاف ایک روزہ سیریز سے قبل صحت یاب نہیں ہو پائیں گے۔ گو کہ مائیکل کلارک کی دو ٹیسٹ مقابلوں کے لیے دستیابی کی فی الحال تصدیق نہیں ہوسکی لیکن فزیو نے امید ظاہر کی کہ وہ اس وقت تک فٹ ہوجائیں گے۔

عالمی کپ 2015ء اگلے سال فروری و مارچ میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلا جائے گا جس کے لیے آسٹریلیا کی تیاریاں زوروشور سے جاری ہیں۔ حالیہ دورۂ زمبابوے میں سہ فریقی سیریز اور اب پاکستان کے خلاف کھیلنا اسی تیاریوں کا حصہ ہے۔ پاک-آسٹریلیا ایک روزہ سیریز 7 اکتوبر سے شروع ہوگی جبکہ ٹیسٹ مرحلے کا آغاز 22 اکتوبر سے ہوگا۔