نیوزی لینڈ نے زمبابوے کو چت کر کے سیریز جیت لی

0 1,031

نیوزی لینڈ نے زمبابوے کو 141 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ایک روزہ سیریز با آسانی جیت لی۔ جس کی خاص بات 28 سالہ اوپنر راب نکول کی 146 رنز کی زبردست اننگز تھی جو 6 چھکوں اور 10 چوکوں سے مزین تھی جس کی بدولت نیوزی لینڈ نے اپنی تاریخ کے بڑے مجموعوں میں سے ایک اکٹھا کیا۔ بیرون ملک زمبابوے کی بدترین کارکردگی کا تسلسل جاری رہا جس کے نہ صرف گیند باز بلکہ بلے باز بھی مکمل طور پر ناکام رہے اور نیوزی لینڈ کی جارحانہ حکمت عملی نے اسے مسلسل دیوار کے ساتھ ہی لگائے رکھا۔

کوب ہیم اوول، وانگھیری میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ مقابلے میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو بلے بازی کی دعوت دی لیکن پہلی وکٹ پر نکول اور مارٹن گپٹل کے درمیان 131 رنز کی شراکت داری نے برینڈن ٹیلر کے اس فیصلےکو غلط ثابت کر دیا۔ 33 ویں اوور میں جب نیوزی لینڈ کا اسکور 208 رنز تک پہنچ چکا تھا تو اس کی ایک وکٹ ہی ضایع ہوئی تھی اور آنے والے شعلہ فشاں بلے بازوں خصوصاً برینڈن میک کولم کے ہوتے ہوئے توقع کی جا رہی تھی کہ نیوزی لینڈ بہت بڑا اسکور کرے گا لیکن میک کولم کی محض 20 رنز پر روانگی نے اس مقصد کو دھچکا پہنچایا۔ اس لیے تمام تر ذمہ داری نکول نے اپنے کاندھوں پر لی اور 49 ویں اوور تک ان کا بلا رنز تیزی سے اگلتا رہا اور بالآخر 146 رنز پر ان کی اننگز تمام ہوئی۔ انہوں نے صرف 134 گیندوں کا سامنا کیا جبکہ آخر میں ٹام لیتھم کے 28 گیندوں پر 48 رنز نے ان کے کام کو کافی آسان کیا اور 50 اوورز کی تکمیل پر نیوزی لینڈ کا اسکور 6 وکٹوں پر 372 پر پہنچ چکا تھا۔

راب نکول کو کیریئر کی عمدہ ترین اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا (تصویر: Getty Images)
راب نکول کو کیریئر کی عمدہ ترین اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا (تصویر: Getty Images)

زمبابوے کی جانب سے پراسپر اتسیا نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شنگی ماساکازا، رے پرائس اور ہملٹن ماساکازا کو ایک، ایک وکٹ ملی۔

جواب میں زمبابوین اوپنرز کی ناکامی کا سلسلہ بدستور جاری رہا جو 12 کے مجموعے تک آؤٹ ہو چکے تھے لیکن زمبابوے کو بڑا نقصان ان فارم کپتان برینڈن ٹیلر کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 17 کے مجموعی اسکور پر 4 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ فتح کی جانب پیشقدمی کا تصور باؤلرز کی ناقص کارکردگی کے ساتھ ہی ختم ہو چکا تھا، اس لیے آنے والے بلے بازوں نے بس ایک بہتر مجموعے کے حصول اور شکست کے مارجن کو کم سے کم کرنے کی جدوجہد کی۔ اس دوران سابق کپتان ٹاٹنڈا ٹائبو کے 50 اور ایلٹن چگمبورا کے 63 رنز قابل ذکر رہے جبکہ شنگی ماساکازا نے آخر میں 2 چھکوں اور 3 چوکوں سے مزین 38 رنز کی اننگز کھیلی۔ مقررہ 50 اوورز کے اختتام تک زمبابوے 8 وکٹوں کے نقصان پر 231 رنز پر ہی پہنچ پایا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں جیکب اورم نے حاصل کیں جنہوں نے 10 اوورز میں صرف 29 رنز دے کر 3 وکٹیں سمیٹیں جبکہ دو وکٹیں کائل ملز اور ایک، ایک وکٹ ٹم ساؤتھی، راب نکول اور کین ولیم سن کو ملی۔

راب نکول کو عمدہ سنچری اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دونوں ٹیمیں اب 9 فروری کو نیپئر میں آخری ایک روزہ مقابلے میں آمنے سامنے ہوں گی جہاں زمبابوے کو وائٹ واش کی ہزیمت سے بچنے کے لیے میچ جیتنے کی ضرورت ہوگی۔

اسکور کارڈ کچھ دیر میں ملاحظہ کریں